Tafseer-e-Madani - An-Noor : 23
اِنَّ الَّذِیْنَ یَرْمُوْنَ الْمُحْصَنٰتِ الْغٰفِلٰتِ الْمُؤْمِنٰتِ لُعِنُوْا فِی الدُّنْیَا وَ الْاٰخِرَةِ١۪ وَ لَهُمْ عَذَابٌ عَظِیْمٌۙ
اِنَّ : بیشک الَّذِيْنَ يَرْمُوْنَ : جو لوگ تہمت لگاتے ہیں الْمُحْصَنٰتِ : پاکدامن (جمع) الْغٰفِلٰتِ : بھولی بھالی انجان الْمُؤْمِنٰتِ : مومن عورتیں لُعِنُوْا : لعنت ہے ان پر فِي الدُّنْيَا : دنیا میں وَالْاٰخِرَةِ : اور آخرت وَلَهُمْ : اور ان کے لیے عَذَابٌ : عذاب عَظِيْمٌ : بڑا
جو لوگ تہمت لگاتے ہیں پاک دامن، بھولی بھالی، ایماندار عورتوں کو اور ان پر لعنت اور پھٹکار ہے دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی اور ان کے لیے بہت بڑا عذاب ہے۔2
37 پاکدامن ایماندار عورتوں پر تہمت لگانا باعث لعنت و پھٹکار۔ والعیاذ باللہ : سو ارشاد فرمایا گیا کہ جو لوگ پاکدامن بھولی بھالی ایماندار عورتوں پر تہمت لگاتے ہیں ان پر لعنت و پھٹکار ہے دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی۔ سو ارشاد فرمایا گیا کہ ایسے لوگوں پر لعنت و پھٹکار ہے اور وہ خدا تعالیٰ کی رحمت سے دور کر دئے گئے۔ یہاں بھی اور وہاں بھی ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو پاکدامن بھولی بھالی ایماندار عورتوں پر تہمت لگانا ایسا سنگین جرم ہے کہ اس کے مرتکب نہ یہاں دنیا میں کوئی عزت و احترام پائیں گے نہ آخرت میں۔ دنیا میں تو عنقریب ہی ان کی جڑ کٹ کر رہے گی اور آخرت میں ان کیلئے عذاب عظیم مقرر ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ چناچہ حضرت عائشہ ؓ پر عیب لگانے والے ان منافقین کی اس کے تھوڑے ہی عرصہ بعد جڑ کٹ کر رہ گئی اور ان کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوگیا ۔ والحمد للہ ۔ اللہ تعالیٰ کی لعنت و پھٹکار کا باعث اور موجب ہر عمل اور اس کے ہر شائبے سے ہمیشہ محفوظ اور اپنی پناہ میں رکھے اور ہمیشہ اپنی رضا و خوشنودی کی راہوں پر چلنا نصیب فرمائے ۔ آمین۔
Top