فہم القرآن
Fahm-ul-Quran · 20. Taa-Haa · Ayah 86
فَرَجَعَ مُوْسٰۤى اِلٰى قَوْمِهٖ غَضْبَانَ اَسِفًا١ۚ۬ قَالَ یٰقَوْمِ اَلَمْ یَعِدْكُمْ رَبُّكُمْ وَعْدًا حَسَنًا١ؕ۬ اَفَطَالَ عَلَیْكُمُ الْعَهْدُ اَمْ اَرَدْتُّمْ اَنْ یَّحِلَّ عَلَیْكُمْ غَضَبٌ مِّنْ رَّبِّكُمْ فَاَخْلَفْتُمْ مَّوْعِدِیْ﴿86﴾
- فَرَجَعَپس لوٹا
- مُوْسٰٓىموسیٰ
- اِلٰى قَوْمِهٖاپنی قوم
- غَضْبَانَغصہ مٰں بھرا ہوا
- اَسِفًاافسوس کرتا
- قَالَاس نے کہا
- يٰقَوْمِاے میری قوم
- اَلَمْ يَعِدْكُمْکیا تم سے وعدہ نہیں کیا تھا
- رَبُّكُمْتمہارا رب
- وَعْدًا حَسَنًااچھا وعدہ
- اَفَطَالَکیا طویل ہوگئی
- عَلَيْكُمُتم پر
- الْعَهْدُمدت
- اَمْ اَرَدْتُّمْیا تم نے چاہا
- اَنْ يَّحِلَّکہ اترے
- عَلَيْكُمْتم پر
- غَضَبٌغضب
- مِّنْسے۔ کا
- رَّبِّكُمْتمہارا رب
- فَاَخْلَفْتُمْپھر تم نے خلاف کیا
- مَّوْعِدِيْمیرا وعدہ
فہم القرآن
ربط کلام : اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس بات کی اطلاع پا کر کہ قوم گمراہ ہوچکی ہے۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کا فوری طور پر اپنی قوم کی طرف پلٹنا۔
مدّت پوری ہوتے ہی حضرت موسیٰ (علیہ السلام) فی الفور اپنی قوم کی طرف آئے اور غضب ناک ہو کر پے درپے ان سے تین سوال کیے۔ کیا تمہارے رب نے تمہاری ہدایت اور بھلائی کے لیے مجھے تورات دینے کے لیے طور پہاڑ پر نہیں بلایا تھا اور میں تمہیں بتلا کر نہیں گیا تھا ؟ کیا میرے جانے کی مدت بہت طویل ہوگئی تھی ؟ یا پھر تم نے دانستہ طور پر چاہا کہ تم پر اللہ کا غضب نازل ہو ؟ بہر حال تم نے میرے ساتھ وعدہ خلافی کی ہے۔ گمراہ ہونے والے لوگوں نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کا کلمہ پڑھا تھا۔ کلمہ کا معنی ہی یہ ہے کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور اس وقت کے مطابق موسیٰ اللہ کے رسول تھے۔ رسول کا معنی ہے جس کی پوری یکسوئی کے ساتھ تابعداری کی جائے۔ اس کے باوجود بنی اسرائیل کی غالب اکثریت نے موسیٰ (علیہ السلام) کی صرف چالیس دن کی غیر حاضری پر اس عہد کو توڑ دیا حالانکہ ان کی رہنمائی کے لیے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اپنے بڑے بھائی حضرت ہارون (علیہ السلام) کو چھوڑ گئے تھے۔ جو حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے معاون اور نبی تھے۔ حضرت ہارون (علیہ السلام) کی سرتوڑ کوشش کے باوجود یہ لوگ گمراہ ہوگئے۔
مسائل
1۔ بنی اسرائیل بہت ہی تھوڑی مدت میں گمراہ ہوگئے۔ 2۔ بنی اسرائیل نہایت احسان فراموش اور جلد بازقوم ہے۔