Tafseer-e-Madani - Al-Ankaboot : 3
وَ لَقَدْ فَتَنَّا الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِهِمْ فَلَیَعْلَمَنَّ اللّٰهُ الَّذِیْنَ صَدَقُوْا وَ لَیَعْلَمَنَّ الْكٰذِبِیْنَ
وَ : اور لَقَدْ فَتَنَّا : البتہ ہم نے آزمایا الَّذِيْنَ : وہ لوگ جو مِنْ قَبْلِهِمْ : ان سے پہلے فَلَيَعْلَمَنَّ : تو ضرور معلوم کرلے گا اللّٰهُ : اللہ الَّذِيْنَ : وہ لوگ جو صَدَقُوْا : سچے ہیں وَ : اور لَيَعْلَمَنَّ : وہ ضرور معلوم کرلے گا الْكٰذِبِيْنَ : جھوٹے
حالانکہ ہم نے ان لوگوں کی بھی کڑی آزمائشیں کیں جو ان سے پہلے گزر چکے ہیں سو اللہ کو ضرور دیکھنا ہے ان کو جو سچے ہیں ان کو آزمائش کی بھٹی سے گزار کر اور اس نے ضرور دیکھنا ہے ان کو بھی جو جھوٹے ہیں
1 سنت ابتلاء و آزمائش کی تذکیر و یاددہانی : سو اس سے ابتلاء و آزمائش کی سنت خداوندی کی تذکیر و یاددہانی فرمائی گئی ہے۔ چناچہ ارشاد فرمایا گیا کہ " اللہ کو ضرور دیکھنا ہے ان کو جو سچے ہیں اور اس نے ان کو بھی ضرور دیکھنا ہے جو جھوٹے ہیں "۔ سو علم سے یہاں پر علم ظہور یعنی دیکھنا مراد ہے کہ اللہ پاک۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ کے علم ازلی سے تو کوئی بھی چیز پوشیدہ نہیں۔ مگر وہ فیصلہ صرف اپنے اسی ازلی اور ذاتی علم پر نہیں فرماتا بلکہ ہر فعل کے ظہور اور وقوع کے مطابق فرماتا ہے۔ اسی لئے وہ لوگوں کو اس دنیا میں ابتلا و آزمائش میں ڈالتا ہے تاکہ کھرے کھوٹے کا فرق خود سامنے آجائے ورنہ جہاں تک اس کے علم محیط کا تعلق ہے وہ سب کچھ جانتا ہے اور ہر ایک کے ظاہر و باطن سے ایک برابر اور پوری طرح واقف و آگاہ ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ اور اس کو پوری طرح معلوم ہے کہ کون مخلص ہے اور کون منافق۔ مگر وہ لوگوں کے ساتھ جزا و سزا کا معاملہ محض اپنے ذاتی علم کی بنا پر نہیں فرماتا بلکہ لوگوں کے عمل کی بنا پر فرماتا ہے۔ اس لیے وہ ہر ایک کو امتحان میں ڈال کر دیکھتا اور پرکھتا ہے کہ اسی سے کھرا کھوٹا سامنے آجاتا ہے اور ہر ایک کے درجات متعین ہوتے ہیں ۔ وباللہ التوفیق ۔ بہرکیف اس آیت کریمہ میں اس سنت ابتلاء و آزمائش کی تذکیر و یاددہانی فرمائی گئی ہے جس سے اللہ پاک۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ ان لوگوں کو آزماتا ہے جو ایمان و اسلام کا دعویٰ لیکر اٹھتے ہیں۔ تاکہ کھرا اور کھوٹا نکھر کر سب کے سامنے آجائے اور اس طور پر اور اس حد تک کہ کسی کے لیے کسی انکار یا قیل و قال کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویریدو علی ما یحب ویرید وہو الہادی الی سواء السبیل -
Top