تفسیر درِ منثور
Dure-Mansoor · 83. Al-Mutaffifin · Ayah 9
Tafseerكِتٰبٌ مَّرْقُوْمٌؕ﴿9﴾
- كِتٰبٌایک دفتر
- مَّرْقُوْمٌلکھا ہوا
Translation · Dure-Mansoor
وہ ایک نشان کیا ہوا دفتر ہے
Tafseer · Dure-Mansoor
29۔ ابن المبارک نے ابن جریج (رح) سے روایت کیا کہ مجھ کو یہ بات پہنچی ہے کہ سجین نیچے والی زمین ہے اور مرقوم سے مراد ہے لکھا ہوا۔ یعنی مرقوم سے مراد ہے۔ لکھی ہوئی کتاب۔
30۔ عبد بن حمید نے قتادہ (رح) سے روایت کیا کہ آیت کتب مرقوم سے مراد ہے کہ ان کیلیے شر لکھ دیا گیا۔
31۔ ابن المنذر نے عکرمہ (رح) سے روایت کیا کہ آیت لفی سجین سے مراد ہے کہ وہ بہت خسارہ پانے والے ہیں۔
32۔ ابن مردویہ نے جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت کیا کہ مجھ کو رسول اللہ ﷺ نے بیان فرمایا کہ فرشتہ بندے کے عمل کو لے کر بلندی کی طرف چڑھتا ہے وہ دکھائی دیتا ہے کہ ہاتھوں میں انتہائی فرحت ہے یہاں تک کہ وہ مقرر مقام تک پہنچ کر رک جاتا ہے جس کو اللہ نے اس کے لیے مقرر فرمادیا وہ وہاں اس عمل کو رکھتا ہے تو جبار یعنی اللہ تعالیٰ اس کے اوپر سے اس کو آواز دیتے ہیں۔ جو کچھ تیرے پاس ہے اس کو سجین میں پھینک دے اور سجین ساتویں زمین ہے پھر فرشتہ کہتا ہے۔ میں صرف اس کی طرف حق کو اٹھاکر لایا ہوں تو اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں تو نے سچ کہا مگر جو کچھ تیرے پاس ہے اس کو سجین میں پھینک دے۔
33۔ عبد بن حمید وابن امجہ والطبرانی اور بیہقی نے البعث میں عبداللہ بن کعب بن مالک ؓ سے روایت کیا کہ جب کعب ؓ کی وفات کا وقت قریب آیت تو ام بشر بنت البراء ؓ حاضر ہوئیں اور کہنے لگیں اگر آپ کی ملاقات میرے بیٹے سے ہو تو میرا اس کو سلام کہنا تو کعب ؓ نے اس سے فرمایا اے ام بشر اللہ تیری مغفرت فرمائے ہم تو اس سے کہیں نیچے ہوں گے۔ ام بشیر ؓ نے کہا کیا تم نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے نہیں سنا کہ مومن کی روح جنت میں گھومتی پھرتی ہے۔ جہاں چاہتی ہے اور کافر کی روح سجین میں۔ فرمایا ہاں وہ اسی طرح ہے۔
34۔ ابن المبارک نے سعید بن المسیب (رح) سے روایت کیا کہ سلمان اور عبداللہ بن سلام ؓ دونوں آپس میں ملے۔ ان میں سے ایک نے اپنے ساتھی سے کہا اگر تو مجھ سے پہلے مرجائے تو مجھ سے ملاقات کرنا کہ مجھ کو خبردینا کہ تیرے رب نے تیرے ساتھ کیا معاملہ کیا ؟ اور اگر میں تجھ سے پہلے مرگیا تو میں تجھ سے ملوں گا۔ اور میں تجھ کو خبر دوں گا۔ عبداللہ ؓ نے فرمایا یہ کیسے ہوگا ؟ تو دوسرے ساتھی نے کہا یاں یہ ٹھیک ہے کہ مومنین کی روحیں عالم برزخ میں زمین میں جہا چاہتی ہیں جاسکتی ہیں اور کافر کی روح سجین میں ہوتی ہے۔ واللہ اعلم۔