Ruh-ul-Quran - Al-Ankaboot : 20
قُلْ سِیْرُوْا فِی الْاَرْضِ فَانْظُرُوْا كَیْفَ بَدَاَ الْخَلْقَ ثُمَّ اللّٰهُ یُنْشِئُ النَّشْاَةَ الْاٰخِرَةَ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌۚ
قُلْ : فرما دیں سِيْرُوْا : چلو پھرو تم فِي الْاَرْضِ : زمین میں فَانْظُرُوْا : پھر دیکھو كَيْفَ بَدَاَ : کیسے ابتدا کی الْخَلْقَ : پیدائش ثُمَّ : پھر اللّٰهُ : اللہ يُنْشِئُ : اٹھائے گا النَّشْاَةَ : اٹھان الْاٰخِرَةَ : آخری (دوسری) اِنَّ اللّٰهَ : بیشک اللہ عَلٰي : پر كُلِّ شَيْءٍ : ہر شے قَدِيْرٌ : قدرت رکھنے والا
اے پیغمبر ! کہہ دیجیے کہ تم زمین میں چلو پھرو پھر دیکھو کہ اس نے کس طرح خلق کی ابتداء کی ہے پھر اللہ باردگر زندگی بخشے گا، بیشک اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے
قُلْ سِیْرُوْا فِی الْاَرْضِ فَانْظُرُوْا کَیْفَ بَدَاَالْخَلْقَ ثُمَّ اللّٰہُ یُنْشِیُٔ النَّشْاَۃَ الْاٰخِرَۃَ ط اِنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیْ ئٍ قَدِیْرٌ۔ (العنکبوت : 20) (اے پیغمبر ! کہہ دیجیے کہ تم زمین میں چلو پھرو پھر دیکھو کہ اس نے کس طرح خلق کی ابتداء کی ہے پھر اللہ باردگر زندگی بخشے گا، بیشک اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے۔ ) قیامت کا انکار کرنے والوں کو مشاہدے اور غور کی دعوت اب قیامت کا انکار کرنے والوں کو وسیع مطالعے اور مشاہدے کی دعوت دی جارہی ہے کہ تم اپنے تجارتی اسفار میں مختلف ممالک سے گزرتے ہو، وہاں کے حالات کا گہری نظر سے جائزہ لو تمہیں قسم قسم کی مخلوق نظر آئے گی جو اپنی شکل و صورت، اپنی خصوصیات اور اپنے اثرات وغیرہ سے ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہے۔ اور پھر یہ بھی دیکھو کہ کتنی قومیں ہیں جن کے تمرد اور سرکشی کے باعث ان پر اللہ تعالیٰ کا عذاب آیا اور وہ تباہ کردی گئیں۔ تو کیا وہ سرزمین ابھی تک خالی پڑی ہے۔ یقینا وہاں نئے لوگ بسے جو سب ان کی تباہی کے بعد پیدا ہوئے۔ تو جو پروردگار اس وقت زمین پر یہ تخلیق کے مختلف رنگ دکھا رہا ہے اس کے بارے میں یہ تصور کہ وہ دوبارہ انسانوں کو زندہ نہیں کرسکتا کس قدر مہمل تصور ہے۔
Top