بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 63. Al-Munaafiqoon · Ayah 1
اِذَا جَآءَكَ الْمُنٰفِقُوْنَ قَالُوْا نَشْهَدُ اِنَّكَ لَرَسُوْلُ اللّٰهِ١ۘ وَ اللّٰهُ یَعْلَمُ اِنَّكَ لَرَسُوْلُهٗ١ؕ وَ اللّٰهُ یَشْهَدُ اِنَّ الْمُنٰفِقِیْنَ لَكٰذِبُوْنَۚ﴿1﴾
- اِذَا جَآءَكَجب آتے ہیں تیرے پاس
- الْمُنٰفِقُوْنَمنافق
- قَالُوْا نَشْهَدُکہتے ہیں ہم گواہی دیتے ہو
- اِنَّكَ لَرَسُوْلُ اللّٰهِبیشک آپ البتہ اللہ کے رسول ہیں
- وَاللّٰهُاور اللہ
- يَعْلَمُجانتا ہے
- اِنَّكَ لَرَسُوْلُهٗبیشک آپ البتہ اس کے رسول ہیں
- وَاللّٰهُ يَشْهَدُاور اللہ گواہی دیتا ہے
- اِنَّبیشک
- الْمُنٰفِقِيْنَمنافق
- لَكٰذِبُوْنَالبتہ جھوٹے ہیں
طبع۔ مہر لگا دی گئی۔ خشب۔ لکڑیاں۔ مسندۃ۔ سہار لگائی ہوئی۔ صیحۃ۔ چیخ پکار۔ ینفضوا۔ بکھر جائیں گے۔ الاعذ۔ قوت اور زور والا۔ الاذل ۔ کمزور و ناتواں۔
تشریح : رئیس المنافقین عبد اللہ ابن ابی ابن سلول ایک کھلا ہوا منافق اور رسول اللہ ﷺ کی دشمنی میں سب سے آگے تھا۔ نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرام ؓ کی عداوت اور دشمنی سے اچھی طرح واقف تھے لیکن آپ نے کبھی اس کو منافق کہہ کر نہ تو پکارا اور نہ صحابہ کرام نے اس کو اس لقب دے یاد کیا۔ حالانکہ کوئی ایسا موقع نہیں تھا جہاں اس نے حضور اکرم ﷺ کی مخالفت اور اسلام دشمنی میں کوئی کسر چھوڑی ہو۔
اصل میں نبی کریم ﷺ کی مدینہ منورہ تشریف آواری سے پہلے مدینہ کے دو بڑے قبیلے اوس اور خزرج آپس کی لڑائیوں اور جنگ سے تنگ آچکے تھے انہوں نے یہ طے کیا کہ کسی ایک شخص کو ان دونوں قبیلوں کا سردار اور بادشاہ بنا لیا جائے تاکہ اختلاف اور جھگڑے کے وقت اس سے مدد لی جاسکے۔ عبد اللہ ابن ابی ایک نہایت چالاک اور عیار آدمی تھا۔ اس نے ایسے طریقے اختیار کئے کہ اورس اور خزرج کے لوگ اس کو اپنا بادشاہ بنانے پر رضا مند ہوگئے۔ انہوں نے بادشاہوں جیسا تاج تیار کرلیا تھا تاکہ باقاعدہ تاج پوشی کی رسم ادا کی جائے۔
ادھر بیعت عقبہ ثانیہ کے بعد مدینہ منورہ کے وہ حضرات جنہوں نے رسول اللہ ﷺ کی لائی ہوئی تعلیمات کو قبول کرلیا تھا اور دائرہ اسلام میں داخل ہوچکے تھے اگرچہ ان کی تعداد زیادہ نہیں تھی مگر انہوں نے جرأت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپ کو مدینہ منورہ آنے کی باقاعدہ دعوت پیش کردی۔ نبی کریم ﷺ نے انصار مدینہ کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کی طرف ہجرت فرما لی۔ آپ ﷺ جیسے ہی مدینہ منورہ تشریف لائے تو ہر گھر میں آپ ہی کا چرچا شروع ہوگیا۔ پھر آپ نے آتے ہی مہاجرین و انصار کو اخوت و محبت کے رشتے میں اس طرح منسلک کردیا کہ وہ سگے بھائیوں سے زیادہ ایک دوسرے کے ساتھ حسن سلوک کرنے لگے۔ دوسری طرف آپ نے مدینہ منورہ میں آباد تمام قبیلوں سے باہمی صلح کا ایک ایسا معاہدہ فرمایا تاکہ سب ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے ایسی فضا پیدا کریں جس سے بیرونی دشمن کو مدینہ منورہ پر حملہ کرنے یا نقصان پہنچانے کی ہمت نہ ہوسکے۔ یہ سارے اقدامات ایسے تھے کہ لوگ عبد اللہ ابن ابی کی تاج پوشی کو بھول گئے۔ ہوا کا رخ دیکھتے ہوئے عبد اللہ ابن ابی نے اسی میں میں عافیت سمجھی کہ جس طرح اوس و خزرج اور دوسرے قبیلوں کے لوگ دائرہ اسلام میں داخل ہو رہے ہیں وہ بھی ظاہری طور پر اسلام قبول کرلے۔ چناچہ اس نے اور اس کے قبیلی کے دو تین سو آدمیوں نے منافقت کے لبادے میں اسلام قبول کرلیا۔ کہتے ہیں چوٹ کھایا ہوا سانپ بڑا خطرناک ہوتا ہے۔ عبد اللہ ابن ابھی بھی اس بات کو کیسے بھول سکتا تھا کہ حضرت محمد ﷺ کی آمد کی وجہ سے اس کی بادشاہت کا تصور چھین چکا تھا۔ چناچہ اس نے ہر موقع پر مسلمانوں میں پھوٹ ڈالنے اور اسلام کے مقاصد کو نقصان پہنچانے میں کسر نہیں چھوڑی۔
٭جب نبی کریم ﷺ نے بنو قینقاع کی سرکشی اور معاہدہ شکنیوں پر ان کو سزا دینے کا فیصلہ کیا تو بنو قینقاع کی حمایت میں سب سے آگے یہی عبد اللہ ابن ابی تھا۔
غزوہ بدر کے بعد جب کفار مکہ نے تین ہزار کے لشکر کے ساتھ مدینہ منورہ پر حملہ کیا تو نبی کریم ﷺ کے ساتھ ایک ہزار مسلمان تھے۔ اس موقع پر عبد اللہ ابن ابی نے لوگوں میں کفار مکہ کی طاقت کا اس طرح نقشہ کھینچا کہ وہ خود اور اس کے تین سو ساتھی میدان جنگ سے مدینہ منورہ میں اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔ اتنے بڑے دشمن کے مقابلے کے وقت اتنی بڑی تعداد کا نکل جانا کوئی معمولی واقعہ نہیں تھا جس کو نظر انداز رکر دیا جاتا لیکن نبی کریم ﷺ اور آپ کے جاں نثار صحابہ کرام ؓ کا بھروسہ صرف اس اللہ پر تھا جو ساری کائنات کی قوتوں کا مالک ہے۔ نبی کریم ﷺ اور آپ کے صحابہ جن کے پاس پوری طرح ہتھیار بھی نہ تھے جنگ شروع ہوتے ہی ایسے بےجگری سے لڑے کہ دشمن کو سر پر پاؤں رکھ کر بھاگنا پڑا۔ بعض صحابہ کرام ؓ نے دشمن پر ایسے وار کئے کہ دشمن کے دانت کھٹے کردئیے۔ عبد اللہ ابن ابی ان سلول اور اس کے ساتھیوں کے نکل جانے سے اس جنگ پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا لیکن عبد اللہ ابن ابی نے اپنی ذہنیت کا مظاہرہ کرکے مسلمانوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے میں کسر نہ چھوڑی۔
