بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 72. Al-Jinn · Ayah 1
قُلْ اُوْحِیَ اِلَیَّ اَنَّهُ اسْتَمَعَ نَفَرٌ مِّنَ الْجِنِّ فَقَالُوْۤا اِنَّا سَمِعْنَا قُرْاٰنًا عَجَبًاۙ﴿1﴾
- قُلْآپ فرمادیں
- اُوْحِيَمجھے وحی کی گئی
- اِلَيَّمیری طرف
- اَنَّهُ اسْتَمَعَکہ اسے سنا
- نَفَرٌایک جماعت
- مِّنَسے، کی
- الْجِنِّجنات
- فَقَالُوْٓاتو انہوں نے کہا
- اِنَّابیشک ہم
- سَمِعْنَاہم نے سنا
- قُرْاٰنًاقرآن
- عَجَبًاایک عجیب
لغات القرآن۔
استمع۔ غور سے سنا۔ نفر۔ افراد۔ الرشد۔ ہدایت۔ سیدھا راستہ۔ شطط۔ حد سے بڑھئی ہوئی بات۔ یعوذون۔ پناہ مانگتے ہیں۔ رھق۔ ضد۔ سرکشی ۔ بددماغی۔ ملئت۔ بھردیا گیا۔ شھب۔ شہاب۔ انگارے۔ نقعد۔ ہم بیٹھتے ہیں۔ رصد۔ گھات میں لگا ہوا۔ قدد۔ مختلف۔ ٹکڑے ٹکڑے۔ ھرب۔ بھاگنا۔ بخس۔ نقصان۔ رھق۔ دبائو۔ حطب۔ ایندھن۔
تشریح : رسول اللہ ﷺ کے اعلان نبوت سے پہلے جنات آسمان کے کسی کونے تک پہنچ کر چوری چھپے کسی رکاوٹ کے بغیر فرشتوں کی اس گفتگو کو سننے کی کوشش کرتے جو وہ دنیا کے کاموں کے تدبیر کے سلسلہ میں اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل کرنے کے لئے باتیں کرتے تھے۔ یہ جنات فرشتوں کی باتیں سن کر اپنے کاہنوں کو بتا دیا کرتے تھے۔ کاہن جنات کی ان باتوں کو سن کر اور کچھ اپنی طرف سے ملا کر لوگوں کو بتا دیتے اس طرح وہ کاہن لوگوں کو نہایت آسانی سے بیوقوف بنانے میں کامیاب ہوجاتے اور اس سے بہت کچھ دنیاوی فائدے بھی حاصل کرتے تھے اور جنات کے علم غیب کا اس شدت سے پروپیگنڈا کرتے کہ عام لوگ ان سے ہر وقت خوف زدہ رہا کرتے تھے۔
جنات کو آسمان میں اچانک ایک زبردست انقلابی تبدیلی محسوس ہوئی۔ وہ جب بھی سن گن لینے کے لئے آسمان کی طرف پرواز کرتے تو نہ صرف ان کو شدید رکاوٹ پیش آتی بلکہ ان پر شہاب ثاقب یعنی آگ کے لوگوں کی بھرمار کردی جاتی اور ان کو دور بھگا دیا جاتا تھا۔ حالانکہ جنات کو آگے سے پیدا کیا گیا ہے لیکن شہاب ثاقب آگ سے اس قدر بھرپور ہوتے تھے کہ جنات ان سے ڈر کر بھاگ جاتے اور اس طرح آسمان کی طرف ان پر پرواز کا سلسلہ بند ہوگیا تھا۔ انہیں اس تبدیلی اور چاروں طرف فرشتوں کے پہروں نے حیرت میں ڈال دیا۔ جنات نے آپس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ معلوم کرنا چاہیے کہ کائنات میں ایسی کیا تبدیلی آئی ہے یا کیا ایسے حالات پیش آنے والے ہیں جن کی وجہ سے ہم پر زبردست بندشیں لگ گئیں ہیں اور جب بھی ہم آسمان کی طرف جانے کی کوشش کرتے ہیں تو ہم پر آگ کے گولے برسا دئیے جاتے ہیں۔
