IntroSurah Introduction

فہم القرآن

Fahm-ul-Quran · 32. As-Sajda · Ayah 12

  1. وَ لَوْ تَرٰۤى اِذِ الْمُجْرِمُوْنَ نَاكِسُوْا رُءُوْسِهِمْ عِنْدَ رَبِّهِمْ١ؕ رَبَّنَاۤ اَبْصَرْنَا وَ سَمِعْنَا فَارْجِعْنَا نَعْمَلْ صَالِحًا اِنَّا مُوْقِنُوْنَ﴿12﴾

    1. وَلَوْاور اگر
    2. تَرٰٓيتم دیکھو
    3. اِذِجب
    4. الْمُجْرِمُوْنَمجرم (جمع)
    5. نَاكِسُوْاجھکائے ہوں گے
    6. رُءُوْسِهِمْاپنے سر
    7. عِنْدَ رَبِّهِمْ ۭاپنے رب کے سامنے
    8. رَبَّنَآاے ہمارے رب
    9. اَبْصَرْنَاہم نے دیکھ لیا
    10. وَسَمِعْنَااور ہم نے سن لیا
    11. فَارْجِعْنَاپس ہمیں لوٹا دے
    12. نَعْمَلْہم عمل کریں گے
    13. صَالِحًااچھے عمل
    14. اِنَّابیشک ہم
    15. مُوْقِنُوْنَیقین کرنے والے
Translation · Fahm-ul-Quran
کاش تم اس وقت دیکھو جب مجرم سر جھکائے اپنے رب کے حضور کھڑے ہوں گے کہیں گے اے ہمارے رب ہم نے اچھی طرح دیکھ لیا اور سن لیا، اب ہمیں واپس بھیج دے تاکہ ہم نیک عمل کریں، کیونکہ ہمیں یقین ہوگیا ہے
Tafseer · Fahm-ul-Quran

فہم القرآن

ربط کلام : جو لوگ مر کر جی اٹھنے کا انکار کرتے ہیں قیامت کے دن ان کی حالت دیدنی ہوگی۔

سروردوعالم ﷺ سے منکرین قیامت اس بات پر جھگڑا کرتے تھے کہ مرنے کے بعد کسی نے زندہ نہیں ہونا حالانکہ قرآن مجید نے مرنے کے بعد جی اٹھنے کے درجنوں دلائل دئیے ہیں جن میں ثبوت کے طور پر عزیر (علیہ السلام) اور ان کے گدھے کا زندہ کیا جانا، ابراہیم (علیہ السلام) کے سامنے چار پرندوں کا دوبارہ زندہ ہونا، اصحاب کہف کا (309) تین سو نوسال بعد جی اٹھنا، موسیٰ (علیہ السلام) کے سامنے مقتول کا زندہ ہونا بنی اسرائیل کے ہزاروں لوگوں کا مرنے کے بعد زندہ کیا جانا۔ (البقرہ آیت 259) عیسیٰ ( علیہ السلام) کا مردوں کو زندہ کرنا۔ (المائدہ : 110)

اس بات کا کھلا ثبوت ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہر صورت لوگوں کو دوبارہ پیدا فرما کر اپنی بارگاہ میں حاضر کرے گا جب منکرین قیامت اس کی بارگاہ میں پیش ہوں گے تو وہ ذلّت اور خوف کی وجہ سے اپنے رب کے سامنے گردنیں جھکائے ہوئے فریاد پر فریاد کریں گے۔ اے ہمارے رب ! ہم نے اپنی آنکھوں سے قیامت دیکھ لی اور سب کچھ اپنے کانوں سے سن لیا ہے اب ہمیں واپس جانے دیجیے تاکہ ہم نیک عمل کریں کیونکہ اب ہمیں یقین ہوچکا ہے کہ قیامت برحق ہے۔

مسائل

1۔ قیامت کے دن ذلّت اور خوف کی وجہ سے مجرم سرجھکائے ہوئے ہوں گے۔ 2۔ مجرم دنیا میں واپس لوٹنے کی فریاد کریں گے۔

تفسیر بالقرآن

قیامت کے دن مجرمین کی فریادیں :

1۔ جہنمی کہیں گے اے اللہ ہم نے دیکھ لیا اور سن لیا اب ہم کو واپس لوٹا دے۔ (السجدۃ : 12)

2۔ اے ہمارے پروردگار ہمیں یہاں سے نکال ہم پہلے سے نیک عمل کریں گے۔ (الفاطر : 37۔ المومنون : 107)