تفسیر درِ منثور

Dure-Mansoor · 70. Al-Ma'aarij · Ayah 23

  1. الَّذِیْنَ هُمْ عَلٰى صَلَاتِهِمْ دَآئِمُوْنَ۪ۙ﴿23﴾

    1. الَّذِيْنَوہ نمازی
    2. هُمْوہ
    3. عَلٰيپر
    4. صَلَاتِهِمْاپنی نمازوں (پر)
    5. دَآئِمُوْنَدوام اختیار کرنے والے ہیں
Translation · Dure-Mansoor
جو اپنی نمازوں کی پابندی کرتے ہیں
Tafseer · Dure-Mansoor
12۔ عبد بن حمید نے ابراہیم تیمی (رح) سے روایت کیا کہ آیت الذین ہم علی صلاتہم دائمون سے مراد ہے فرض نماز۔ 13۔ ابن ابی شیبہ نے المصنف میں ابن مسعود ؓ سے روایت کیا کہ آیت الذین ہم علی صلاتہم دائمون سے مراد ہے وہ اپنی نمازیں ان کے اپنے اوقات پر ادا کرتے ہیں۔ 14۔ عبد بن حمید نے مسروق (رح) سے اسی طرح روایت کیا 15۔ ابن ابی شیبہ وابن المنذر نے عمران بن حصین ؓ سے روایت کیا کہ آیت الذین ہم علی صلاتہم دائمون سے مراد ہے کہ جو اپنی نماز میں ادھر ادھر متوجہ نہیں ہوتا۔ 16۔ عبد بن حمید وابن جریر وابن المنذر وابن ابی حاتم وابن مردویہ نے عقبہ بن عامر ؓ سے روایت کیا کہ آیت الذین ہم علی صلاتہم دائمون سے مراد ہے کہ وہ لوگ جب نماز پڑھتے ہیں تو ادھر ادھر متوجہ نہیں ہوتے۔ 17۔ ابن المنذر نے ابوالخیر (رح) سے روایت کیا کہ عقبہ بن عامر ؓ نے ان سے فرمایا کون ہے جو آیت الذین ہم علی صلاتہم دائمون۔ ہم نے عرض کیا جو ہمیشہ نمازیں پڑھتے ہیں فرمایا یہ مطلب نہیں لیکن وہ لوگ جب نماز پڑھتے ہیں تو دائیں اور بائیں طرف متوجہ نہیں ہوتے۔ دائمی عمل اللہ تعالیٰ کو محبوب ہے ٍ 18۔ ابن حبان نے ابو سلمہ ؓ سے روایت کیا کہ مجھے عائشہ ؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اتنا عمل کرو جتنی تم طاقت رکھتے ہو بلاشبہ اللہ تعالیٰ نہیں اکتاتے۔ یہاں تک کہ تم اکتا جاؤ۔ پھر فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ کی طرف سب سے محبوب عمل وہ ہے جو ہمیشہ ہو اگرچہ تھوڑا ہو۔ اور جب آپ نماز پڑھتے تو اس پر ہمیشگی اختیار فرماتے تھے ابو سلمہ ؓ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا آیت الذین ہم علی صلاتہم دائمون۔