Surah Introduction

تدبرِ قرآن

Tadabbur-e-Quran · 4. An-Nisaa · Ayah 6

Tafseer
  1. وَ ابْتَلُوا الْیَتٰمٰى حَتّٰۤى اِذَا بَلَغُوا النِّكَاحَ١ۚ فَاِنْ اٰنَسْتُمْ مِّنْهُمْ رُشْدًا فَادْفَعُوْۤا اِلَیْهِمْ اَمْوَالَهُمْ١ۚ وَ لَا تَاْكُلُوْهَاۤ اِسْرَافًا وَّ بِدَارًا اَنْ یَّكْبَرُوْا١ؕ وَ مَنْ كَانَ غَنِیًّا فَلْیَسْتَعْفِفْ١ۚ وَ مَنْ كَانَ فَقِیْرًا فَلْیَاْكُلْ بِالْمَعْرُوْفِ١ؕ فَاِذَا دَفَعْتُمْ اِلَیْهِمْ اَمْوَالَهُمْ فَاَشْهِدُوْا عَلَیْهِمْ١ؕ وَ كَفٰى بِاللّٰهِ حَسِیْبًا﴿6﴾

    1. وَابْتَلُوااور آزماتے رہو
    2. الْيَتٰمٰىیتیم (جمع)
    3. حَتّٰىیہانتک کہ
    4. اِذَاجب
    5. بَلَغُواوہ پہنچیں
    6. النِّكَاحَنکاح
    7. فَاِنْپھر اگر
    8. اٰنَسْتُمْتم پاؤ
    9. مِّنْھُمْان میں
    10. رُشْدًاصلاحیت
    11. فَادْفَعُوْٓاتو حوالے کردو
    12. اِلَيْھِمْان کے
    13. اَمْوَالَھُمْان کے مال
    14. وَلَااور نہ
    15. تَاْكُلُوْھَآوہ کھاؤ
    16. اِسْرَافًاضرورت سے زیادہ
    17. وَّبِدَارًااور جلدی جلدی
    18. اَنْکہ
    19. يَّكْبَرُوْاکہ وہ بڑے ہوجائینگے
    20. وَمَنْاور جو
    21. كَانَہو
    22. غَنِيًّاغنی
    23. فَلْيَسْتَعْفِفْبچتا رہے
    24. وَمَنْاور جو
    25. كَانَہو
    26. فَقِيْرًاحاجت مند
    27. فَلْيَاْكُلْتو کھائے
    28. بِالْمَعْرُوْفِدستور کے مطابق
    29. فَاِذَاپھر جب
    30. دَفَعْتُمْحوالے کرو
    31. اِلَيْھِمْان کے
    32. اَمْوَالَھُمْان کے مال
    33. فَاَشْهِدُوْاتو گواہ کرلو
    34. عَلَيْھِمْان پر
    35. وَكَفٰىاور کافی
    36. بِاللّٰهِاللہ
    37. حَسِيْبًاحساب لینے والا
Translation · Tadabbur-e-Quran
اور ان یتیموں کو جانچتے رہو یہاں تک کہ جب وہ نکاح کی عمر کو پہنچ جائیں تو اگر تم ان کے اندر سوجھ بوجھ پاؤ تو ان کا مال ان کے حوالے کردو اور اس ڈر سے کہ وہ بڑے ہوجائیں گے اسراف اور جلد بازی کرکے ان کا مال ہڑپ نہ کرو اور جو غنی ہو اس کو چاہئے کہ وہ پرہیز کرے اور جو محتاج ہو تو وہ دستور کے مطابق اس سے فائدہ اٹھائے پھر جب تم ان کا مال ان کے حوالے کرنے لگو تو ان پر گواہ ٹھہرا لو، ویسے اللہ حساب لینے کے لیے کافی ہے
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
