Mafhoom-ul-Quran - Al-Faatiha : 3
الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِۙ
الرَّحْمٰنِ : جو بہت مہربان الرَّحِيم : رحم کرنے والا
جو نہایت رحم کرنے والا بڑا مہربان ہے
تشریح : اس آیت میں اقرار ربوبیت کے ساتھ ساتھ بڑی وضاحت سے بتایا گیا ہے کہ اللہ رب العالمین ہی نہیں بلکہ انتہائی محبت اور شفقت کرنے والی ایسی ہستی ہے کہ جس کا رحم و کرم بےحد و حساب ہے۔ ماں کی محبت، اللہ کی محبت کا ایک بڑا ہی معمولی نمونہ ہے۔ وہ نہ صرف رحم کرنے والا ہے، بلکہ اس کی رحمت، محبت اور شفقت اتنی زیادہ ہے کہ الفاظ میں بیان کرنا ممکن ہی نہیں۔ بغیر قیمت کے ہمیں زندگی دیتا ہے۔ ہوا، پانی، پھل، پھول اور مختلف اقسام کے اناج دیتا ہے، انسان کو جب اللہ نے بنایا تو ان تمام چیزوں کے نام اور استعمال کے طریقے سکھا دیئے اسی علم کی وجہ سے اللہ تعالیٰ (جو سب سے بڑا انصاف کرنے والا ہے) نے حضرت آدم کو مسجود ملائکہ بنایا یعنی حضرت آدم کو فرشتوں سے سجدہ کروایا یہاں معلوم ہوتا ہے کہ تسبیح و تقدیس اپنی جگہ مگر علم و معرفت کو زیادہ بڑا درجہ دیا گیا ہے اور انسان کو بتایا گیا ہے کہ تم بھی آپس میں شفقت، محبت اور درگزر سے کام لو۔ تم بندوں کی خطاء معاف کرو اللہ تمہاری خطائیں معاف کر دے گا، معاف کردینا، درگزر کرنا ایثار اور خلوص سے پیش آنا اللہ کو بےحد پسند ہے اور پھر یہ تمام صفات انسان کی ترقی، سکون اور دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضامن ہیں۔ اگلی آیت میں اللہ کی بادشاہت، حاکمیت اور منصف اعلیٰ ہونے کا بیان درج ہے۔
Top