تفسیرِ مظہری
Tafseer-e-Mazhari · 2. Al-Baqara · Ayah 174
اِنَّ الَّذِیْنَ یَكْتُمُوْنَ مَاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ مِنَ الْكِتٰبِ وَ یَشْتَرُوْنَ بِهٖ ثَمَنًا قَلِیْلًا١ۙ اُولٰٓئِكَ مَا یَاْكُلُوْنَ فِیْ بُطُوْنِهِمْ اِلَّا النَّارَ وَ لَا یُكَلِّمُهُمُ اللّٰهُ یَوْمَ الْقِیٰمَةِ وَ لَا یُزَكِّیْهِمْ١ۖۚ وَ لَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ﴿174﴾
- اِنَّبیشک
- الَّذِيْنَجو لوگ
- يَكْتُمُوْنَچھپاتے ہیں
- مَآ اَنْزَلَجو اتارا
- اللّٰهُاللہ
- مِنَسے
- الْكِتٰبِکتاب
- وَيَشْتَرُوْنَاور وصول کرتے ہیں وہ
- بِهٖاس سے
- ثَمَنًاقیمت
- قَلِيْلًاتھوڑی
- اُولٰٓئِكَیہی لوگ
- مَا يَاْكُلُوْنَنہیں کھاتے
- فِيْمیں
- بُطُوْنِهِمْاپنے پیٹ (جمع)
- اِلَّامگر (صرف)
- النَّارَآگ
- وَلَااور نہ
- يُكَلِّمُهُمُبات کرے گا
- اللّٰهُاللہ
- يَوْمَ الْقِيٰمَةِقیامت کے دن
- وَلَااور نہ
- يُزَكِّيْهِمْانہیں پاک کرے گا
- وَلَهُمْاور ان کے لیے
- عَذَابٌعذاب
- اَلِيْمٌدردناک
اِنَّ الَّذِيْنَ يَكْتُمُوْنَ مَآ اَنْزَلَ اللّٰهُ مِنَ الْكِتٰبِ ( بیشک جو لوگ چھپاتے ہیں وہ آیتیں کہ اتاریں اللہ نے۔ کتاب میں ما انزل اللہ سے مراد تورات کی وہ آیتیں ہیں جو محمد ﷺ کی شان میں وارد ہوئی ہیں۔ اس آیت کا شان نزول اس طرح ہوا تھا کہ یہود کے رؤسا اور علماء بےچارے غریب لوگوں سے طرح طرح کے ہدایا اور کھانے پینے کی چیزیں لیا کرتے تھے اور جی میں یہ سمجھتے تھے کہ نبی آخر الزماں ہم لوگوں میں سے ہوں گے جب جناب سرور عالم ﷺ ان میں مبعوث نہ ہوئے تو اب یہ ڈرے کہ اگر ہم نے آپ کا اتباع کرلیا تو یہ ساری آمدنی ہاتھ سے جاتی رہے گی اس لیے انہوں نے یہ بےہودگی کی کہ آپ کی صفت کو بدل ڈالا پھر وہ صفت عوام کے روبرو بیان کی تو وہ صفت حضور کی صفات سے مخالفت و مغائر پائی اس لیے آپ کا اتباع نہ کیا۔ علامہ بغوی نے اسی طرح ذکر کیا ہے اور ایسے ہی ثعلبی نے ابو صالح سے انہوں نے ابن عباس ؓ سے روایت کیا ہے اور ابن جریر نے حضرت ابن عباس ؓ سے روایت کیا ہے کہ یہ آیت اور آل عمران کی آیت دونوں یہود کے بارے میں نازل ہوئی ہیں۔
وَيَشْتَرُوْنَ بِهٖ ثَـمَنًا قَلِيْلًا ( اور لیتے ہیں اس کے بدلہ کچھ مول) ثمناً قلیلاً سے مراد دنیاوی اغراض ہیں اور قلیل انہیں اس لیے فرمایا کہ اگرچہ فی نفسہٖ وہ بہت ہیں لیکن آخرت کے ثواب کے مقابلہ میں کچھ بھی نہیں۔
اُولٰۗىِٕكَ مَا يَاْكُلُوْنَ فِيْ بُطُوْنِهِمْ اِلَّا النَّارَ ( یہ نہیں کھاتے مگر پیٹ بھر کر آگ) الا النار میں نار سے مرادرشوت اور حرام ہے کیونکہ یہ نار ( آگ) تک پہنچانے والی ہے یہ اس لیے نار فرمایا کہ آخر کار آخرت میں یہ چیزیں نار ( آگ) ہوجائیں گی یا یہ معنی کہ آخرت میں یہ لوگ نار کے سوا کچھ نہ کھائیں گے۔
وَلَا يُكَلِّمُهُمُ اللّٰهُ يَوْمَ الْقِيٰمَةِ ( اور بات بھی نہ کرے گا ان سے اللہ قیامت کے دن) اللہ تعالیٰ کے کلام نہ کرنے سے یا تو یہ مراد ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سے کلام رحمت نہ فرمائیں گے یا کلام کے حقیقی معنے مراد نہ لیے جائیں بلکہ یہ کہا جائے کہ مراد کلام نہ کرنے سے اللہ تعالیٰ کا غضب ہے نعوذ باللہ من غضب اللہ۔
وَلَا يُزَكِّيْهِمْ ( اور نہ ان کو پاک کرے گا) اس سے یا تو یہ مراد کہ اللہ تعالیٰ انکی مدح و ثنا نہ کرے گا اور یا یہ مطلب کہ اللہ تعالیٰ انہیں گناہوں کی نجاست سے پاک نہ کرے گا بخلاف مؤمنوں کے کہ اگر ان کو عذاب بھی کرے گا تو یہ ان کو گناہوں سے پاک کرنے اور ان کو جنت میں داخل کرنے کے لیے ہوگا۔
وَلَهُمْ عَذَابٌ اَلِيْمٌ ( اور ان کے لیے درد ناک عذاب ہے)