IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 68. Al-Qalam · Ayah 42

  1. یَوْمَ یُكْشَفُ عَنْ سَاقٍ وَّ یُدْعَوْنَ اِلَى السُّجُوْدِ فَلَا یَسْتَطِیْعُوْنَۙ﴿42﴾

    1. يَوْمَ يُكْشَفُجس دن کھول دیاجائے گا
    2. عَنْ سَاقٍپنڈلی سے
    3. وَّيُدْعَوْنَاور وہ بلائے جائیں گے
    4. اِلَى السُّجُوْدِطرف سجدوں کے
    5. فَلَا يَسْتَطِيْعُوْنَتو وہ استطاعت نہ رکھتے ہوں گے
Translation · Baseerat-e-Quran
وہ دن جب پنڈلی کھول دی جائے گی (اللہ تجلی فرمائیں گے) اور لوگوں کو سجدے کی طرف بلایا جائے گا۔ پھر وہ (کافر) سجدہ نہ کرسکیں گے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔

یکشف۔ کھول دیا جائے گا۔ ساق۔ پنڈلی۔ یدعون۔ وہ بلائے جائیں گے۔ خاشعۃ۔ جھکنے والی۔ ترھق۔ وہ ڈھانپ لیتی ہے۔ سالمون۔ صحیح سالم۔ ہٹے کٹے۔ ذرنی۔ مجھے چھوڑو۔ نستدرج۔ ہم آہستہ آہستہ لئے جاتے ہیں۔ املی۔ میں نے مہلت دی۔ کیدی۔ میری تدبیر۔ مغرم۔ تاوان۔ مثقلون۔ بوجھ کے نیچے دبے ہوئے۔ صاحب الحوت۔ مچھلی والا (حضرت یونس (علیہ السلام) ) ۔ مکظوم۔ غم میں گھونٹ دیا گیا۔ العرائ۔ چٹیل میدان۔ یزلقون۔ وہ جگہ سے ہٹے ہیں۔ پھسل جاتے ہیں۔

تشریح : جب کفار و مشرکین اور منافقین کے سامنے رسول اللہ ﷺ کلام اللہ کو پیش کرتے تو وہی مکہ کے لوگ جو ان کو صادق و امین کہتے اور ان کی فہم و فراست کے گن گایا کرتے تھے آپ پر طرح طرح کے اعتراض اور طعنے دیتے۔ گستاخی اور جہالت کی انتہا یہ تھی کہ وہ آپ کو دیوانہ تک کہہ دیتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے کائنات کی سچائیوں کو ان کے سامنے رکھ کر یہ فرمایا تھا کہ جو نبی ﷺ ” خلق عظیم “ کے مالک ہیں وہ دیوانے کیسے ہوسکتے ہیں ؟ قسم کھا کر فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ دیوانے نہیں ہیں بلکہ وہ بہت جلد دیکھ لیں گے کہ اللہ کے نبی کو دیوانہ کہنے والے خود ہی دیوانگی کا شکار تھے۔ فرمایا کہ ” یوم یکشف عن ساق “ اس دن پنڈلی کھول دی جائے گی۔ یعنی جن حقیقتوں پر اب تک غیب کے پردے پرے ہوئے تھے وہ ساری حقیقتیں بےنقاب ہوجائیں گی۔ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر ایسی صورت میں تجلی فرمائیں گے جو اب تک ظاہر نہ ہوئی تھی۔ اس تجلی الٰہی کو دیکھ کر وہ تمام مومن مرد اور مومن عورتیں جو دنیا میں اللہ کے سامنے سجدے کیا کرتے تھے اللہ کے سامنے سجدے میں گر پڑیں گے لیکن وہ منافقین جو جھوٹے اور دکھاوے کے سجدے کرتے تھے وہ اس سجدے سے محروم رہیں گے۔ وہ کھڑے کے کھڑے رہ جائیں گے۔ اہل ایمان کے سجدوں کی قبولیت تو یہ ہوگی کہ اللہ ان کے سجدوں کو قبول و منظور فرمائیں گے اور جو سجدہ نہ کرسکیں گے دہشت اور شرمندگی سے ان کی نظریں جھکی ہوئی ہوں گی اور ان پر ہر طرف سے ذلت و رسوائی اور عذاب کا خوف مسلط ہوگا۔ یہ اس بات کی سزا ہوگی کہ دنیا میں جب ان کو اللہ کے سامنے سجدہ کرنے کی طرف بلا یا جاتا تھا تو صحت و تندرستی کے باوجود وہسجدہ کرنے سے گریز کیا کرتے تھے اور دنیا دکھاوے کے لئے سجدہ کرلیا کرتے تھے۔

نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا گیا کہ اے نبی ﷺ ! آپ پوری طرح سے اللہ پر بھروسہ کیجئے اور جو لوگ میرے کلام کو جھٹلا رہے ہیں ان سے میں خود ہی نبٹ لوں گا اور ان کو میں اس طرح ان کو تباہی و بربادی کی طرف لے جاؤں گا کہ ان کو خبر تک نہ ہوگی۔ میں ان کی رستی دراز کرکے ڈھیل دیتا چلا جاؤں گا اور ایک دن ان کو پکڑ کر سخت سزا دوں گا اور میری اس تدبیر کی ان کو ہوا تک نہ لگے گی کیونکہ میری تدبیر زبردست تدبیر ہوا کرتی ہے۔ فرمایا کہ جب آپ ان کفار و مشرکین اور منافقین کو اللہ کا پیغام پہنچاتے ہیں تو وہ آپ کا احسان ماننے کے بجائے یہ سمجھتے ہیں کہ جیسے آپ ان سے کسی ایسی اجرت کا مطالبہ کر رہے ہیں کہ جس کے بوجھ تلے یہ دبے جا رہے ہیں۔ فرمایا کہ اے نبی ﷺ آپ ان سے بالکل واضح طریقے پر کہہ دیجئے کہ میں تم سے اس تبلیغ دین پر کوئی اجرت اور معاوضہ تو نہیں مانگ رہا ہوں کہ جس کے نیچے تم دبے جا رہے ہو۔ اور ان سے پوچھئے کہ کہا تمہارے پاس کوئی غیب کا علم ہے جس کی تمہیں خبر ہے کہ تمہارے ساتھ بہترین معاملہ کا جائے گا ؟

نبی کریم ﷺ سے فرمایا جا رہا ہے کہ اے نبی ﷺ ! آپ صبر و تحمل سے کام لیجئے اور اپنے پروردگار کے حکم کا انتظار کیجئے اور مچھلی والے پیغمبر یعنی حضرت یونس (علیہ السلام) کی طرح فیصلے میں جلدی نہ کیجئے کہ جسطرح انہوں نے اپنی قوم کو نافرمانیوں سے تنگ آخر اپنے پروردگار سے عرض کیا الٰہی ! یہ قوم توبہ کے لئے تیار نہیں ہے آپ اپنا فیصلہ فرما دیجئے (یعنی عذاب بھیج دیجئے) وہ اس وقت شدید کرب اور غم و غصہ سے بھرے ہوئے تھے چناچہ اللہ نے اس قوم پر عذاب بھیجنے کا وعدہ کرلیا۔

جب حضرت یونس (علیہ السلام) کو اس بات کا یقین ہوگیا کہ اب اس قوم پر اللہ کا عذاب آنے والا ہے تو آپ اللہ کی اجازت کے بغیر وہاں چے چل دئیے حالانکہ انہیں اشارہ الٰہی کا انتظار کرنا چاہیے تھا۔ وہاں چل کر وہ ایک کشتی میں سوار ہوئے۔ کشتی والوں نے کسی وجہ سے ان کو پانی میں پھینک دیا۔ ادھر اللہ کے حکم سے ایک بہت بڑی مچھلی نے ان کو نگل لیا۔ جب وہ مچھلی کے پیٹ میں اللہ سے فریاد کرنے لگے تو اس مچھلی نے انکو ایک کنارے پر اگل دیا۔ اس کنارے اور چٹیل میدان میں اللہ نے ان کی حفاظت فرمائی۔ شدید تکلیفیں اٹھائیں ان کی قوم نے توبہ کرلی اور حضرت یونس (علیہ السلام) پھر اپن قوم میں پہنچ گئے اور اس طرح اللہ نے ان کی دستگیری فرمائی۔ نبی کریم ﷺ سے فرمایا گیا کہ آپ اپنی قوم کی نافرمانیوں سے مایوس نہ ہوں بلکہ اللہ تعالیٰ خودہی آپ کی دستگیری فرمائیں گے۔

اس سورت کی ابتداء میں اللہ تعالیٰ نے کفار و مشرکین کے اس طعنے کا ذکر کیا تھا جو آپ کو دیوانہ کہتے تھے۔ اس سورت کے آخر میں اللہ تعالیٰ نے ایک مرتبہ پھر آپکو ان کے طعنوں پر تسلی دی ہے۔

فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! جب یہ کفار قرآن کریم کو سنتے ہیں تو وہ آپ کو ایسی تیز اور غضب ناک آنکھوں سے دیکھتے ہیں کہ جیسے وہ اپنی تیز نظروں سے آپ کو راہ مستقیم سے ڈگمگا دیں گے اور لوگوں سے کہتے ہیں کہ ان کی باتیں نہ سنو یہ دیوانے کی باتیں ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ سنو ! یہ اللہ کا کلام ہے جو سارے جہاں والوں کے لئے ایک نصیحت ہے لیکن بدقسمت لوگ اس سے فائدہ اتھانے کے بجائے اس پیغام حق کے لئے رکاوٹیں پید اکر رہے ہیں لیکن ان کو اس میں کامیابی نہ ہوگی بلکہ یہ پیغام حق ساری دنیا تک پہنچ کر رہے گا۔

ان آیات پر سورة القلم کو ختم کیا گیا ہے اللہ تعالیٰ ہمارے دلوں میں نبی مکرم حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی عظمت نصیب فرمائے اور ہمیں اس پیغام حق کو ساری دنیا تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