تفسیرِ مظہری

Tafseer-e-Mazhari · 25. Al-Furqaan · Ayah 17

Tafseer
  1. وَ یَوْمَ یَحْشُرُهُمْ وَ مَا یَعْبُدُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ فَیَقُوْلُ ءَاَنْتُمْ اَضْلَلْتُمْ عِبَادِیْ هٰۤؤُلَآءِ اَمْ هُمْ ضَلُّوا السَّبِیْلَؕ﴿17﴾

    1. وَيَوْمَاور جس دن
    2. يَحْشُرُهُمْوہ انہیں جمع کریگا
    3. وَمَااور جنہیں
    4. يَعْبُدُوْنَوہ پرستش کرتے ہیں
    5. مِنْسے
    6. دُوْنِ اللّٰهِاللہ کے سوائے
    7. فَيَقُوْلُتو وہ کہے گا
    8. ءَ اَنْتُمْکیا تم
    9. اَضْلَلْتُمْتم نے گمراہ کیا
    10. عِبَادِيْمیرے بندے
    11. هٰٓؤُلَآءِیہ ہیں۔ ان
    12. اَمْ هُمْیا وہ
    13. ضَلُّوابھٹک گئے
    14. السَّبِيْلَراستہ
Translation · Tafseer-e-Mazhari
اور جس دن (خدا) ان کو اور اُن کو جنہیں یہ خدا کے سوا پوجتے ہیں جمع کرے گا تو فرمائے گا کیا تم نے میرے ان بندوں کو گمراہ کیا تھا یا یہ خود گمراہ ہوگئے تھے
Tafseer-e-Mazhari
ویوم یحشرہم وما یعبدون من دون اللہ فیقول ءانتم اضللتم عبادی ہولآء ام ہم ضلوا السبیل اور جس روز اللہ ان کو اور اللہ کے سوا جن کو یہ پوجتے تھے ان کو سب کو اکٹھا کرے گا پھر ان (معبودوں) سے فرمائے گا کیا تم نے میرے بندوں کو گمراہ کیا تھا یا یہ خود ہی راہ حق سے گمراہ ہوگئے تھے۔ مَا یَعْبُدُوْنَ سے مراد ہیں تمام باطل معبود۔ عقل والے ہوں یا عقل سے محروم کیونکہ زیادہ صحیح قول یہی ہے کہ لفظ ما دونوں کو شامل ہوتا ہے اہل عقل کو اور بےعقل چیزوں کو اور مجاہد نے سوال و جواب کے قرینہ کا لحاظ کرتے ہوئے کہا کہ اس جگہ ملائکہ ‘ جنات ‘ حضرت عیسیٰ ( علیہ السلام) اور حضرت عزیر مراد ہیں۔ عکرمہ ‘ ضحاک اور کلبی کے نزدیک صرف اصنام (بت) مراد ہیں کیونکہ (اہل نحو کا مشہور قول یہ ہے کہ) ما کا استعمال بےعقل چیزوں کے لئے ہوتا ہے اس قول کا مطلب یہ ہوا کہ قیامت کے دن اللہ ان بتوں کو زندہ کر دے گا اور بولنے پر قدرت عطا کر دے گا جس طرح انسانوں کے ہاتھ پاؤں اور مقاماتِ (گناہ) گویا بنا دیئے جائیں گے۔ اَضْلَلْتُمْ کیا تم نے گمراہ کیا تھا ‘ یعنی کیا تم نے ان کو اپنی پوجا کی دعوت دی تھی۔ اَمْ ہُمْ ضَلُّوا السَّبِیْلَیا وہ خود معرفت حق کا راستہ کھو بیٹھے تھے ‘ انہوں نے خود صحیح غور و فکر نہیں کیا اور ہادئ برحق کی نصیحت سے سے گریز کیا۔ اس سوال کی غرض معبودان باطل کے پرستاروں کو سرزنش اور زجر ہوگی۔