Tafseer-e-Majidi - An-Nisaa : 163
اِنَّاۤ اَوْحَیْنَاۤ اِلَیْكَ كَمَاۤ اَوْحَیْنَاۤ اِلٰى نُوْحٍ وَّ النَّبِیّٖنَ مِنْۢ بَعْدِهٖ١ۚ وَ اَوْحَیْنَاۤ اِلٰۤى اِبْرٰهِیْمَ وَ اِسْمٰعِیْلَ وَ اِسْحٰقَ وَ یَعْقُوْبَ وَ الْاَسْبَاطِ وَ عِیْسٰى وَ اَیُّوْبَ وَ یُوْنُسَ وَ هٰرُوْنَ وَ سُلَیْمٰنَ١ۚ وَ اٰتَیْنَا دَاوٗدَ زَبُوْرًاۚ
اِنَّآ : بیشک ہم اَوْحَيْنَآ : ہم نے وحی بھیجی اِلَيْكَ : آپ کی طرف كَمَآ : جیسے اَوْحَيْنَآ : ہم نے وحی بھیجی اِلٰي : طرف نُوْحٍ : نوح وَّالنَّبِيّٖنَ : اور نبیوں مِنْۢ بَعْدِهٖ : اس کے بعد وَاَوْحَيْنَآ : اور ہم نے وحی بھیجی اِلٰٓي : طرف اِبْرٰهِيْمَ : ابراہیم وَاِسْمٰعِيْلَ : اور اسمعیل وَاِسْحٰقَ : اور اسحق وَيَعْقُوْبَ : اور یعقوب وَالْاَسْبَاطِ : اور اولادِ یعقوب وَعِيْسٰى : اور عیسیٰ وَاَيُّوْبَ : اور ایوب وَيُوْنُسَ : اور یونس وَهٰرُوْنَ : اور ہارون وَسُلَيْمٰنَ : اور سلیمان وَاٰتَيْنَا : اور ہم نے دی دَاوٗدَ : داؤد زَبُوْرًا : زبور
یقیناً ہم نے آپ پر وحی بھیجی ہے جیسی کہ ہم نے نوح (علیہ السلام) اور ان کے بعد کے نبیوں کی طرف وحی بھیجی تھی اور ہم نے ابراہیم (علیہ السلام) اور اسمعیل (علیہ السلام) اور اسحاق (علیہ السلام) اور یعقوب (علیہ السلام) اور اولاد یعقوب (علیہ السلام) اور عیسیٰ (علیہ السلام) اور ایوب (علیہ السلام) اور یونس (علیہ السلام) اور ہارون (علیہ السلام) اور سلیمان (علیہ السلام) پر وحی بھیجی تھی،413 ۔ اور ہم نے داؤد (علیہ السلام) کو ایک صحیفہ دیا تھا،414 ۔
413 ۔ یہ جتنے نام یہاں آئے ہیں ان سب پر حاشیے پہلے گزر چکے۔ خطاب کا رخ زیادہ تریہود ہی کی جانب ہے۔ انہی کو بتایا اور سمجھایا ہے کہ سلسلہ وحی کو تو آخر تم مانتے ہو، اور حضرت نوح (علیہ السلام) اور ان کے بعد کے انبیاء کی نبوت کو بھی تسلیم کرتے ہو، پھر ایک نئے نبی کی شناخت ومعرفت میں تمہیں اتنی دشواری کیوں پیش آرہی ہے ؟ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) وغیرہ ایسے انبیاء کے ساتھ جن کی نبوت یہود کو مسلم تھی، چند ایسے پیغمبروں کے نام بھی لے دیئے گئے ہیں، جن کی نبوت کے یہود منکر (مثلا حضرت عیسیٰ علیہ السلام) یا تقریبا منکر تھے (مثلا حضرت سلیمان علیہ السلام) 414 ۔ (آیت) ” زبورا “۔ زبور یہاں لفظی معنی میں ہے اور لفظی معنی اس کے ہر لکھی ہوئی چیز کے ہیں۔ الزبیر الکتابۃ، زبر الکتاب کتبہ (لسان) اور الزبور کے بھی معنی لکھی ہوئی کتاب کے ہیں، الزبور الکتاب الزبور (لسان) الزبور الکتب المسطور (تاج) زبور کے نام سے اس وقت جو کتاب حضرت داؤد (علیہ السلام) کی جانب منسوب موجود ہے، وہ عہد عتیق کے مجموعہ صحائف میں سے ایک صحیفہ ہے۔ اس مجموعہ کے نمبر 19 پر ہے۔ اس میں احکام ومسائل شریعت درج نہیں، بلکہ صرف حمد، مناجات، دعائیں وغیرہ ہیں۔ اور جابجا آخری نبی ﷺ کی بابت پیشگوئیاں بھی، پیشگوئیوں کے ڈھکے ہوئے انداز میں موجود ہیں۔
Top