وَابْتَلُوا الْيَتٰمٰى حَتّٰى اِذَا بَلَغُوا النِّكَاحَ ۚ فَاِنْ اٰنَسْتُمْ مِّنْھُمْ رُشْدًا فَادْفَعُوْٓا اِلَيْھِمْ اَمْوَالَھُمْ ۚ وَلَا تَاْكُلُوْھَآ اِسْرَافًا وَّبِدَارًا اَنْ يَّكْبَرُوْا ۭ وَمَنْ كَانَ غَنِيًّا فَلْيَسْتَعْفِفْ ۚ وَمَنْ كَانَ فَقِيْرًا فَلْيَاْكُلْ بِالْمَعْرُوْفِ ۭ فَاِذَا دَفَعْتُمْ اِلَيْھِمْ اَمْوَالَھُمْ فَاَشْهِدُوْا عَلَيْھِمْ ۭوَكَفٰى بِاللّٰهِ حَسِـيْبًا۔ یتیموں کا مال کب ان کے حوالے کیا جائے۔ یہ وہ طریقہ بتایا ہے جو یتیموں کا مال ان کے حوالے کرنے کے معاملے میں سرپرستوں کو اختیار کرنا چاہئے۔ فرمایا کہ یتیموں کو جانچتے رہو یعنی کوئی چھوٹی موٹی ذمہ داری ان کے سپرد کر کے ان کی صلاحیت کا امتحان کرتے رہو کہ معاملات کی سوجھ بوجھ ان کے اندر پیدا ہو رہی ہے یا نہیں۔ نکاح کی عمر، یعنی بلوغ تک، ان کے ساتھ یہی معاملہ رکھنا چاہئے۔ جب بالغ ہوجائیں تو اس وقت اگر یہ محسوس ہو کہ ان کے اندر اب اپنی ذمہ داریوں کے اٹھانے کی صلاحیت پیدا ہوچکی ہے تو ان کا مال ان کے سپرد کردینا چاہئے۔ جسنی بلوغ عقلی بلوغ کو مستلزم نہیں ہے : آیت میں اس بات کا اشارہ صاف موجود ہے کہ جنسی بلوغ ہر حال میں عقلی بلوغ کو مستلزم نہیں ہے۔ ایسے بھی کتنے بالغ ہوسکتے ہیں جو بالغ ہوجانے کو تو ہوجاتے ہیں لیکن ناک لگی ہی رہ جاتی ہے۔ ایسے الہڑ اور بالغ نادانوں کے معاملے میں جلدی نہیں کرنی چاہئے۔ البتہ یہ ضرور ہے کہ اس چیز کو ان کے مال پر قابض رہنے کا بہانہ نہیں بنانا چاہئے بلکہ جو کچھ کرنا چاہئے ان کی بہبود پیش نظر رکھ کر کرنا چاہئے۔ غریب سرپرست کو یتیم کے مال سے معروف کے مطابق فائدہ اٹھانے کی اجازت : سرپرست اگر مستغنی آدمی ہو تو اس کو یتیم کے مال میں سے کچھ لیے سے پرہیز کرنا چاہئے۔ اگر غریب ہو تو دستور کے مطابق اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ دستور کے مطابق سے مراد یہ ہے کہ ذمہ داریوں کی نوعیت، جائداد کی حیثیت، مقامی حالات اور سرپرست کے معیارِ زندگی کے اعتبار سے وہ فائدہ اٹھانا جو معقولیت کے حدود کے اندر ہو، یہ نوعیت نہ ہو کہ ہر معقول آدمی پر یہ اثر پڑے کہ یتیم کے بالغ ہوجانے کے اندیشے سے اسراف اور جلد بازی کر کے یتیم کی جائداد ہضم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ مال کی حوالگی کے وقت گواہ مقرر کرنے کی ہدایت : آخر میں یہ ہدایت ہوئی کہ یتیم کا مال جب اس کے حوالے کرنے لگو تو اس پر کچھ ثقہ اور معتبر لوگوں کو گواہ بھی بنا لو تاکہ کسی سوئے ظن اور نزاع کا احتمال باقی نہ رہے۔ اور اس کے ساتھ یہ بات بھی یاد رکھو کہ سارے معاملات کا حساب خدا کے ہاں بھی دینا ہے۔ اگر کسی قسم کی خیانت ہوئی تو ہوسکتا ہے کہ دنیا کے شاہدوں اور گواہوں کی نگاہ اس پر نہ پڑے لیکن خدا کی نگاہ کسی چیز سے بھی نہیں چوک سکتی۔