Surah Introduction

تدبرِ قرآن

Tadabbur-e-Quran · 9. At-Tawba · Ayah 65

  1. وَ لَئِنْ سَاَلْتَهُمْ لَیَقُوْلُنَّ اِنَّمَا كُنَّا نَخُوْضُ وَ نَلْعَبُ١ؕ قُلْ اَبِاللّٰهِ وَ اٰیٰتِهٖ وَ رَسُوْلِهٖ كُنْتُمْ تَسْتَهْزِءُوْنَ﴿65﴾

    1. وَلَئِنْاور اگر
    2. سَاَلْتَهُمْتم ان سے پوچھو
    3. لَيَقُوْلُنَّتو وہ ضرور کہیں گے
    4. اِنَّمَاکچھ نہیں (صرف)
    5. كُنَّاہم تھے
    6. نَخُوْضُدل لگی کرتے
    7. وَنَلْعَبُاور کھیل کرتے
    8. قُلْآپ کہ دیں
    9. اَبِاللّٰهِکیا اللہ کے
    10. وَاٰيٰتِهٖاور اس کی آیات
    11. وَرَسُوْلِهٖاور اس کا رسول
    12. كُنْتُمْتم تھے
    13. تَسْتَهْزِءُ وْنَہنسی کرتے
Translation · Tadabbur-e-Quran
اور اگر تم ان سے پوچھو گے تو جواب دیں گے کہ ہم تو محض سخن گستری اور جی بہلانے کی باتیں کر رہے تھے۔ ان سے پوچھو کہ کیا تم اللہ، اس کی آیات اور اس کے رسول کے ساتھ ہنسی مسخری کر رہے تھے ؟
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
" خوض " کا مفہوم : خوض کے اصل معنی تو دریا وغیرہ میں گھسنے کے ہیں لیکن بات کے تعلق سے یہ آئے تو اس کا مفہوم بال کی کھال ادھیڑنا بھی ہوسکتا ہے اور ایک بات سے دوسری اور دوسری سے تیسری بات نکالتے ہوئے کہیں سے کہیں جا نکلنا بھی ہوسکتا ہے۔ ہم ترجمہ سخن گستری کا لفظ اختیار کیا ہے۔ اِنَّمَا كُنَّا نَخُوْضُ وَنَلْعَبُ ، ایک اور عذر گناہ بد تر از گناہ : یہ منافقین کے ایک اور عذر گناہ بد تر از گناہ کی مثال پیش کی گئی ہے کہ اگر تم ان سے اس استہزا کی بابت دریافت کروگے جو وہ اپنی مجالس میں اللہ اور رسول کا کرتے ہیں تو جھٹ جواب دیں گے معاذ اللہ استہزا ؟ ہم تو بس کچھ ہنسی مذاق کی باتیں کر رہے تھے ! قرآن نے ان کو یہیں سے دھر لیا کہ اَبِاللّٰهِ وَاٰيٰتِهٖ وَرَسُوْلِهٖ كُنْتُمْ تَسْتَهْزِءُ وْنَ ، کیا اب تمہاری ہنسی دل لگی اور مشق سخن گستری کے لیے اللہ، اس کی آیتیں اور اس کا رسول ہی رہ گئے ہیں ؟ بازی بازی باریش ببا ہم بازی !