IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 68. Al-Qalam · Ayah 34

  1. اِنَّ لِلْمُتَّقِیْنَ عِنْدَ رَبِّهِمْ جَنّٰتِ النَّعِیْمِ﴿34﴾

    1. اِنَّ لِلْمُتَّقِيْنَبیشک متقی لوگوں کے لیے
    2. عِنْدَ رَبِّهِمْان کے رب کے نزدیک
    3. جَنّٰتِباغات ہیں
    4. النَّعِيْمِنعمتوں والے
Translation · Baseerat-e-Quran
یقینا پرہیز گاروں کے لئے ان کے رب کے پاس نعمتوں سے بھرپور جنتیں ہیں۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔

تدرسون۔ تم پڑھتے ہو۔ تخیرون۔ تم پسند کرتے ہو۔ ایمان۔ قسمیں۔

تشریح : مکہ کے کفار و مشرکین اپنی معمولی دولت اور چھوٹی چھوٹی سرداریوں کی وجہ سے اس طرح غرور وتکبر کے پیکر بنے ہوئے تھے کہ اپنے سوا ہر ایک کو حقیر اور ذلیل سمجھتے تھے۔ وہ اس غلط فہمی کا شکار تھے کہ جس طرح وہ اس دنیا مین عیش و آرام سے زندگی گزار رہے ہیں آخرت میں بھی اسی طرح راحت و آرام سے رہیں گے اور ان کے دیوی دیوتا ان کی سفارش کرکے جنت کی راحتوں سے ہم کنار کرادیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے خوش فہمی میں مبتلا ایسے لوگوں سے فرمایا ہے کہ جنت اور اس کی بھرپور نعمتوں کے مستحق وہ لوگ ہوں گے جنہوں نے دنیا کی زندگی میں ایمان، عمل صالح، تقویٰ اور پرہیز گاری کو اختیار کر رکھا تھا لیکن جن لوگوں نے اللہ کو چھوڑ کر دوسروں کو معبود بنا رکھا تھا اور وہ لوگ جو اس کی ذات اور صفات میں شرک کیا کرتے تھے ان کو جنت کی راحتوں ، عیش و آرام کے بجائے جہنم کی اس آگ میں جھلسنا ہوگا جس میں انہیں ہمیشہ رہنا ہے۔

فرمایا کہ یہ بات اللہ کے عدل و انصاف کے خلاف ہے کہ وہ فرماں برداروں اور نافرمانوں کے ساتھ ایک جیسا معاملہ کرکے ان کا انجام یکساں کردے۔ بلکہ اس کے عدل و انصاف کا تقاضا یہ یہ کہ وہ ہر ایک کو اس کے اعمال کے مطابق جزا یا سزا دے۔ فرمایا کہ جو لوگ ایسا سمجھتے یا کہتے ہیں ان کے پاس اپنی بات کو ثابت کرنے کی کیا دلیل ہے ؟ کیا ان پر کوئی ایسی کتاب اتاری گئی ہے جسے پڑھ کر یہ ایسی بہکی بہکی نادانی کی باتیں کر رہے ہیں۔ یا اللہ نے ان کے لئے قسم کھا رکھی ہے کہ وہ کیسے ہی اعمال کرتے رہیں مگر جنت کی راحتیں ہر حال میں ان کو دی جائیں گی بہتر ہے کہ ایسے لوگ اپنے خیال کی اصلاح کرلیں اور ایسی غیر ذمہ دارانہ باتوں سے اپنی دنیا اور اخرت کو برباد نہ کریں۔ آخر وہ کون سے معبود ہیں جو ان کی سفارش کرکے انکو جنت کی راحتوں سے ہمکنار کردیں گے۔ اگر وہ اپنے دعوے اور باتوں میں سچے ہیں تو وہ گواہی کیلئے پیش کریں۔