تدبرِ قرآن
Tadabbur-e-Quran · 93. Ad-Dhuhaa · Ayah 1
وَ الضُّحٰىۙ﴿1﴾
- وَالضُّحٰىقسم ہے دھوپ چڑھنے کی (آفتاب)
Translation · Tadabbur-e-Quran
شاہد ہے وقت چاشت
Tafseer · Tadabbur-e-Quran
’ضُحٰی‘ چاشت کے وقت کو کہتے ہیں جب دن کی سرگرمیوں کا آغاز ہوتا اور انسان رات میں آرام کے بعد، ازسرنو تازہ دم ہو کر، جدوجہد کے میدان میں اترتا ہے۔
رات اور دن کی باہمی سازگاری: رات کی شہادت قرآن میں، موقع کی مناسبت سے، مختلف پہلوؤں سے پیش کی گئی ہے جن کی وضاحت ان کے محل میں ہو چکی ہے۔ یہاں اس کے ساتھ ’اِذَا سَجٰی‘ کی قید لگی ہوئی ہے۔ ’سَجٰی‘ کے معنی ’رَکَد‘ اور ’سَکَن‘ یعنی ٹک جانے اور ساکن ہو جانے کے آتے ہیں جس سے معلوم ہوا کہ یہاں رات کا وقت پیش نظر ہے جب وہ دن کے شور و شغب اور ابتدائے شب کے ہنگاموں سے نکل کر اچھی طرح ٹک جاتی اور انسان کو سکون و راحت بخشنے کے قابل بن جاتی ہے۔ گویا لفظ ’ضُحٰی‘ سے جو حصہ دن کا مراد لیا گیا ہے ’وَالَّیْلِ اِذَا سَجٰی‘ سے اس کے بالمقابل شب کا حصہ مراد لیا گیا ہے۔
یہ دن اور رات غور کیجیے تو معلوم ہو گا کہ اپنی شکل و صورت، اپنے مزاج اور اپنے اثرات کے لحاظ سے اگرچہ بالکل مختلف ہیں لیکن اس اختلاف کے باوجود انسان بھی اپنی زندگی کے لیے ان کا محتاج ہے اور یہ دنیا بحیثیت مجموعی بھی اپنی بقا کے لیے ان کی حاجت مند ہے اور خالق کائنات کی یہ بہت بڑی رحمت و عنایت ہے کہ اس نے دن کے ساتھ رات اور رات کے ساتھ دن کو وجود بخشا اور ان دونوں کے تفاعل سے وہ مصالح پورے ہوتے ہیں جو اس دنیا کے بقا کے لیے ضروری ہیں۔ قرآن نے ان دونوں کے تفاعل کا جگہ جگہ ذکر کیا ہے، مثلاً:
ہُوَ الَّذِیْ جَعَلَ لَکُمُ الَّیْْلَ لِتَسْکُنُوۡا فِیْہِ وَالنَّہَارَ مُبْصِرًا.۱ (یونس ۱۰: ۶۷)
’’وہی خدا ہے جس نے تمہارے لیے رات کو تاریک بنایا تاکہ تم اس میں سکون حاصل کرو اور دن کو روشن بنایا تاکہ تم اس میں جدوجہد کرو۔‘‘
سورۂ قصص میں فرمایا ہے:
وَمِنْ رَّحْمَتِہٖ جَعَلَ لَکُمْ الَّیْلَ وَالنَّہَارَ لِتَسْکُنُوۡا فِیْہِ وَلِتَبْتَغُوۡا مِن فَضْلِہٖ وَلَعَلَّکُمْ تَشْکُرُوۡنَ. (القصص ۲۸: ۷۳)
’’اور یہ اس کی رحمت میں سے ہے کہ اس نے تمھارے لیے رات اور دن بنائے تاکہ تم رات میں سکون حاصل کرو اور دن میں اس کے رزق و فضل کے طلب کرنے والے بنو اور تاکہ تم اپنے رب کے شکرگزار رہو۔‘‘
_____
۱ اس آیت میں حذف و ایجاز کا جو اصول ملحوظ ہے اس کی وضاحت آیت کی تفسیر میں ہو چکی ہے۔