Tafseer-e-Majidi - Al-Kahf : 65
فَوَجَدَا عَبْدًا مِّنْ عِبَادِنَاۤ اٰتَیْنٰهُ رَحْمَةً مِّنْ عِنْدِنَا وَ عَلَّمْنٰهُ مِنْ لَّدُنَّا عِلْمًا
فَوَجَدَا : پھر دونوں نے پایا عَبْدًا : ایک بندہ مِّنْ : سے عِبَادِنَآ : ہمارے بندے اٰتَيْنٰهُ : ہم نے دی اسے رَحْمَةً : رحمت مِّنْ : سے عِنْدِنَا : اپنے پاس وَعَلَّمْنٰهُ : اور ہم نے علم دیا اسے مِنْ لَّدُنَّا : اپنے پاس سے عِلْمًا : علم
تو انہوں نے ہمارے بندوں میں سے ایک بندہ کو پایا جس کو ہم نے اپنا ایک خاص فضل مرحمت کیا تھا اور ہم نے اسے اپنے پاس سے ایک (خاص) علم سکھلایا تھا،98۔
98۔ حدیث بخاری اور دیگر احادیث میں ان عبد مقرب ومقبول کا نام حضر آیا ہے۔ (آیت) ” رحمۃ من عندنا “۔ اس خصوصی (آیت) ” رحمۃ “۔ سے مراد مقبولیت کا ہونا تو ظاہر ہی ہے۔ البتہ یہ لازمی نہیں کہ نبوت ہی کی شکل میں ہو۔ چناچہ حضرت خضر کی نبوت ایک اختلافی مسئلہ ہے۔ فالجمھور علی انہ (علیہ السلام) نبی ولیس برسول وقیل ھو رسول وقیل ھو ولی وعلیہ القشیری وجماعۃ (روح) ولم یکن الخضر نبیا عند اکثر اھل العلم (معالم) (آیت) ” علمنہ من لدنا علما “۔ یہ علم بلاواسطہ اسباب واکتساب وتعلیم براہ راست حضرت حق سے عطا ہوا تھا۔ اور یہ علم اسرار کونیہ کا تھا۔ محققین نے کہا ہے کہ جس علم پر قرب الہی مرتب ہوتا ہے وہ علم اسرار کونیہ نہیں، علم اسرار الہیہ یا شرعیہ ہے۔ اس پر بھی اظہار حیرت کیا گیا ہے کہ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) تو خود ایک پیغمبر جلیل القدر اور اس لیے لازمی طور پر اپنے وقت کے اعلم الناس تھے، انہیں کسی اور کے پاس کیسے تعلم کے لئے بھیجا گیا ہے۔ لیکن جیسا کہ امام رازی (رح) نے ارشاد فرمایا ہے، یہ بہ آسانی ممکن ہے کہ ایک شخص بہت سے علوم میں عالم ترین ہو پھر بھی بعض علوم سے ناواقف ہو۔ اور اس کے سیکھنے کے لئے وہ کہیں اور بھیج دیا جائے۔ لایبعد ان العالم الکامل فی اکثر العلوم یجھل بعض الاشیاء فیحتاج فی تعلمھا الی من دونہ وھذا امر متعارف معلوم (کبیر) (آیت) ” عبدا من عبادنا “۔ وہ بزرگ بایں مرتبہ کمال بہرحال اللہ کے ایک بندہ ہی تھے۔” بندہ “۔ سے ذرہ بھر بھی زائد نہ تھے اور بندہ بھی کیسے ؟ حق تعالیٰ کے بہت سے بندوں میں سے ایک ! اللہ اللہ ! قرآن مجید کو کس درجہ اہتمام تحفظ توحید کا اور شائبہ شرک سے احتراز و احتیاط کا ہے ! (آیت) ” من عبادنا “۔ حق تعالیٰ کا ایسے بندہ کی اضافت اپنی جانب کرنا اس کے اکرام و تخصیص کیلئے ہے۔ ھذہ اضافۃ تشریف واختصاص (بحر)
Top