IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 57. Al-Hadid · Ayah 25

  1. لَقَدْ اَرْسَلْنَا رُسُلَنَا بِالْبَیِّنٰتِ وَ اَنْزَلْنَا مَعَهُمُ الْكِتٰبَ وَ الْمِیْزَانَ لِیَقُوْمَ النَّاسُ بِالْقِسْطِ١ۚ وَ اَنْزَلْنَا الْحَدِیْدَ فِیْهِ بَاْسٌ شَدِیْدٌ وَّ مَنَافِعُ لِلنَّاسِ وَ لِیَعْلَمَ اللّٰهُ مَنْ یَّنْصُرُهٗ وَ رُسُلَهٗ بِالْغَیْبِ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ قَوِیٌّ عَزِیْزٌ۠﴿25﴾

    1. لَقَدْ اَرْسَلْنَاالبتہ تحقیق بھیجا ہم نے
    2. رُسُلَنَااپنے رسولوں کو
    3. بِالْبَيِّنٰتِساتھ روشن نشانیوں کے
    4. وَاَنْزَلْنَااور اتارا ہم نے
    5. مَعَهُمُ الْكِتٰبَان کے ساتھ کتاب کو
    6. وَالْمِيْزَانَاور میزان کو
    7. لِيَقُوْمَ النَّاسُتاکہ قائم ہوں لوگ
    8. بِالْقِسْطِ ۚانصاف پر
    9. وَاَنْزَلْنَااور اتارا ہم نے
    10. الْحَدِيْدَلوہا
    11. فِيْهِ بَاْسٌاس میں زور ہے
    12. شَدِيْدٌسخت
    13. وَّمَنَافِعُاور فائدے ہیں
    14. لِلنَّاسِلوگوں کے لیے
    15. وَلِيَعْلَمَ اللّٰهُاور تاکہ جان لے اللہ
    16. مَنْ يَّنْصُرُهٗکون مدد کرتا ہے اس کی
    17. وَرُسُلَهٗاور اس کے رسولوں کی
    18. بِالْغَيْبِ ۭساتھ غیب کے
    19. اِنَّ اللّٰهَبیشک اللہ تعالیٰ
    20. قَوِيٌّ عَزِيْزٌقوت والا ہے، زبردست ہے
Translation · Baseerat-e-Quran
بیشک ہم نے اپنے رسولوں کو کھلی اور واضح نشانیوں کے ساتھ بھیجا ہے۔ ہم نے ان کے ساتھ کتاب اور میزان (طریقہ عدل و انصاف) کو نازل کیا ہے تاکہ وہ لوگوں کے درمیان عدل و انصاف کو قائم رکھیں۔ اور ہم نے لوہا نازل کیا جس میں بڑی ہیبت اور جلال ہے۔ اور لوگوں کے لئے نفع بھی ہے تاکہ اللہ جان لے کہ بن دیکھے کون اللہ اور اس کے رسول کی مدد کرتا ہے۔ بیشک اللہ زبردست اور قوت و طاقت والا ہے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔ الحدید۔ لوہا۔ باس شدید۔ زبردست قوت اور ہیبت۔ قفینا ۔ ہم نے پے در پے بھیجے۔ رافۃ ۔ نرمی۔ رھبانیۃ ۔ ترک دنیا۔ دنیا کو چھوڑ دینا۔ ابتدعوا۔ انہوں نے نئی بات نکالی۔ انہوں نے خود ہی گھڑ لیا۔ کفلین۔ دو حصے۔

تشریح : سونے اور چاندی کو پرکھنے کے لئے کسوٹی، کسی چیز کی کمی یا زیادتی کو تولنے کے لئے (میزان) ترازو ہوا کرتی ہے۔ کسوٹی یہ بتا دیتی ہے کہ سونے اور چاندی میں ملاوٹ کتنی ہے اور اصلی سونا اور چاندی کس مقدار میں ہے۔ اسی طرح ترازو کے ذریعہ اس بارت کا یقینی علم حاصل ہوجاتا ہے کہ کون سی چیز وزن میں کتنی زیادہ اور کتنی کم ہے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ ہم نے اپنے پاکیزہ نفس پیغمبروں کو کھلی اور واضح آیات اور نشانیاں دے کر بھیجا ہے جن میں سے بعض کو کتاب دی گئی ہے اور عدل و انصاف قائم کرنے کے لئے میزان ( عدل و تو ازن) دی گئی تاکہ اس کے ذریعہ عدل و انصاف کو قائم کرسکیں۔