صورت حال معلوم کرنے کے لئے جنات کے گروہ کائنات میں ہر جگہ پھیل گئے۔ ان ہی میں سے نصیبیں کے نوجنات جو حضرت موسیٰ پر ایمان رکھتے تھے گھوم رہے تھے کہ نخلہ کے مقام پر صبح کے وقت رسول اللہ ﷺ صحابہ کرام کو نماز فجر پڑھا رہے تھے۔ جنات نے کلام اللہ کو بڑے غور سے سنا جو رسول اللہ ﷺ نماز میں تلاوت فرما رہے تھے۔ وہ کلام اللہ کی عظمت اور لذت کی کیفیات میں اس طرح محو ہر کر رہ گئے تھے کہ آپس میں قسم کھا کر یہ کہنے پر مجبور ہوگئے کہ ہمیں یقین ہے یہی وہ کلام ہے جس کو اللہ نے نازل کیا ہے اور اس کلام کی حفاظت کے لئے آسمانوں پر پہرے بٹھا دئیے گئے ہیں اور ہمیں فرشتوں کی گفتگو تک سننے سے روک دیا گیا ہے۔ یہ سب جنات اسی وقت اس کلام پر ایمان لے آئے اور اپنی قوم کے لوگوں کو آگاہ کرنے کے لئے روانہ ہوگئے۔ انہوں نے اپنی قوم میں جاکر کہا کہ ہم نے اللہ کا وہ کلام سنا ہے جو عجیب و غریب اور بہترین مضامین پر مشتمل ہے جو ہمیں سیدھا راستہ دکھاتا ہے اسی لئے ہم ہر طرح کے کفرو شرک سے توبہ کرکے اس پر ایمان لے آئے ہیں اب ہم اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ کریں گے کیونکہ ہمارے پروردگار کی شان یہ ہے کہ نہ اس کی کوئی بیوی ہے اور نہ اس نے کسی کو بیٹا بنا رکھا ہے۔ ایسی غلط باتیں وہی کرسکتے ہیں جو حقیقت کو نہیں سمجھتے ورنہ جنات اور انسانوں میں سے کوئی بھی ایسی جھوٹی بات کہنے کی جسارت نہیں کرسکتا کہ اللہ نے کسی کو اپنا بیٹا بنا رکھا ہے۔ اللہ کی ذات ہر طرح کے شرک سے پاک ہے اس کا کوئی شریک نہیں ہے۔
اس موق پر اس بات کو سمجھ لیا جائے کہ جنات کون ہیں ؟ جن کے معنی چھپے ہوئے اور پوشیدہ مخلوق کے آتے ہیں۔ اللہ نے جس طرح انسان کو مٹی سے اور فرشتوں کو نور سے بنایا ہے اسی طرح جنات کو آگ سے پیدا کیا ہے جس طرح ہوا موجود ہے مگر ہمیں نظر نہیں آتی اسی طرح اللہ نے جنات اور فرشتوں کو پیدا کیا ہے اور وہ بھی ہمیں نظر نہیں آتے۔ جنات بھی انسانوں کی طرح ایک بااختیار مخلوق ہیں۔ جس طرح انسانوں میں مختلف مذہب رکھنے والی قومیں ہیں اسی طرح جنات میں بھی کوئی مومن ہے اور کوئی کافرو مشرک۔ جس طرح انسانوں میں بیوی، بچے، پیدائش، زندگی، موت اور مختلف نسلیں ہیں اسی طرح ان جنات میں اللہ کی وہ مخلوق ہیں جن کو اس کی طاقت عطا فرمائی گئی ہے کہ وہ اپنی شکلیں بدل سکتے ہیں اور آسمانوں کی طرف پرواز کرسکتے ہیں۔
