Tafseer-e-Jalalain - Al-Maaida : 91
اِنَّمَا یُرِیْدُ الشَّیْطٰنُ اَنْ یُّوْقِعَ بَیْنَكُمُ الْعَدَاوَةَ وَ الْبَغْضَآءَ فِی الْخَمْرِ وَ الْمَیْسِرِ وَ یَصُدَّكُمْ عَنْ ذِكْرِ اللّٰهِ وَ عَنِ الصَّلٰوةِ١ۚ فَهَلْ اَنْتُمْ مُّنْتَهُوْنَ
اِنَّمَا : اس کے سوا نہیں يُرِيْدُ : چاہتا ہے الشَّيْطٰنُ : شیطان اَنْ يُّوْقِعَ : کہ دالے وہ بَيْنَكُمُ : تمہارے درمیان الْعَدَاوَةَ : دشمنی وَالْبَغْضَآءَ : اور بیر فِي : میں۔ سے الْخَمْرِ : شراب وَالْمَيْسِرِ : اور جوا وَيَصُدَّكُمْ : اور تمہیں روکے عَنْ : سے ذِكْرِ اللّٰهِ : اللہ کی یاد وَ : اور عَنِ الصَّلٰوةِ : نماز سے فَهَلْ : پس کیا اَنْتُمْ : تم مُّنْتَهُوْنَ : باز آؤگے
شیطان تو یہ چاہتا ہے کہ شراب اور جُوئے کے سبب تمہارے آپس میں دشمنی اور رنجش ڈلوا دے اور تمہیں خدا کی یاد سے اور نماز سے روک دے تو تم کو (ان کاموں سے) باز رہنا چاہئے۔
اِنّما یرید الشیطان ان یوقع بینکم العَدَاوۃ والبغضاء، یہ شراب اور جوئے کے مزید معاشرتی اور ذینی نقصانات کا بیان ہے جو محتاج وضاحت نہیں، اسلئے شراب کو ام الخبائث کہا جاتا ہے، اور جو ابھی ایسی بری لت ہے کہ یہ انسان کو کسی کام کا نہیں چھوڑتی اور بسا اوقات رئیس زادوں اور پشتینی جاگیروں کو مفسل و قلاش بنا دیتی ہے۔ جوا شراب کی دنیوی مضرتیں : شراب نوشی اور قمار بازی کی دنیاوی مضرتوں اور اخلاقی قباحتوں کو اگر لکھا جائے تو ایک بڑا دفتر تیار ہوسکتا، قرآن مجید نے یہاں ان کی صرف سب سے بڑی مضرت خانہ جنگی کی طرف اشارہ کیا ہے شراب وقمار دونوں کے مضر اثرات شروفساد کی شکل میں روزانہ مشاہدے میں آتے ہیں، شراب نوشی اور جرائم میں قریبی بلکہ چولی دامن کا ساتھ ہے آج ماہرین کے فراہم کردہ اعداد و شمار سے یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہوگئی ہے کہ شراب و جوا کا جرائم سے بہت قریبی تعلق ہے جوئے اور شراب نوشی کی لت میں پڑ کر بڑے بڑے مشاہیر اکابر کا اپنی دولت عزت حتیٰ کہ سلطنت تک گنوا بیٹھنا ہندوستان کی قدیم ترین تاریخی قصہ مہابھارت سے ظاہر ہے۔ عرب جاہلیت کے مہذب باشندے ان دونوں بلاؤں میں بری طرح مبتلا تھے ٹھیک اسی طرح جس طرح آج فرنگ کی مہذب آبادی پر بھی دونوں بلائیں بری طرح مسلط ہیں۔
Top