Tafseer-e-Madani - Al-Ankaboot : 23
وَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا بِاٰیٰتِ اللّٰهِ وَ لِقَآئِهٖۤ اُولٰٓئِكَ یَئِسُوْا مِنْ رَّحْمَتِیْ وَ اُولٰٓئِكَ لَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ
وَالَّذِيْنَ : اور وہ لوگ جنہوں نے كَفَرُوْا : انکار کیا بِاٰيٰتِ اللّٰهِ : اللہ کی نشانیوں کا وَلِقَآئِهٖٓ : اور اس کی ملاقات اُولٰٓئِكَ : یہی ہیں يَئِسُوْا : وہ ناامید ہوئے مِنْ رَّحْمَتِيْ : میری رحمت سے وَاُولٰٓئِكَ : اور یہی ہیں لَهُمْ : ان کے لیے عَذَابٌ : عذاب اَلِيْمٌ : دردناک
اور جن لوگوں نے کفر کیا اللہ کی آیتوں کے ساتھ اور اس کے حضور حاضری کا وہ مایوس ہوگئے میری رحمت و عنایت سے اور ایسے بدبخت لوگوں کے لئے ایک بڑا ہی دردناک اور انتہائی ہولناک عذاب ہے
26 کفر و باطل کا نتیجہ وانجام نہایت دردناک عذاب ۔ والعیاذ باللہ : سو اس سے واضح فرما دیا گیا کہ اہل ِ کفر و باطل کیلئے ایک بڑا ہی دردناک عذاب مقرر ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ سو ارشاد فرمایا گیا کہ اللہ کی آیتوں اور اس کے حضور حاضری و پیشی کے منکروں کے لیے اس کی رحمت سے مایوسی اور دردناک عذاب ہے۔ سو اہل کفر وباطل کے لیے اللہ کی رحمت سے کامل محرومی اور ان کے لیے بڑا ہی دردناک عذاب ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ کہ اللہ پاک کی رحمت کا اصل کامل اور ابدی ظہور تو جنت اور عالم آخرت ہی میں ہوگا۔ جیسا کہ حدیث پاک میں فرمایا گیا کہ اس دنیا میں جہاں بھی کہیں رحمت کا کوئی مظہر موجود ہے یہ اللہ پاک کی رحمت کے اس سوویں حصے میں سے ہے جو اس نے اس دنیا کے لئے مقرر فرما رکھا ہے۔ بقیہ ننانوے حصے تو آخرت کے لئے مختص ہیں۔ سو اس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ آخرت کی ان رحمتوں کا کیا عالم ہوگا۔ اب ظاہر ہے کہ جو لوگ آخرت کا عقیدہ نہیں رکھتے اور اس کو نہیں مانتے تو وہ اس رحمت سے یقینا مایوس اور محروم ہوں گے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کے اس مادہ پرست دور کا انسان ایک انتہاء درجے کے نفسیاتی خوف میں مبتلا ہے کہ یہ مادی سہولتیں اور آسائشیں ہمیں بیشک حاصل ہیں اور بدرجہ تمام و کمال حاصل ہیں لیکن اس کے بعد کیا ہوگا ؟ اور ہم کس انجام سے دو چار ہوں گے ؟ اور اس بنا پر وہ ہمیشہ سے خوف میں مبتلا ہے۔ اس کے برعکس ایک مومن صادق جو عقیدئہ آخرت کے ایمان سے سرشار ہے وہ ہر حال میں شاداں وفرحاں اور مطمئن البال رہتا ہے کہ وہ یہ عقیدہ رکھتا ہے کہ مجھے اپنے ایمان کی بدولت اپنے رب کے فضل و کرم سے آخرت کی وہ ابدی و دائمی نعمتیں ملنے والی ہیں جن کا یہاں تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ۔ اللہ نصیب فرمائے ۔ آمین۔ بہرحال اہل کفر و باطل کیلئے اللہ تعالیٰ کی رحمت سے کامل محرومی ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top