IntroSurah Introduction

فہم القرآن

Fahm-ul-Quran · 20. Taa-Haa · Ayah 80

  1. یٰبَنِیْۤ اِسْرَآءِیْلَ قَدْ اَنْجَیْنٰكُمْ مِّنْ عَدُوِّكُمْ وَ وٰعَدْنٰكُمْ جَانِبَ الطُّوْرِ الْاَیْمَنَ وَ نَزَّلْنَا عَلَیْكُمُ الْمَنَّ وَ السَّلْوٰى﴿80﴾

    1. يٰبَنِيْٓ اِسْرَآءِيْلَاے بنی اسرائیل
    2. قَدْتحقیق
    3. اَنْجَيْنٰكُمْہم نے تمہیں نجات دی
    4. مِّنْسے
    5. عَدُوِّكُمْتمہارا دشمن
    6. وَوٰعَدْنٰكُمْاور ہم نے تم سے وعدہ کیا
    7. جَانِبَجانب
    8. الطُّوْرِ الْاَيْمَنَکوہ طور دائیں
    9. وَنَزَّلْنَااور ہم نے اتارا
    10. عَلَيْكُمُتم پر
    11. الْمَنَّمن
    12. وَالسَّلْوٰىاور سلوی
Translation · Fahm-ul-Quran
” اے بنی اسرائیل ہم نے تمہیں تمہارے دشمن سے بچایا اور طور کے دائیں جانب تمہاری حاضری کے لیے وقت مقرر کیا اور تم پر من سلویٰ اتارا۔ (80)
Tafseer · Fahm-ul-Quran

فہم القرآن

ربط کلام : فرعون اور اس کے ساتھیوں کی غرقابی کے بعد بنی اسرائیل کے احوال کا ذکر۔

اللہ تعالیٰ نے آل فرعون کو غرق کرنے کے بعد بنی اسرائیل کو ارشاد فرمایا کہ ہم نے تمہارے دشمن سے تمہیں نجات دی اور اور پر اپنی طرف سے من اور سلویٰ نازل کرنے کے بعد تمہیں حکم دیا کہ جو کچھ ہم نے تمہیں حلال طیب عطا فرمایا ہے۔ اسے کھاؤ اور حد سے گزرنے کی کوشش نہ کرو۔ اگر تم حد سے آگے بڑھنے کی کوشش کروگے تو میرا غضب تم پر نازل ہوگا۔ جس پر میرا غضب نازل ہوا وہ ہلاک ہوگیا۔ پہلی آیت میں نہایت اختصار کے ساتھ تین واقعات کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔

1۔ بنی اسرائیل کو ان کے دشمن فرعون اور اس کے ساتھیوں سے نجات دلانا۔ دیگر مقامات پر اس کی تفصیل بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا ہے کہ اے بنی اسرائیل ! اپنے رب کے اس احسان کو یاد کرو جب اس نے تمہیں فرعون اور اس کے ساتھیوں کے مظالم سے نجات دی۔ فرعون تمہیں بدترین سزائیں دینے کے ساتھ تمہارے بیٹوں کو قتل کرتا اور تمہاری بیٹیوں کو باقی رہنے دیتا تھا۔ یہ تمہارے لیے بہت بڑی آزمائش تھی۔ ہم نے تمہارے لیے سمندر کو پھاڑ دیا تاکہ تم سلامتی کے ساتھ اس سے گزر جاؤ اور تمہارے سامنے فرعون اور اس کے لاؤ و لشکر کو غرق کردیا۔ (البقرۃ : 49۔ 50)

2۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے بنی اسرائیل کو حکم دیا کہ بیت المقدس میں داخل ہوجاؤ۔ اللہ تعالیٰ نے اس کی فتح تمہارے مقدر میں لکھ دی ہے۔ لیکن تم نے یہ کہہ کر انکار کیا کہ ہم بیت المقدس میں داخل نہیں ہوں گے کیونکہ وہاں بڑے طاقتور لوگ رہتے ہیں۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے تمہیں بار بار سمجھایا لیکن تم نے ان کا حکم ماننے کی بجائے اس حد تک گستاخی کی کہ اے موسیٰ تو اور تیرا خدا جا کر لڑو ہم تو یہاں بیٹھے رہیں گے۔ تفصیل کے لیے المائدۃ : 20 تا 24 آیات کی تلاوت کریں۔

لیکن اس کے باوجود اللہ تعالیٰ نے تم پر من وسلویٰ نازل کیا اور حکم فرمایا اللہ کے دیے ہوئے حلال و طیب کو کھاؤ اور سرکشی اختیار نہ کرنا۔ جس نے سرکشی اختیار کی اس پر اللہ تعالیٰ کا غضب نازل ہوگا اور جس پر اس کا غضب نازل ہوا وہ دنیا میں برباد ہوا اور آخرت میں اسے اذیّت ناک عذاب ہوگا۔ جس نے تائب ہو کر اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کی اور صالح اعمال کرتا رہا۔ اللہ تعالیٰ اسے معاف کرتے ہوئے ہدایت سے سرفراز کرے گا۔

3۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو حکم فرمایا کہ اے موسیٰ ! طورپہاڑ کی دائیں جانب فلاں جگہ پر پہنچ جاؤ تاکہ تمہیں تورات عنایت کی جائے۔ موسیٰ (علیہ السلام) نے اپنے بھائی ہارون (علیہ السلام) کو بنی اسرائیل کی ذمہ داری دے کر کوہ طور کے دامن میں مقررہ وقت اور مقام پر پہنچے تو ان کے پیچھے بنی اسرائیل نے بچھڑے کی عبادت شروع کردی۔ اس کے باوجود اللہ تعالیٰ نے تمہاری توبہ قبول فرمائی۔

مسائل

1۔ اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل کو ان کے دشمن سے نجات دی۔ 2۔ اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل پر من وسلویٰ نازل کیا۔

3۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو کوہ طور کے دامن میں تورات عطا فرمائی۔

4۔ اللہ کے باغیوں کے لیے دنیا میں بربادی اور آخرت میں ذلت ہوگی۔ 5۔ جو اپنے رب کے حضور تائب ہوگا وہ مزید ہدایت پائے گا۔

تفسیر بالقرآن

بنی اسرائیل پر اللہ تعالیٰ کے احسانات کی ایک جھلک :

1۔ اے بنی اسرائیل میری نعمتوں کو یاد کرو جو میں نے تم پر انعام فرمائیں۔ (البقرۃ : 47)

2۔ بنی اسرائیل کو ساری دنیا پر فضیلت دی گئی۔ (البقرۃ : 47) 3۔ اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل کو آل فرعون سے نجات دی۔ (البقرۃ : 49)

4۔ بنی اسرائیل کے لیے سمندر کو پھاڑا گیا۔ ( البقرۃ : 50) 5۔ اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل پر من وسلویٰ نازل کیا۔ ( طٰہٰ : 86)

6۔ اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل کے لیے بارہ چشمے جاری فرمائے۔ (الاعراف : 160)