فرمایا کہ ہم نے لوہا پیدا کیا جس میں (جنگ کے لئے) سخت لڑائی کا سامان ہے اور اس میں لوگوں کے لئے صنعت و حرفت پیدا کرنے کے واسطے نفع کے اسباب بھی رکھ دئیے گئے ہیں تاکہ اللہ اس کے ذریعہ ہر شخص کا امتحان لے لے اس کو جانچ لے کہ کون فولادی قوتوں کے ساتھ اللہ کے پیغمبروں کی مدد کرتا ہے اور کون دین اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی ساری قوتوں کو لگا دیتا ہے۔ بلاشبہ اس کائنات میں ساری طاقت و قوت ایک اللہ ہی کے پاس ہے وہی تمام قوتوں کا مالک ہے لیکن انسان کی آزمائش یہ ہے کہ وہ اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لئے اپنی طاقتوں اور صلاحیتوں کو کس طرح صرف کرتا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے حضرت نوح (علیہ السلام) اور حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ہم نے ان پیغمبروں کو قوم کو بھی بڑی طاقتیں دی تھین ان کو اور ان کی اولادوں میں سے بہت سوں کو نبوت اور کتاب سے نوازا تھا لیکن لوگوں میں سے کچھ تو خوش نصیب تھے جنہوں نے ہدایت کا راستہ اختیار کیا لیکن اکثریت ان لوگوں کی تھی جنہوں نے گمراہی کا راستہ اختیار کیا۔ پھر اللہ نے لگاتار پیغمبروں کو بھیج کر لوگوں کے سامنے راہ ہدایت کو رکھا۔ خوش نصیب جنت کما گئے اور بہت سے اپنے ذاتی فائدوں اور وقتی مفادات کی بھینٹ چڑھ گئے اور جہنم کا راستہ اختیار کرلیا یہاں تک کہ بنی اسرائیل کے آخری پیغمبر حضرت عیسیٰ کو انجیل دے کر بھیجا گیا لوگوں میں سے اکثر تو نافرمان اور پیغمبر کو جھٹلانے والے بن گئے اور جنہوں نے حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کو انجیل دے کر بھیجا گیا لوگوں میں سے اکثر تو نافرمان اور پیغمبر کو جھٹلانے والے بن گئے اور جنہوں نے حضرت عیسیٰ ابن مریم کی پیروی کی وہ عقیدتے و محبت میں اتنے آگے بڑھ گئے کہ انہوں نے اللہ کے پیغمبروں کو معبود بنا ڈالا اور ترک دنیا کے طریقوں کو اپنانا شروع کردیا۔

اللہ نے فرمایا کہ وہ ایسی بدعتوں میں لگ گئے جو ہم نے ان کو نہ تو بتائی تھیں اور نہ ان پر فرض کی تھیں۔ رہبانیت (ترک دنیا) ان میں اس طرح رچ بس گئی تھی کہ یہ گھڑا ہو اراستہ ان کے لئے دین و مذہب بن گیا اور اس طرح وہ بھی گمراہی کے راستے پر چل نکلے اسی لئے نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ (نصاری کی طرح) اسلام میں رہبانیت کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ البتہ دین اسلام کے لئے غریبانہ زندگی اختیار کرکے اور غریبوں میں گھل مل کر ان کے دکھ درد میں سنت کے مطابق شرکت کرنا وہ طریقہ جو علمائے کرام اور صوفیائے عظام نے اختیار کیا تھا وہ بظاہر ترک دنیا نظر آتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ ان بزرگوں کو وہ سرفروشانہ جذبہ تھا جس نے ہمیشہ ہر زمانہ میں امت کو مایوسیوں سے نکال کر دین کے راستے پر لگایا ہے اور امت کو ایک نئی زندگی عطا کی ہے۔ بعد میں مفاد پرستوں اور قبر پرستوں نے صوفیائے کرام کے ایسے ایسے بےسند واقعات گھڑ کر مشہور کردئیے جس سے ان کی زندگی پرستان کی کہانیاں لگنے لگیں اور قبروں پر میلے ٹھیلے لگا کر ان کو عین اسلام ثابت کرنا شروع کردیا۔

اس میں ان صوفیائے کرام اور بزرگان دین کا کوئی قصور نہیں ہے یہ تو ان کاروباری سجادہ نشینوں کا مشگلہ ہے جو اندھی عقیدت رکھنے والے غریب عوام کا خون چوستے اور عیش و عشرت کی زندگی گزارتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اے مومنو ! تم اللہ سے ڈرتے رہو اور اس کے محبوب رسول حضرت محمد ﷺ پر پوری طرح ایمان لائو۔ اسی طرح اہل کتاب سے فرمایا کہ تم بھی اللہ سے ڈرتے ہوئے اللہ کے آخری نبی اور آخری رسول حضرت محمد ﷺ پر ایمان لے آئو تو تمہیں دو گناہ اجر ملے گا ایک اپنے پیغمبر پر ایمان رکھنے کا اجر اور ایک نبی آخر الزمان ﷺ پر ایمان لانے کا اجر۔

قیامت کے دن اس تقویٰ اور اطاعت رسول کو اللہ ایک نور بنا دے گا جو انہیں پل صراط کے اندھیرے راستے میں روشنی عطا کرے گا۔ وہ اللہ تو بہت مغفرت کرنے والا، معاف کرنے والا مہربان ہے وہ تمہارے پچھلے سارے گناہوں کو معاف کردے گا۔

یہ دین اللہ کی طرف سے ہے اس پر کسی کی اجارہ داری نہیں ہے بلکہ جو بھی اس راستے کو اپنائے گا اس پر اللہ کا فضل و کرم نازل ہوگا لیکن جو اس راستے کو چھوڑ کر وہ راستہ اختیار کرے گا جو اللہ کے پیغمبروں نے نہیں بتایا تو اس کے لئے جہنم کی آگ ہے اور اطاعت و فرماں برداری کرنے والوں پر اللہ ہمیشہ فضل و کرم کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا کیونکہ وہ اپنے بندوں پر بےانتہا فضل و کرم اور رحم کرنے والا ہے۔