IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 91. Ash-Shams · Ayah 1

  1. وَ الشَّمْسِ وَ ضُحٰىهَا۪ۙ﴿1﴾

    1. وَالشَّمْسِسورج کی قسم
    2. وَضُحٰىهَااور اس کی روشنی
Translation · Baseerat-e-Quran
قسم ہے سورج کی اور اس کی دھوپ کی
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔

ضحی۔ چڑھتی دھوپ۔ تلی۔ پیچھے آیا۔ جلی۔ روشن ہوگیا۔ یغشی۔ وہ چھا گیا۔ طحی۔ پھیلا دیا۔ الھم۔ اس نے الہام کیا۔ اندر ڈالا۔ دسی۔ جس نے (خواہشات کے نیچے) دبا دیا۔ طغوی۔ نافرمانی کی۔ انبعت۔ اٹھ کھڑا۔ اشقی۔ سب سے زیادہ بدنصیب۔ ناقۃ اللہ۔ اللہ کی اونٹنی۔ عقروا۔ انہوں نے ٹانگیں کاٹ دیں۔ دمدم۔ تباہی پھیلا دی۔ عقبی۔ انجام ۔ نتیجہ۔

تشریح :

قرآن کریم میں عام طور پر تمام وہ چیزیں جنہیں آدمی دن رات کھلی آنکھوں سے دیکھتا ہے جیسے چاند، سورج، ستارے، ہوائیں، فضائیں، نباتات، پرندے اور انسان کا اپنا نفس جس پر وہ خود گواہ ہے ذہن نشین کرانے کے لئے قسمیں کھا کر بیان کیا جاتا ہے تاکہ ہر شخص ان پر غوروفکر کرکے سچائی تک پہنچ سکے۔ اس سورت میں سات مختلف اور ایک دسرے کے مقابل چیزوں کی قسمکھا کر بتایا گیا ہے کہ جب دو چیزیں جو ایک دوسرے کی ضد میں ایک جیسی نہیں ہیں تو نیکی اور برائی کا انجام ایک جیسا کیسے ہوسکتا ہے ؟ دھوپ اور چھاؤں، روشنی اور اندھیرا، رات اور دن، آسمان اور زمین، خیر اور شر جب دونوں ایک جیسے نہیں ہیں تو کامیاب اور ناکام، اطاعت گزار اور نافرمان، جنتی اور جہنمی ایک جیسے کیسے ہوسکتے ہیں اور دونوں کا انجام ایک جیسا کیسے ہوسکتا ہے ؟

سورۃ التمش میں سات چیزوں کی قسم کھا کر اس بات کو ایک نئے اور اچھوتے انداز میں بیان کیا گیا ہے کہ جس کو اس طرح بیان کیا جاسکتا ہے۔ جیسے یہ ناممکن ہے کہ سورج ہو اور اس کی دھوپ نہ ہو، چاند ہو اور وہ سورج کے بعد نہ آئے، دن ہو اور روشن نہ ہو، رات ہو اور تاریک نہ ہو، زمین ہو اور پست نہ ہو، نفس ہو اور خیر و شر کا مجموعہ نہ ہو۔ اسی طرح یہ بھی ناممکن ہے کہ جس نے اپنا تزکیہ کرلیا (صفائی و پاکی حاصل کرلی ہو) وہ کامیاب نہ ہوا اور جس نے اپنے نفس کو (خواہشوں اور بےجا تمناؤں کے نیچے) دبا لیا ہو وہ ناکام نہ ہو۔

قوم ثمود جو نافرمانیوں میں حد سے باہر نکل گئی تھی۔ ایک ظالم شخص نے قوم کی رضا مندی کے مطابق جب اس اونٹنی کو ذبح کردیا جو ان کے مطالبے پر معجزہ کے طور پر عطا کی گئی تھی جب کہ حضرت صالح (علیہ السلام) کہتے رہے گئے کہ دیکھو یہ اونٹنی اللہ کی طرف سے تمہیں دی گئی ہے اس کو اپنی باری پر پانی پینے سے مت روکو ورنہ اللہ کا عذاب نازل ہوجائے گا۔ مگر پوری قوم نے حضرت صالح کی بات ماننے سے انکار کردیا اور انہوں نے اونٹنی کو ذبح کردیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ دنیا کی اتنی ترقی یافتہ، خوش حال اور پہاڑوں کی تراش کو عظیم الشان اور بےمثال بلڈنگیں بنانے والی قوم جس نے اپنے پیغمبر حضرت صالح (علیہ السلام) کی بات نہ مان کر اپنے تزکیہ نفس سے غفلت برتی اس طرح دنیا سے مٹ گئی کہ آج نہ ان کی دولت رہی نہ تہذیب و تمدن اور ان کے چھوڑے ہوئے کھنڈرات عبرت کا نشان بن کر رہ گئے ہیں۔ اگر وہ قوم اپنے پیغمبر کی بات مان کر اپنے دلوں کو پاک صاف کرلیتی یعنی تزکیہ نفس کرلیتی تو اللہ اس سے زیادہ ان کو دنیا کی دولت عطا کردیتا اور قیامت کے دن ان کو سرخ رو کرتا مگر اس قوم نے اپنی نافرمانیوں کی وجہ سے دنیا اور آخرت دونوں کو تباہ کرلیا۔

یہ سورت اگر چہ بہت مختصر ہے مگر توحید اور آخرت کی پوری دعوت اور اس کو نہ ماننے کے نتائج کو اس میں پوری طرح سمیٹ دیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنا تزکیہ نفس کرنے اور دین پرچلنے کو آسان فرما دے اور ہمارا انجام بخیر فرمائے۔ آمین۔