Kashf-ur-Rahman - An-Noor : 26
اَلْخَبِیْثٰتُ لِلْخَبِیْثِیْنَ وَ الْخَبِیْثُوْنَ لِلْخَبِیْثٰتِ١ۚ وَ الطَّیِّبٰتُ لِلطَّیِّبِیْنَ وَ الطَّیِّبُوْنَ لِلطَّیِّبٰتِ١ۚ اُولٰٓئِكَ مُبَرَّءُوْنَ مِمَّا یَقُوْلُوْنَ١ؕ لَهُمْ مَّغْفِرَةٌ وَّ رِزْقٌ كَرِیْمٌ۠   ۧ
اَلْخَبِيْثٰتُ : ناپاک (گندی) عورتیں لِلْخَبِيْثِيْنَ : گندے مردوں کے لیے وَالْخَبِيْثُوْنَ : اور گندے مرد لِلْخَبِيْثٰتِ : گندی عورتوں کے لیے وَالطَّيِّبٰتُ : اور پاک عورتیں لِلطَّيِّبِيْنَ : پاک مردوں کے لیے وَالطَّيِّبُوْنَ : اور پاک مرد (جمع) لِلطَّيِّبٰتِ : پاک عورتوں کے لیے اُولٰٓئِكَ : یہ لوگ مُبَرَّءُوْنَ : مبرا ہیں مِمَّا : اس سے جو يَقُوْلُوْنَ : وہ کہتے ہیں لَهُمْ : ان کے لیے مَّغْفِرَةٌ : مغفرت وَّرِزْقٌ : اور روزی كَرِيْمٌ : عزت کی
ناپاک باتیں ناپاک لوگوں کے لئے زیبا ہیں اور ناپاک لوگ ناپاک باتوں کے لئے موزوں ہیں اور پاکیزہ باتیں پاک لوگوں کے لئے مناسب ہیں اور پاک لوگ پاکیزہ باتوں کے لئے موزوں ہیں وہ لوگ اس بہتان سے بالکل پاک ہی جو یہ طوفان اٹھانے والے کہتے پھرتے ہیں ان بےگناہوں کیلئے بڑی بخشش اور باعزت روزی ہے
(26) ناپاک عورتیں گندے مردوں کے لائق ہیں اور ناپاک مرد گندی عورتوں کے لئے موزوں ہیں اور پاک عورتیں پاکیزہ اور ستھرے مردوں کے لائق ہیں اور پاکیزہ مرد پاکیزہ اور ستھری عورتوں کے لئے موزوں ہیں وہ لوگ اس بہتان اور طوفان سے بالکل بری اور پاک ہیں جو یہ منافق کہتے پھرتے ہیں۔ ان پاک اور بےگناہ لوگوں کے لئے بڑی بخشش اور باعزت روزی ہے۔ آیت کی دو طرح تفسیر کی گئی ہے ہم نے ترجمے اور تیسیر میں دونوں کی رعایت رکھی ہے۔ مطلب یہ ہے کہ پاکیزہ عورتیں ستھرے مردوں کے لائق ہیں اور ستھرے مرد پاکیزہ عورتوں کے لئے مناسب اور موزوں ہیں۔ اسی طرح گندی عورتیں ناپاک مردوں کے لئے اور گندے مرد ناپاک عورتو کے لئے۔ یا یہ مطلب ہے کہ ناپاک باتیں گندے لوگوں کو زیبا اور موزوں ہیں اور گندے لوگ گندی باتوں کے لئے مناسب ہیں۔ اسی طرح پاک باتیں ستھرے لوگوں کے لئے مناسب و لائق ہیں اور پاک لوگ ستھری باتوں کے لئے موزوں ہیں۔ غرض ! خاندان نبوت جو پاکیزہ حضرات کا خاندان ہے ان کے ہاں گندی باتوں اور فحش عورتوں کا کیا کام وہ لوگ اس قسم فحش باتوں سے بالکل بری اور پاک ہیں جو یہ منافق بکتے پھرتے ہیں ان کے لئے ان کی شان کے موافق مغفرت و بخشش کا برتائو ہونے والا ہے اور باعزت روزی ملنے والی ہے۔ حضرت شاہ صاحب (رح) فرماتے ہیں ابن عباس نے کہا کہ کسی پیغمبر کی عورت بدکار نہیں ہوئی۔ یعنی اللہ ان کیے ناموس کی نگہبانی کرتا ہے۔
Top