تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 9. At-Tawba · Ayah 39
Tafseerاِلَّا تَنْفِرُوْا یُعَذِّبْكُمْ عَذَابًا اَلِیْمًا١ۙ۬ وَّ یَسْتَبْدِلْ قَوْمًا غَیْرَكُمْ وَ لَا تَضُرُّوْهُ شَیْئًا١ؕ وَ اللّٰهُ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ﴿39﴾
- اِلَّا تَنْفِرُوْااگر نہ نکلو گے
- يُعَذِّبْكُمْتمہیں عذاب دے گا
- عَذَابًاعذاب
- اَلِيْمًادردناک
- وَّاور
- يَسْتَبْدِلْبدلہ میں لے آئے گا
- قَوْمًااور قوم
- غَيْرَكُمْتمہارے سوا
- وَلَا تَضُرُّوْهُاور نہ بگاڑ سکو گے اس کا
- شَيْئًاکچھ بھی
- وَاللّٰهُاور اللہ
- عَلٰي كُلِّ شَيْءٍہر چیز پر
- قَدِيْرٌقدرت رکھنے والا
Translation · Tadabbur-e-Quran
اگر تم نہ اٹھو گے تو خدا تمہیں دردناک عذاب دے گا اور تمہاری جگہ دوسری قوم لائے گا اور تم اس کو کچھ بھی نقصان نہ پہنچا سکو گے اور اللہ ہر بات پر قادر ہے۔
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
منافقین کو دھمکی : اِلَّا تَنْفِرُوْا يُعَذِّبْكُمْ عَذَابًا اَلِـــيْمًا ڏ وَّيَسْتَبْدِلْ قَوْمًا غَيْرَكُمْ وَلَا تَضُرُّوْهُ شَـيْــــًٔـا ۭ وَاللّٰهُ عَلٰي كُلِّ شَيْءٍ قَدِيْرٌ۔
یہ ان منافقین کو دھمکی ہے کہ اگر تم خدا کی راہ میں جہاد کے لیے نہ اٹھے تو خدا کے دردناک عذاب کی پکڑ میں آجاؤ گے اور یہ نہ خیال کرو کہ اس نہ اٹھنے سے خدا کا کوئی کام بگڑ جائے گا۔ تمہارا اٹھنا خود تمہارے لیے موجب سعادت دنیا و آخرت ہے۔ ورنہ خدا کا کوئی کام تمہارے اوپر منحصر نہیں ہے۔ وہ اپنے دین کی حمایت و نصرت کے لیے اپنے دوسرے بندے اٹھا کھڑا کرے گا جو تمہاری طرح تن آسان، پست ہمت اور مفاد پرست نہیں ہوں گے۔ سورة محمد میں یہی مضمون اس طرح بیان ہوا ہے۔ وان تتولوا یستبدل قوما غیرکم ثم لایکونوا امثالکم۔
اللہ تعالیٰ کی بےنیازی : واللہ علی کل شیء قدیر بیک وقت کئی حقیقتوں کی کی طرف اشارہ کر رہا ہے۔ ایک یہ کہ خدا تمہیں عذاب دینے پر قادر ہے۔ دوسری یہ کہ تمہاری جگہ دوسروں کو اٹھا کھڑا کرنے پر قادر ہے، تیسری یہ کہ وہ اپنے ہر اسکیم بروئے کار لانے پر قادر ہے، اپنے کسی بھی ارادے کی تکمیل میں وہ کسی کا محتاج نہیں۔