تفسیر درِ منثور
Dure-Mansoor · 83. Al-Mutaffifin · Ayah 7
Tafseerكَلَّاۤ اِنَّ كِتٰبَ الْفُجَّارِ لَفِیْ سِجِّیْنٍؕ﴿7﴾
- كَلَّآہرگز نہیں
- اِنَّبیشک
- كِتٰبَاعمال نامہ
- الْفُجَّارِبدکاروں کا
- لَفِيْ سِجِّيْنٍالبتہ سجین میں
Translation · Dure-Mansoor
ہر گز نہیں، بدکار لوگوں کا اعمالنامہ سجین میں رہے گا
Tafseer · Dure-Mansoor
گناہ گاروں کے اعمال نامے سجین میں
18۔ ابن المبارک فی الزہد وعبد بن حمید وابن المنذر نے شمر بن عطیہ کے طریق سے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ انہوں نے کعب احبار ؓ سے اللہ تعالیٰ کے اس قول آیت کلا ان کتب الفجار لفی سجین۔ ہرگز ایسا نہیں بیشک نافرمانوں کے اعمال نامے سجین میں ہیں کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے فرمایا بیشک گنہگار اور بدکار کی روح کو لے کر فرشتہ آسمان کی طرف بلند ہوتا ہے لیکن آسمان اس کو قبول کرنے سے انکار کردیتا ہے پھر اس کو زمین کی طرف نیچے اتارتا ہے تو زمین بھی اس کو قبول کرنے سے انکا کردیتی ہے پھر وہ اسے لے کر ساتوں زمینوں کے نیچے داخل ہوجاتا ہے یہاتک کہ سجین کی طرف پہنچ جاتا ہے اور وہ ابلیس کا گڑھا ہے اس کے لیے ابلیس کے گھڑے کے نیچے سے ایک کتاب نکالی جاتی ہے۔ اس کو مہر لگائی جاتی ہے اور اس کو ابلیس کے گڑھے کے نیچے رکھ دیا جاتا ہے۔ تاکہ معلوم ہوجائے کہ حساب کے سبب یہ ہلاک ہوچکا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا آیت وما ادرک ما سجین کتب مرقوم۔ آپ کو کیا خبر سجین کیا ہے ایک دفتر ہے جس میں لکھا جاتا ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کا یہ قول ان کتب الفجار لفی سجین۔ بیشک نیکوں کے اعمال نام علییین میں ہیں پھر فرمایا مومن کی روح کو لے کر جب فرشتہ آسمان کی طرف چڑھتا ہے تو اس کے لیے آسمان کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں اور اس سے فرشتے انتہائی خوشی کے ساتھ ملاقات کرتے ہیں یہاں تک کہ اس کو عرش تک لے جاتے ہیں اور فرشتے بلندی کے زینے تک چڑھ جاتے ہیں اور پھر عرش کے نیچے سے اس کے لیے ایک سفید کاغذ نکالتے ہیں پھر اس پر لکھ دیا جاتا ہے اور مہر لگا دی جاتی ہے اور عرش کے نیچے رکھ دیا جاتا ہے قیامت کے دن حساب سے نجات کی پہچان کے لیے۔ اور مقرب فرشتے حاضر ہوتے ہیں اسی کو اللہ تعالیٰ نے فرمایا آیت ونما ادرک ما علیون کتب مرقوم اور آپ کو کیا خبر کہ علیین کیا ہے ایک دفتر ہے جس میں لکھا جاتا ہے۔
19۔ سعید بن منصور وابن المنذر نے محمد بن کعب ؓ نے اس آیت کے بارے میں روایت کیا کہ اللہ تعالیٰ نے فجار کے بارے میں جو وہ عمل کرتے ہیں سب سجین میں لکھ دیا ہے۔ اور وہ سب سے نیچے اور فجار کی انتہا اس پر ہوگی جو اللہ نے ان پر لکھ دیا اور ابرار اور نیک لوگوں کے بارے میں جو وہ عمل کرتے ہیں سب علیین میں لکھ دیا ہے اور وہ اوپر ہے اور ان کی انتہاء اس پر ہوگی جو اللہ تعالیٰ نے ان پر لکھ دیا ہے۔
20۔ ابن ابی حاتم نے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ سجین سب زمینوں کے نیچے ہے۔
21۔ ابن جریر نے ابوہریرہ ؓ سے روایت کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ الفلق جہنم میں ایک کنواں ہے جو ڈھانکا ہوا ہے۔ لیکن سجین کھلا ہوا ہے۔
22۔ عبد بن حمید وابن المنذر نے مجاہد (رح) سے روایت کیا کہ آیت کلا ان کتب الفجار لفی سجین یعنی ان عمل ساتویں زمین میں ہیں جو بلندی کی جانب نہیں چڑھ سکتے۔
23۔ عبد بن حمید نے مجاہد (رح) سے آیت کلا ان کتب الفجار لفی سجین۔ کے بارے میں روایت کیا کہ سب سے نچلی زمین کے نیچے کافروں کی روحیں ہیں۔ اور ان کے اعمال انتہائی برے اعمال ہیں۔
24۔ ابو الشیخ نے العظمہ میں والمحاملی نے امالیہ میں مجاہد (رح) سے روایت کیا کہ سجین ساتویں زمین کے نیچے جہنم میں ایک چٹان ہے اسے الٹایا جاتا ہے اور فجار کا اعمال نامہ اس کے نیچے رکھا جاتا ہے۔
25۔ عبد بن حمید نے فرقد (رح) سے روایت کیا کہ آیت کلا ان کتب الفجار لفی سجین سے مراد ہے کہ سجین نچلی زمین کے نیچے ہے۔
26۔ عبد بن حمید وعبد الرزاق نے قتادہ (رح) سے روایت کیا کہ آیت کلا ان کتب الفجار لفی سجین سے مراد ہے کہ سجین ساتویں زمین کے نیچے آیت کتب مرقوم وہ ایک لکھ ہوئی کتاب ہے۔ قتادہ (رح) سے روایت کیا کہ ہم کو یہ ذکر کیا گیا کہ عبداللہ بن عمر ؓ فرمایا کرتے تھے کہ سب سے نیچے والی زمین میں کفار کی روحیں اور ان کے برے اعمال ہیں۔
27۔ ابن مردویہ نے حضرت عائشہ ؓ سے روایت کیا کہ نبی مکرم ﷺ نے فرمایا کہ سجین سب سے نیچے والی ساتویں زمین ہے۔
28۔ عبد بن حمید نے عبداللہ بن عمرو ؓ سے روایت کیا کہ نیچے والی زمین میں کافروں کی روحیں اور ان کے برے اعمال ہیں۔