تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 9. At-Tawba · Ayah 16
Tafseerاَمْ حَسِبْتُمْ اَنْ تُتْرَكُوْا وَ لَمَّا یَعْلَمِ اللّٰهُ الَّذِیْنَ جٰهَدُوْا مِنْكُمْ وَ لَمْ یَتَّخِذُوْا مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ وَ لَا رَسُوْلِهٖ وَ لَا الْمُؤْمِنِیْنَ وَلِیْجَةً١ؕ وَ اللّٰهُ خَبِیْرٌۢ بِمَا تَعْمَلُوْنَ۠ع﴿16﴾
- اَمْ حَسِبْتُمْکیا تم گمان کرتے ہو
- اَنْکہ
- تُتْرَكُوْاتم چھوڑ دئیے جاؤگے
- وَلَمَّااور ابھی نہیں
- يَعْلَمِ اللّٰهُمعلوم کیا اللہ
- الَّذِيْنَوہ لوگ جو
- جٰهَدُوْاانہوں نے جہاد کیا
- مِنْكُمْتم میں سے
- وَلَمْ يَتَّخِذُوْااور انہوں نے نہیں بنایا
- مِنْ دُوْنِسوا
- اللّٰهِاللہ
- وَاور
- لَا رَسُوْلِهٖنہ اس کا رسول
- وَلَا الْمُؤْمِنِيْنَاور نہ مومن (جمع)
- وَلِيْجَةًراز دار
- وَاللّٰهُاور اللہ
- خَبِيْرٌباخبر
- بِمَا تَعْمَلُوْنَاس سے جو تم کرتے ہو
Translation · Tadabbur-e-Quran
کیا تم نے یہ گمان کر رکھا ہے کہ یوں ہی چھوڑ دیے جاؤ گے حالانکہ ابھی اللہ نے تم میں سے ان لوگوں کو چھانٹا ہی نہیں جنہوں نے ہاد کیے اور اللہ و رسول اور مومنین کے سوا کسی کو جنہوں نے دوست نہیں بنایا اور جو کچھ تم کر رہے ہو اللہ اس سے خوب باخبر ہے
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
اَمْ حَسِبْتُمْ اَنْ تُتْرَكُوْا وَلَمَّا يَعْلَمِ اللّٰهُ الَّذِيْنَ جٰهَدُوْا مِنْكُمْ وَلَمْ يَتَّخِذُوْا مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ وَلَا رَسُوْلِهٖ وَلَا الْمُؤْمِنِيْنَ وَلِيْجَةً ۭ وَاللّٰهُ خَبِيْرٌۢ بِمَا تَعْمَلُوْنَ۔
ولیجہ، بطانۃ الاسنان و خاصۃ او من یتخذہ معتمدا علیہ من غیر اھلہ۔ یعنی محرم راز، دوست اور معتمد۔
اوپر ہم اشارہ کر آئے ہیں کہ ہرچند یہاں خطاب باعتبار الفاظ ام ہے لیکن روئے سخن ان مسلمانوں ہی کی طرف ہے جو ابھی اپنے سابق روابط و تعلقات کے بندھنوں سے پوری طرح آزاد نہیں ہوئے تھے اس وجہ سے ان کے لیے یہ اعلان براءت ایک سخت آزمائش بن گیا۔ ان کو خطاب کر کے فرمایا کہ یہ اعلان ایک کسوٹی ہے جو تمہارے کھرے اور کھوٹے میں امتیاز کردے گی کہ کون لوگ ہیں جو اللہ کی راہ میں جہاد کرے والے اور ایسے بےلاگ ہیں کہ انہیں اللہ، اس کے رسول اور اہل ایمان کے سوا کسی کی دوستی اور قرابت کی کوئی پروا نہیں ہے اور کون لوگ دوسروں کی خاطر اللہ و رسول اور اہل ایمان کو نظر انداز کردینے والے ہیں۔ یہ امتحان ایک سنت الٰہی ہے جس سے ایمان کا دعوی کرنے والوں کو لازماً گزرنا پڑتا ہے۔ اگرچہ اللہ تعالیٰ ہر ایک کے اعمال سے اچھی طرح باخبر ہے لیکن اس کا طریقہ یہ ہے کہ وہ امتحان کی کسوتی پر پرکھ کے غث و سمین کو نمایاں اور اہل ایمان کی تطہیر کرتا رہتا ہے۔ اگر تمہارا گمان یہ تھا کہ تم ایمان کا دعوی کر کے یوں ہی چھوڑ دیے جاؤ گے تو یہ خیال غلط تھا۔ اب تمہاری جانچ کا مرحلہ آگیا کہ تم میں کون اللہ و رسول اور اہل ایمان کا وادار ہے اور کون محض جھوٹا مدعی ہے۔
اہل ایمان کا دشمن اللہ و رسول کا دشمن ہے : یہاں یہ بات خاص طور پر نگاہ میں رکھنے کی ہے کہ اللہ اور رسول اور اہل ایمان کا ذکر ایک ہی ساتھ ہوا ہے جس سے اس حقیقت کی طرف اشارہ مقصود ہے کہ اس میں تقسیم کی گنجائش نہیں ہے۔ جو شخص اللہ کا وفادار ہونے کا مدعی ہے اس پر واجب ہے کہ وہ اس کے رسول اور اس پر ایمان لانے والوں کا بھی اپنے آپ کو وفادار ثابت کرے۔ اگر کوئی شخص اہل ایمان کے مقابل میں کسی اور کو اپنا دوست اور معتمد بناتا ہے تو وہ خدا اور رسول کا بھی ساتھی نہیں ہے اگرچہ وہ کتنی ہی بلند آہنگی سے اس کا دعوی کرے۔ یہ مضمون نہایت وضاحت سے آگے آیات 23۔ 24 میں بھی آرہا ہے۔
لفظ علم یعلم کے مفہوم پر دوسرے مقام میں بحث ہوچکی ہے۔