سورة کہف میں فرمایا گیا ہے کہ شیطان بھی جنات ہی کی قوم سے تھا۔ جو بہت نیک، فرماں بردار اور عبادت گزار تھا اور فرشتوں کے ساتھ رہ کر اس میں بہت اسی اچھی خصوصیات بھی پیدا ہوگئی تھیں۔ لیکن جب اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کو یہ حکم دیا کہ وہ حضرت آدم (علیہ السلام) کو سجدہ کریں اس وقت شیطان نے سجدے سے انکار کرتے ہوئے نہایت غرور وتکبر سے کہا کہ میں آدم سے بہتر ہوں کیونکہ میں آگ سے پیدا کیا گیا ہوں اور آدم مٹی سے پیدا کئے گئے ہیں۔ اللہ کی اس نافرمانی اور تکبرو غرور سے اس عبادت گزار جن کو ابلیس اور شیطان بنا دیا ۔ خلاصہ یہ ہے کہ قرآن کریم میں بیشمار آیات سے یہ ثابت ہے کہ جنات بھی انسانوں کی طرح ایک بااختیار مخلوق ہیں۔ وہ بھی اللہ کے بندے ہیں اور ان میں بھی اللہ کے فرماں بردار، نافرمان، مسلم اور کافر و مشرک موجود ہیں۔ سورة رحمن میں اللہ تعالیٰ نے جنات اور انسان دونوں کو ایک طرح خطاب کرکے بتا دیا ہے کہ دونوں اللہ کی ذمہ دار مخلوق ہیں۔
کفار مکہ جن میں ہر طرح کا بگاڑ کچھ اتنا زیادہ آچکا تھا کہ وہ جنات کے متعلق بھی عجیب و غریب خیالات رکھتے تھے۔ ایک طرف تو کاہنوں کے بےبنیاد پروپیگنڈے نے اللہ کی اس مخلوق کو خوفناک شکل دے رکھی تھی دوسری طرف کفار کے وہم اور بدعقیدگی نے جنات کو عالم الغیب تک بنا ڈالا تھا۔ ان کا خیال تھا کہ جنات کو غیب کی ہر بات کا علم ہے وہ ہر پوشیدہ راز تک سے واقف ہیں۔ اللہ کی قدرت میں جنات شریک ہیں بلکہ وہ ان کو اللہ تعالیٰ کے نسب تک میں شامل سجھتے تھے (نعوذ باللہ)
وہ جنات اس قدر خوف زدہ رہتے تھے کہ جب وہ سفر کرتے اور کسی جنگل یا وادی میں قیام کرتے تو ان میں سے کوئی ایک آدمی بلند آواز سے کہتا ”………“ یعنی جنات کو قوم کے شریروں سے اس وادی کے سردار کی پناہ میں آتا ہوں۔ کفار جنات کی خوشامد کے لئے خوشبوئیں جلاتے، نذر ونیاز کرتے، جنوں کے بادشاہ اور جنوں کے سرداروں کا نام لے کر ان کی دھائی مانگتے۔ ان تمام حماقتوں کا نقصان یہ ہوا کہ جنات کی گمراہی اور غرور وتکبر میں اضافہ ہی ہوتا چلا گیا اور وہ اپنے آپ کو انسان سے افضل سمجھنے لگے۔ حالانکہ اللہ نے اپنی ساری مخلوق پر انسان کو عظمت و فضیلت عطا فرمائی ہے۔
ان آیات کو بیان کرنے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ کفار مکہ کو شرم دلا رہے ہیں کہ دیکھو مکہ والوں کی کتنی بدنصیبی ہے کہ وہ رسول اللہ ﷺ کی سیرت اور ان کے عظیم کردار سے اچھی طرح واقف ہیں انہوں نے ان کے دن اور رات کو دیکھا ہے۔ نبی کریم ﷺ کی زبان مبارک سے نجاتے کتنی مرتبہ قرآن کریم کی آیات کو سنا تھا پھر بھی وہ ایمان نہیں لائے لیکن وہ جنات جو ان کی جنس اور قوم سے بھی نہیں ہیں انہوں نے ایک مرتبہ قرآن کری کو سنا اور نہ صرف ایمان لائے بلکہ اسکے مبلغ بھی بن گئے اور انہوں نے اپنی قوم کو خواب غفلت سے جگانے کی کوشش کی۔