IntroSurah Introduction

فہم القرآن

Fahm-ul-Quran · 2. Al-Baqara · Ayah 20

  1. یَكَادُ الْبَرْقُ یَخْطَفُ اَبْصَارَهُمْ١ؕ كُلَّمَاۤ اَضَآءَ لَهُمْ مَّشَوْا فِیْهِ١ۙۗ وَ اِذَاۤ اَظْلَمَ عَلَیْهِمْ قَامُوْا١ؕ وَ لَوْ شَآءَ اللّٰهُ لَذَهَبَ بِسَمْعِهِمْ وَ اَبْصَارِهِمْ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ۠ع﴿20﴾

    1. يَكَادُقریب ہے
    2. الْبَرْقُبجلی
    3. يَخْطَفُاچک لے
    4. اَبْصَارَھُمْانکی نگاہیں
    5. كُلَّمَآجب بھی
    6. اَضَآءَّّوہ چمکی
    7. لَھُمْان پر
    8. مَّشَوْاچل پڑے
    9. فِيْهِاس میں
    10. وَاِذَآاور جب
    11. اَظْلَمَاندھیرا ہوا
    12. عَلَيْهِمْان پر
    13. قَامُوْاوہ کھڑے ہوئے
    14. وَلَوْاور اگر
    15. شَآءَچاہتا
    16. اللّٰهُاللہ
    17. لَذَھَبَچھین لیتا
    18. بِسَمْعِهِمْان کی شنوا ئی
    19. وَاَبْصَارِهِمْاور ان کی آنکھیں
    20. اِنَّبیشک
    21. اللّٰهَاللہ
    22. عَلٰيپر
    23. كُلِّہر
    24. شَىْءٍچیز
    25. قَدِيْرٌقادر
Translation · Fahm-ul-Quran
قریب ہے کہ بجلی ان کی آنکھیں اچک لے جائے۔ جب ان کے لیے روشنی ہوتی ہے تو اس میں چلتے پھرتے ہیں اور جب ان پر اندھیرا ہوتا ہے۔ تو کھڑے ہوجاتے ہیں۔ اگر اللہ چاہے تو ان کے کانوں اور ان کی آنکھوں کو لے جائے۔ یقیناً اللہ ہر چیز پر قدرت رکھنے والا ہے
Tafseer · Fahm-ul-Quran

منافق کا کردار یہ ہوتا ہے کہ اسلام اور مسلمانوں سے فائدہ حاصل ہونے کی توقع ہو تو منافق مسلمانوں کے ساتھ ہوتا ہے بلکہ مخلص مسلمانوں سے بھی چار قدم آگے بڑھنے کی کوشش کرتا ہے لیکن جوں ہی اس کے مفاد کو ٹھیس پہنچنے کا خدشہ ہو تو اس کے قدم جم جاتے ہیں۔ منافقوں کی حرکات اور منافقت کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے ان کی سمع و بصر کی حقیقی صلاحیتیں سلب کرلی ہیں۔ اگر ربِّ ذوالجلال چاہے تو ان کے کان اور آنکھوں کی جسمانی صلاحیتوں کو بھی مسخ کر دے کیونکہ قادر مطلق کی طاقت سے کوئی چیز بھی باہر نہیں ہے۔

(عَنْ أَبِيْ مُوْسٰی ؓ عَنِ النَّبِيِّ ﷺ قَالَ مَثَلُ مَابَعَثَنِيَ اللّٰہُ بِہٖ مِنَ الْھُدٰی وَالْعِلْمِ کَمَثَلِ الْغَیْثِ الْکَثِیْرِ أَصَابَ أَرْضًا فَکَانَ مِنْھَا نَقِیَّۃٌ قَبِلَتِ الْمَآءَ فَأَنْبَتَتِ الْکَلَأَ وَالْعُشْبَ الْکَثِیْرَ وَکَانَتْ مِنْھَآ أَجَادِبُ أَمْسَکَتِ الْمَآءَ فَنَفَعَ اللّٰہُ بِھَا النَّاسَ فَشَرِبُوْا وَسَقَوْا وَزَرَعُوْا وَأَصَابَتْ مِنْھَا طَاءِفَۃٌ أُخْرٰی إِنَّمَا ھِيَ قِیْعَانٌ لَاتُمْسِکُ مَاءً وَلَاتُنْبِتُ کَلَأً فَذٰلِکَ مَثَلُ مَنْ فَقُہَ فِيْ دِیْنِ اللّٰہِ وَنَفَعَہٗ مَابَعَثَنِيَ اللّٰہُ بِہٖ فَعَلِمَ وَعَلَّمَ وَمَثَلُ مَنْ لَّمْ یَرْفَعْ بِذٰلِکَ رَأْسًا وَلَمْ یَقْبَلْ ھُدَی اللّٰہِ الَّذِيآ أُرْسِلْتُ بِہٖ ) (رواہ البخاری : کتاب العلم، باب فضل من علم)

” حضرت ابوموسیٰ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول محترم ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ نے جس علم اور ہدایت کے ساتھ مجھے بھیجا ہے اس کی مثال زمین پر مسلسل برسنے والی بارش کی طرح ہے۔ زمین کا جو قطعہ اچھا تھا اس نے اسے قبول کیا۔ اس نے گھاس اور سبزے کو خوب اگایا۔ دوسری زمین سخت تھی پانی جذب ہونے کی بجائے اس پر کھڑارہا۔ اللہ تعالیٰ نے اس سے لوگوں کو فائدہ پہنچایا۔ لوگوں نے خود پانی پیا اور جانوروں کو پلایا اور پھر اس سے کھیتی باڑی کی جبکہ تیسرا زمین کا ٹکڑا چٹیل میدان تھا نہ اس نے پانی جذب کیا اور نہ ہی پانی اس کے اوپر ٹھہرا۔ اللہ تعالیٰ نے جو دین دے کر مجھے مبعوث فرمایا اس دین کی فہم حاصل کرنے والے اور اس سے نفع اٹھانے والے کی مثال ایسے ہے کہ اس نے علم سے فائدہ اٹھایا خود سیکھا اور لوگوں کو بھی تعلیم دی۔ دوسری مثال اس شخص کی طرح ہے جس نے بےپرواہی سے علم کی طرف توجہ نہ کی اور نہ ہی اس بات کو قبول کیا جس کے ساتھ مجھے بھیجا گیا۔ “

مسائل

1۔ دین اسلام باران رحمت ہے۔ 2۔ اسلام پر عمل پیرا ہونے میں آزمائشیں بھی آتی ہیں۔

3۔ منافق صرف فائدے کی بنیاد پر اسلام پر عمل کرتا ہے۔ 4۔ منافق کسی آزمائش میں پورا نہیں اترتا۔

5۔ اللہ تعالیٰ چاہے تو منافقین کے سمع وبصر ختم کردے۔ 6۔ اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قدرت وسطوت رکھنے والا ہے۔

7۔ اللہ تعالیٰ کافروں کی گرفت کرنے والا ہے۔