بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 57. Al-Hadid · Ayah 21
سَابِقُوْۤا اِلٰى مَغْفِرَةٍ مِّنْ رَّبِّكُمْ وَ جَنَّةٍ عَرْضُهَا كَعَرْضِ السَّمَآءِ وَ الْاَرْضِ١ۙ اُعِدَّتْ لِلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا بِاللّٰهِ وَ رُسُلِهٖ١ؕ ذٰلِكَ فَضْلُ اللّٰهِ یُؤْتِیْهِ مَنْ یَّشَآءُ١ؕ وَ اللّٰهُ ذُو الْفَضْلِ الْعَظِیْمِ﴿21﴾
- سَابِقُوْٓاایک دوسرے سے آگے بڑھو
- اِلٰى مَغْفِرَةٍبخشش کی طرف
- مِّنْ رَّبِّكُمْاپنے رب کی طرف سے
- وَجَنَّةٍاور جنت کی طرف
- عَرْضُهَااس کی وسعت۔ چوڑائی
- كَعَرْضِ السَّمَآءِآسمان کے عرض کی طرح ہے۔ وسعت کی طرح ہے
- وَالْاَرْضِ ۙاور زمین کے
- اُعِدَّتْتیار کی گئی ہے
- لِلَّذِيْنَ اٰمَنُوْاان لوگوں کے لیے جو ایمان لائے
- بِاللّٰهِاللہ پر
- وَرُسُلِهٖ ۭاور اس کے رسولوں پر
- ذٰلِكَ فَضْلُ اللّٰهِیہ اللہ کا فضل ہے
- يُؤْتِيْهِوہ عطا کرتا ہے اسے
- مَنْ يَّشَآءُ ۭجس کو وہ چاہتا ہے
- وَاللّٰهُاور اللہ
- ذُو الْفَضْلِ الْعَظِيْمِبڑے فضل والا ہے
لغات القرآن : لعب۔ کھیل کود۔ لھو۔ کھیل تماشا۔ تفاخر۔ آپس میں فخر کرنا۔ اپنی بڑائیاں کرنا۔ تکاثر۔ ایک دوسرے سے کثرت میں آگے بڑھنا۔ غیث۔ بارش۔ یھیج۔ زور پکڑتا ہے۔ مصفر۔ زرد۔ حطام۔ چورہ چورہ۔
تشریح : فرمایا کہ اگر غور کیا جائے تو آدمی کی زندگی کے انقلابات اور تبدیلیاں اس بات کی گواہ ہیں کہ اس دنیا میں اس کا قیام عارضی اور وقتی ہے اس کی کسی حالت کو بھی قرار نہیں ہے۔ ہر چیز فنا ہوتی رہتی ہے کسی چیز اور کسی حالت کو ہمیشگی حاصل نہیں ہے مثلاً آدمی بچپن میں ایسی بےمقصد، فضول اور بیکار چیزوں سے کھیلتا ہے کہ جوانی میں قدم رکھتے ہی اس کو اندازہ ہوجاتا ہے کہ بچپن میں اس کی باتیں کس قدر بےربط اور اس کے کام کیسے مضحکہ خیز تھے جن چیزوں کو وہ اہمیت دیتا تھا اور جن کھلونوں سے وہ کھیلتا تھا جوانی میں اس کے لئے بےحقیقیت ہو کر رہ جاتے ہیں۔ جب بڑھاپا آتا ہے تو جوانی کی غلطیوں کو یاد کرکے ہنستا ہے یا شرمندہ ہوتا ہے اور بڑھاپے کی عمر میں سوائے آپس کے فخر یہ قصے یا کہانیوں کے یا اپنی اولاد کی کثرت، مال و دولت کے اعداد و شمار کے اور کچھ بھی نہیں رہتا مرنے سے پہلے اسے اس بات کا شدت سے احساس پیدا ہوجاتا ہے کہ وہ زندگی بھر جن چیزوں کو مال و دولت کو اور اولاد کو بڑی اہمیت دیتا تھا ان کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ اسی لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ زندگی بھر سائے کے پیچھے بھاگنے اور دوڑنے والو ! اگر دوڑنا ہے تو اس جنت کی طرف دوڑو جو اتنی وسیع ہے اور اس کا پھیلائو اتنا زبردست ہے کہ ساتوں آسمان اور زمین بھی اس میں سما جائیں گے۔ اور پھر وہاں کی ہر نعمت ہمیشہ کے لئے ہے۔ آدمی وہاں ہمیشہ جوان رہے گا۔ ہر خوشی کو دوام ملے گا وہ جو چاہے گا اس کو وہاں عطا کیا جائے گا۔ زندگی بھر وہ جس سکون کے لئے بےچین رہتا تھا وہ صرف جنت ہی میں نصیب ہوگا۔ فرمایا کہ دنیا کی زندگی کی مثال تو ایسی ہے جیسے آسمان سے بارش برسنے کے بعد اس نباتات اگتی ہیں ہر طرف سرسبزی و شادابی پھیل جاتی ہے وہ کاشتکار جس نے محنت کرکے زمین میں دانا ڈالا تھا جب وہ دانہ ابھر کر پودا یا درخت بن جاتا ہے تو اس کی خوشی کا ٹھکانا نہیں رہتا لیکن جہاں گرم ہوائیں چلیں اور پودوں کی پتیاں خشک ہو کر چورہ چورہ ہوئیں تو سرسبزی و شادابی ختم ہو کر رہ جاتی ہے اور اپنا وجود کھو بیٹھتی ہے۔ اسی طرح آدمی کا حال ہے کہ وہ ابھرتا ہے، خوبصورت اور حسین نظر آتا ہے جب جوانی گذر کر بڑھاپا آتا ہے تو وہی خوبصورتیاں جو اس کو مدہوش اور مست کردیتی تھیں اب ان میں کوئی ایسی دلچسپی نہیں رہتی بلکہ اس کی زندگی کی یہ ویرانی اس کو شدید الجھن میں ڈالے رکھتی ہے۔ اسی لئے اللہ نے فرمایا دنیا کی زندگی سوائے فریب نظر کے اور کیا ہے ؟ آخرت میں انسان کے لئے دو چیزیں ہوں گی (1) شدید ترین عذاب (2) یا اللہ کی رضا و مغفرت۔ بد نصیب کفار و مشرکین کو شدید عذاب دیا جائے گا اور صالح اہل ایمان لوگوں کو جنت کی راحتوں کے ساتھ ساتھ اللہ کی رضا اور اس کی مغفرت بھی نصیب ہوگی۔ اہل ایمان سے فرمایا جا رہا ہے کہ وہ جنت کی طلب میں ایک دوسرے سے آگے بڑھ جائیں تاکہ ان کو سکون نصیب ہو۔ لیکن یہ جب ہی نصیب ہوگا جب اللہ اور اس کے رسول کی مکمل اطاعت و فرماں برداری کی جائے گی۔ وہ جنتیں اتنی عظیم اور وسیع ہوں گی کہ ساتوں آسمان اور زمین بھی اس میں سما جائیں تب بھی کوئی فرق نہ پڑے گا۔ یہ اللہ کا فضل و کرم جس پر بھی ہوجائے وہی خوش نصیب ہے اور اللہ تو اپنے بندوں پر فضل و کرم ہی کرتا ہے۔