IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 99. Az-Zalzala · Ayah 1

  1. اِذَا زُلْزِلَتِ الْاَرْضُ زِلْزَالَهَاۙ﴿1﴾

    1. اِذَا زُلْزِلَتِجب ہلا ڈالی جائے
    2. الْاَرْضُزمین
    3. زِلْزَالَهَااس کا زلزلہ
Translation · Baseerat-e-Quran
جب زمین بری طرح ہلا ڈالی جائے گی
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔

زلزلت۔ ہلاڈالی گئی۔ اثقال۔ بوجھ۔ مالھا ۔ کیا ہوگیا اسے ؟ ۔ تحدت۔ بیان کردے گی۔ اخبر۔ خبریں۔ حالات۔ یصدر۔ باہر نکلنے گا۔ لوٹے گا۔ اشتات۔ مختلف گروہ۔ مثقال ۔ وزن۔ برابر۔ یرہ۔ وہ اس کو دیکھ گا۔

تشریح :

نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے کہ جب زمین پر ایک شخص بھی اللہ اللہ کہنے والا نہ رہے گا تو نظام کائنات کو درہم برہم کرکے ہر چیز پر فنا کی کیفیت طاری کردی جائے گی۔ اسی کو قیامت کہا جاتا ہے جو برحق ہے اور اس کے آنے میں ذرا بھی شک نہیں ہے۔ لیکن پہلا صور پھونکے جانے کے بعد کیا ہوگا اس کو اس سورت میں بیان فرمایا گیا ہے۔ ارشاد ہے کہ جب زمین مسلسل جھٹکوں اور زلزلوں سے ہلا ماری جائے گی۔ اور زمین و آسمان کے نظام کو توڑ کر ایک ہموار زمین تیار کرلی جائے گی و اس وقت موجودہ زمین اپنے اندر دفن کئے گئے انسان یا اس کے بکھرے ہوئے اجزا کو نکال کر باہر پھینک دے گی پھر اللہ تعالیٰ ان کو جمع کرکے پہلے والی شکل و صورت میں ڈھال دے گا، سونا، چاندی اور اپنے اندر کے مع دنیات کو زمین اگل دے گی۔ اس وقت مدہوشی کا عالم یہ ہوگا کہ کسی کو اتنے زبردست مال و دولت کی طرف دیکھنے کی توجہ تک نہ ہوگی۔

حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا زمین اپنے اندر کے جگر کے ٹکڑے اور سونے، چاندی کی بڑی بڑی چٹانیں کھول کر رکھ دے گی۔ اس وقت وہ شخص جس نے مال کی وجہ سے کسی کو قتل کیا ہوگا کہے گا یہ ہے وہ چیز ؟ جس کے لئے میں نے قتل جیسا جرم کیا تھا۔ جس شخص نے مال و دولت کی محبت میں اپنے رشتہ داروں سے قطع تعلق کیا ہوگا وہ کہے گا کہ یہ ہے وہ مال و دولت ؟ جس کی وہ سے میں نے ایسی حرکت کی تھی۔ جس کا ہاتھ چوری کی سزا میں کاٹا گیا تھا وہ بھی (نہایت افسوس کے ساتھ) کہے گا کہ میں نے اس کی وجہ سے اپنا ہاتھ کٹوایا تھا۔ پھر کوئی شخص بھی ایسا نہ ہوگا جو اس کی طرف دیکھنا گوارا کرے گا۔ (الصحیح مسلم) ۔

جب زمین زور زور سے ہلنا شروع ہوجائے گئی تو آدمی کے منہ سے گھبراہٹ اور مایوسی میں یہ الفاظ نکلیں گے کہ آج اس زمین کو کیا ہوگیا کہ وہ برابر ہلے جار ہی ہے۔ جب اس کو یقین ہوجائے گا کہ یہ زمین تو تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے اس وقت آدمی کے سامنے اس کا سارا کیا دھرا نظر آنے لگے گا۔ اس دن ہر شخص اپنے ہی جیسے عمل والے لوگوں کی طرف کھنچتا چلا جائے گا۔ چور چور کی طرف اور نیک آدمی نیک لوگوں کی طرف جائے گا اور پھر یہ جماعتیں اللہ کے سامنے پیش ہوں گی اور ہر ایک اپنے عمل کے اثرات اور ثمرات کو سامنے دیکھے گا۔

