Dure-Mansoor - Yaseen : 55
اِنَّ اَصْحٰبَ الْجَنَّةِ الْیَوْمَ فِیْ شُغُلٍ فٰكِهُوْنَۚ
اِنَّ : بیشک اَصْحٰبَ الْجَنَّةِ : اہل جنت الْيَوْمَ : آج فِيْ شُغُلٍ : ایک شغل میں فٰكِهُوْنَ : باتیں (خوش طبعی کرتے)
بلاشبہ آج جنت والے اپنے مشغلوں میں خوش ہوں گے
1:۔ الفریابی، وعبد بن حمید (رح) وابن جریر (رح) وابن المنذر (رح) وابن ابی حاتم (رح) نے مجاہد (رح) سے روایت کیا کہ (آیت) ” ان اصحب الجنۃ الیوم فی شغل فکھون “ (اہل جنت اس دن اپنے شغلوں میں خوش دل ہوں گے) یعنی وہ خوش ہوں گے۔ 2:۔ عبد بن حمید (رح) وابن جریر (رح) وابن المنذر (رح) نے حسن (رح) سے روایت کیا کہ (آیت) ” ان اصحب الجنۃ الیوم فی شغل فکھون “ یعنی نعمتیں ان کو اس عذاب سے غافل کردیں گی جس میں دوزخی مبتلا ہوں گے۔ 3:۔ ابن ابی شیبہ (رح) وابن ابی الدنیا فی صفۃ الجنۃ وابن جریر (رح) وابن المنذر (رح) وابن ابی حاتم (رح) وابن مردویہ ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ (آیت) ” فی شغل فکھون “ سے مراد ہے کہ وہ کنواری عورتوں سے صحبت میں مشغول ہوں گے۔ 4:۔ عبد بن حمید (رح) وابن ابی الدنیا وعبد بن احمد نے زوائد الزھد میں وابن جریر (رح) وابن المنذر (رح) نے ابن مسعود ؓ سے روایت کیا کہ (آیت) ” ان اصحب الجنۃ الیوم فی شغل فکھون “ سے مراد ہے کہ کنواری عورتوں سے صحبت کرنے میں ان کا مشغول ہونا۔ 5:۔ عبد بن حمید (رح) نے عکرمہ ؓ اور قتادہ ؓ سے اسی طرح روایت کیا ہے۔ 6:۔ عبد اللہ بن احمد نے زوائد الزھد میں ابن عمر ؓ سے روایت کیا کہ مؤمن جب بھی اپنی بیوی کی خواہش کرے گا تو اس کو کنواری پائے گا۔ جنتی ہمیشہ جوان رہیں گے : 7:۔ البزار والطبرانی فی الصفیہ وابوالشیخ نے العظمہ میں ابو سعید خدری ؓ سے روایت کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جنت والے جب اپنی بیویوں سے جماع کریں گے تو پھر وہ کنواری ہوجائیں گی۔ 8:۔ المقدس نے صفۃ الجنۃ میں ابوہریرہ ؓ سے روایت کیا کہ رسول اللہ ﷺ سے پوچھا گیا کیا ہم جنت میں عورتوں سے جماع کریں گے ؟ فرمایا ہاں ! اس ذات کی قسم جس کے قبضہ میں میری جان ہے خوب خوب جماع کریں گے جب اس سے کھڑے ہوں گے تو وہ عورت دوبارہ پاک اور کنواری ہوجائے گی۔ 9:۔ ابن ابی حاتم (رح) نے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ (آیت) ” فی شغل فکھون “ (کہ اپنے مشغلوں میں خوش دل ہوں گے) یعنی سارنگی بجانے سے وہ لطف اندوز ہوں گے۔ ابوحاتم (رح) نے فرمایا کہ یہ سننے میں غلطی ہوئی ہے یہ لفظ ضرب الاوتار نہیں ہے بلکہ ” اقتصاض الابکار “ ہے یعنی کنواری عورتوں سے جماع کریں گے۔ 10:۔ ابن جریر (رح) وابن المنذر (رح) وابن ابی حاتم (رح) سے روایت کیا کہ (آیت) ” وازواجھم “ سے ان کی بیویاں مراد ہیں۔
Top