اسی طرح جب 4 ھ میں بنو نضیر نے غداری اور عہد شکنی کی انتہا کردی اور یہ ثابت ہوگیا کہ بن نضیر مکہ کے کفار کے ساتھ سازش کرکے مسلمانوں کو تباہ و برباد کرنے کا پورا بندوبست کرچکے ہیں تو آپ نے بنو نضیر کو ان کی عہد شکنی کی سزا دینے کا فیصلہ کرلیا۔ عبد اللہ ابن ابی نے بنو نضیر کو پیغام بھیجا کہ وہ اپنی جگہ ڈٹے رہیں۔ اس کے پاس دو ہزار ایسے مسلح نوجوان موجود ہیں جو ان کی مدد کریں گے۔ جب نبی کریم ﷺ نے بنو نضیر کو ذلت و رسوائی کے ساتھ مدینہ منورہ سے نکال دیا اس کے بعد۔ غزوہ بنو مصطلق کا موقع تھا کہ ایک دن عبد اللہ ابن ابی نے ایک محفل میں اپنے دلی بغض اور دشمنی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگو ! تم نے ان مسلمانوں کو اپنے وطن میں بلا کر اپنے سروں پر مسلط کیا۔ اپنے مال و جائیداد میں ان کو شریک کیا۔ یہ تمہاری روٹیوں پر پلنے والے اب تمہارے ہی مقابلے پر آگئے ہیں۔ اگر تم نے اب بھی اپنے انجام پر غور نہ کیا تو یہ لوگ آگے تمہارا جینا حرام کردیں گے۔ تمہیں چاہیے کہ تم آئندہ سے ان کی کسی طرح مدد نہ کرو اس طرح یہ لوگ مدینہ چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔ اب تمہیں چاہیے کہ جب تم مدینہ پہنچو تو جو عزت والا ہے وہ ذلیل کو باہر نکال دے۔ حضرت زید ابن ارقم جو بچے تھے انہوں نے عبد اللہ ابن ابی کی ساری باتیں سن کر رسول اللہ ﷺ کو بتادیں۔ آپ نے پوچھا کہ کیا تم نے یہ سب باتیں خود سنی ہیں۔ انہوں نے عرض کیا جی ہاں۔ عبد اللہ ابن ابی کی یہ بات پورے لشکر اسلام میں پھیل گئی اور ہر طرف عبد اللہ ابن ابی کے خلاف غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
عبد اللہ ابن ابی کے بیٹے کا نام بھی عبد اللہ ہی تھا۔ وہ سچے اور پکے مسلمان تھے۔ انہوں نے نبی کریم ﷺ سے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ مجھے اجازت دیجئے کہ میں اپنے باپ کو قتل کردوں۔ لیکن آپ ﷺ نے سختی کے ساتھ منع فرمادیا۔ نبی کریم ﷺ نے لوگوں کے اشتعال اور غصے کو ٹھنڈا کرنے کے لئے اس جگہ سے کوچ کا حکم دیا۔ جب آپ مدینہ کے قریب وادی عقیق میں پہنچے تو عبد اللہ ابن ابی کے بیٹے حضرت عبد اللہ نے اپنے باپ کو تلاش کرنا شروع کردیا۔ جب باپ پر نظر پڑی تو انہوں نے عبد اللہ ابن ابی کی سواری کو بٹھا کر اور اونٹ کے گھٹنے پر پاؤں رکھ کر کہا کہ اللہ کی قسم تم مدینہ میں اس وقت تک داخل نہیں ہوسکتے جب تک اس بات کی وضاحت نہ کردو کہ عزت والا ذلت والے کو نکال دے۔ بتائو اسمیں عزت والا کون ہے ؟
عبد اللہ اپنے باپ کا راستہ روکے کھڑے تھے جب نبی کریم ﷺ کی سواری پاس سے گزری اور صورت حال معلوم کی تو آپ نے اپنے صحابی حضرت عبد اللہ سے فرمایا کہ عبد اللہ ابن ابی کا راستہ چھوڑ دو ۔ مدینہ جانے دو ۔ آپ ﷺ کے حکم کے بعد حضرت عبد اللہ نے اپنے باپ کا راستہ چھوڑ دیا۔ لیکن عبد اللہ ابن بی نہایت ذلیل و خوار ہوچکا تھا اور اس کی منافقت پوری طرح کھل کر سامنے آچکی تھی۔ اس موقع پر زیر مطالعہ آیات نازل ہوئیں۔