ابن ابی حاتم نے حضرت ابو سعید خدری ؓ سے یہ روایت نقل کی ہے کہ جب ” قمن یعمل “ والی آیت نازل ہوئی تو میں نے رسول اللہ ﷺ سے عرض کیا۔ کیا میں اپنا عمل خود دیکھوں گا ؟ آپ ﷺ نے فرمایا ہاں۔ اس پر میں نے عرض کیا بڑے برے گناہ ؟ آپ ﷺ نے فرمایا ہاں۔ میں نے عرض کیا چھوٹے چھوٹے گناہ ؟ آپ ﷺ نے فرمایا ہاں۔ اس پر میں نے عرض کیا پھر میں تو مارا گیا۔ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا اے ابو سعید خوش ہوجائو کیونکہ ہر نیکی اپنی جیسی دس نیکیوں کے برابر ہوگی۔

اسی طرح حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ تم جانتے ہو کہ زمین کی خبریں بتانا کیا ہے ؟ صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا زمین ہر مرد اور عورت کے تمام اعمال پر گواہی دے گی جو

اس نے اس پر کئے ہوں گے۔ اس لئے کہ اس کے پروردگار کا اس کو یہی حک ہوگا یعنی زمین کو حک دیا جائے گا کہ وہ تمام لوگوں کے اعمال کو بیان کردے اور اس نے اس زمین پر جو کچھ کیا ہے وہ اس کو ظاہر کردے۔ (کشف الرحمن) ۔

حضرت ربعہ الخرشی ؓ سے روایت ہے کہ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا ذرا زمین سے بچ کر رہنا کیونکہ یہ تمہاری جڑ اور بنیاد ہے اور اس پر عمل کرنے والا کوئی شخص ایسا نہیں ہے جس کے عمل کی یہ خبر نہ دے گی اچھی یا بری۔ (معجم الطبرانی) ۔

خلاصہ یہ ہے کہ انسان کا ہر عمل خیر اور ہر عمل شر اس کے سامنے آجائے گا اور وہ اس کو اپنی کھلی آنکھ سے دیکھے گا اور اس کی جزا یا سزا پائے گا۔

اب یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ انسان کو کون سا عمل خیر ہے اور کون سا شر ہے ؟ کیونکہ دنیا میں کوئی شخص بھی ایسا نہیں ہے جو اپنے عمل کو اچھا اور بہتر نہ سمجھتا ہو۔ دنیا میں ہر فرقہ اور جماعت نیک اور بہتر کام کرکے ایک سکون محسوس کرتا ہے اور اسی میں اپنی نجات سمجھتا ہے۔ اسی بات کو اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں ارشاد فرمایا ہے ”……“ یعنی ہر جماعت کے پاس جو کچھ بھی ہے وہ اسی میں مگن ہے۔ خیر اور شر کیا ہے اس سلسلہ میں ہمیں اسلامی تعلیمات سے جو رہنمائی ملتی ہے وہ ہے کہ انسان دنیا میں جو بھی نیک ، بھلا اور بہتر کام کرتا ہے اللہ کے ہاں اس کی قدر کی جاتی ہے لیکن فرق یہ ہے کہ ہر وہ کام جو نیکی کے جذبے سے کیا جائے اور اس کی بنیادوں میں ایمان کا جذبہ نہ ہو تو اس کا چھا بدلہ اسی دنیا میں دیدیا جاتا ہے، آخرت میں اس کا کوئی حصہ نہ ہوگا لیکن اگر ایمان کے کے ساتھ وہ عمل کیا جائے گا جس کا حکم اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے تو اس پر ایمان اور عمل صالح کی برکت سے اس کو دنیا میں بھی بہتری عطا کی جاتی ہے اور اس کو آخرت میں اس کے تصور سے بھی زیادہ اجر اور بدلہ عطا کیا جائے گا۔ یعنی ایمان و عمل صالح اختیار کرنے والے شخص کو دونوں جہانوں میں عظمتیں عطا کی جائیں گی۔

اسی بات کو فرمایا گیا کہ جس نے کوئی بھی بھلا اور نیک کام کیا وہ اس کو دیکھے گا اور جس نے کوئی بھی گناہ اور خطا کا کام کیا وہ اس کو بھی بھگتے گا اور کھلی آنکھوں سے دیکھے گا۔