تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 2. Al-Baqara · Ayah 244
وَ قَاتِلُوْا فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ وَ اعْلَمُوْۤا اَنَّ اللّٰهَ سَمِیْعٌ عَلِیْمٌ﴿244﴾
- وَقَاتِلُوْااور تم لڑو
- فِيْمیں
- سَبِيْلِراستہ
- اللّٰهِاللہ
- وَاعْلَمُوْٓااور جان لو
- اَنَّکہ
- اللّٰهَاللہ
- سَمِيْعٌسننے والا
- عَلِيْمٌجاننے والا
Translation · Tadabbur-e-Quran
اور اللہ کی راہ میں جنگ کرو اور یہ خوب سمجھ رکھو کہ اللہ سب کچھ سننے والا اور جاننے والا ہے۔
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
جہاد کے لیے دو محرک : اوپر کی تاریخی تمہید کے بعد یہ مسلمانوں کو جنگ پر ابھارا ہے، اور اس ابھارنے کے لیے دو محرک یہاں نمایاں فرمائے ہیں۔ ایک تو یہ کہ یہ جنگ اللہ کی راہ میں ہے، نفس یا شیطان کی راہ میں نہیں ہے۔ اس وجہ سے اس میں ہر قدم پر بندے کو اللہ کی معیت حاصل ہے۔ دوسرا یہ کہ اللہ سب کچھ سنتا جانتا ہے، تمہاری جانبازیاں اور قربانیاں، تمہاری دعائیں اور فریادیں، تمہارے دشمنوں کی چالیں اور تدبیریں سب اس کے علم میں ہیں اس وجہ سے اس بات کا کوئی اندیشہ نہیں ہے کہ، (مصرع) مرگئے ہم انہیں خبر نہ ہوئی۔
ظاہر ہے کہ ان صفات کا حوالہ دینے سے مقصود یہاں اس کا لازم ہے یعنی جب اللہ سنتا اور جانتا ہے تو اس کا لازمی نتیجہ یہ ہے کہ وہ تمہاری پکار پر تمہاری مدد و نصرت فرمائے گا اور تمہاری جانبازیوں کا تمہیں بھر پور صلہ دے گا۔