تفہیم القرآن
Tafheem-ul-Quran · 11. Hud · Ayah 29
Tafseerوَ یٰقَوْمِ لَاۤ اَسْئَلُكُمْ عَلَیْهِ مَالًا١ؕ اِنْ اَجْرِیَ اِلَّا عَلَى اللّٰهِ وَ مَاۤ اَنَا بِطَارِدِ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا١ؕ اِنَّهُمْ مُّلٰقُوْا رَبِّهِمْ وَ لٰكِنِّیْۤ اَرٰىكُمْ قَوْمًا تَجْهَلُوْنَ﴿29﴾
- وَيٰقَوْمِاور اے میری قوم
- لَآ اَسْئَلُكُمْمیں نہیں مانگتا تم سے
- عَلَيْهِاس پر
- مَالًاکچھ مال
- اِنْنہیں
- اَجْرِيَمیرا اجر
- اِلَّامگر
- عَلَي اللّٰهِاللہ پر
- وَمَآ اَنَااور نہیں میں
- بِطَارِدِہانکنے والا
- الَّذِيْنَ اٰمَنُوْاوہ جو ایمان لائے
- اِنَّهُمْبیشک وہ
- مُّلٰقُوْاملنے والے
- رَبِّهِمْاپنا رب
- وَلٰكِنِّيْٓاور لیکن میں
- اَرٰىكُمْدیکھتا ہوں تمہیں
- قَوْمًاایک قوم
- تَجْهَلُوْنَجہالت کرتے ہو
Translation · Tafheem-ul-Quran
اور اے برادرانِ قوم ، میں اِس کام پر تم سے کوئی مال نہیں مانگتا، 35 میرا اجر تو اللہ کے ذمّہ ہے۔ اور میں اُن لوگوں کودھکے دینے سے بھی رہا جنہوں نے میری بات مانی ہے، وہ آپ اپنے ربّ کے حضور جانے والے ہیں۔36 مگر میں دیکھتا ہوں کہ تم لوگ جہالت برت رہے ہو
Tafseer · Tafheem-ul-Quran
سورة هُوْد 35
یعنی میں ایک بےغرض ناصح ہوں۔ اپنے کسی فائدے کے لیے نہیں بلکہ تمہارے ہی بھلے کے لیے یہ ساری مشقتیں اور تکلیفیں برداشت کر رہا ہوں۔ تم کسی ایسے ذاتی مفاد کی نشان دہی نہیں کرسکتے جو اس امر حق کی دعوت دینے میں اور اس کے لیے جان توڑ محنتیں کرنے اور مصیبتیں جھیلنے میں میرے پیش نظر ہو۔ (ملاحظہ ہو المومنون، حاشیہ 70۔ یٰس حاشیہ 17۔ الشوریٰ ، حاشیہ 41)
سورة هُوْد 36
یعنی ان کی قدر و قیمت جو کچھ بھی ہے وہ ان کے رب کو معلوم ہے اور اسی کے حضور جا کر وہ کھلے گی۔ اگر یہ قیمتی جواہر ہیں تو میرے اور تمہارے پھینک دینے سے پتھر نہ ہوجائیں گے، اور اگر یہ بےقیمت پتھر ہیں تو ان کے مالک کو اختیار ہے کہ انہیں جہاں چاہے پھینکے۔ (ملاحظہ ہو الانعام، آیت 52۔ الکہف، آیت 28)