تفہیم القرآن
Tafheem-ul-Quran · 11. Hud · Ayah 31
Tafseerوَ لَاۤ اَقُوْلُ لَكُمْ عِنْدِیْ خَزَآئِنُ اللّٰهِ وَ لَاۤ اَعْلَمُ الْغَیْبَ وَ لَاۤ اَقُوْلُ اِنِّیْ مَلَكٌ وَّ لَاۤ اَقُوْلُ لِلَّذِیْنَ تَزْدَرِیْۤ اَعْیُنُكُمْ لَنْ یُّؤْتِیَهُمُ اللّٰهُ خَیْرًا١ؕ اَللّٰهُ اَعْلَمُ بِمَا فِیْۤ اَنْفُسِهِمْ١ۖۚ اِنِّیْۤ اِذًا لَّمِنَ الظّٰلِمِیْنَ﴿31﴾
- وَاور
- لَآ اَقُوْلُمیں نہیں کہتا
- لَكُمْتمہیں
- عِنْدِيْمیرے پاس
- خَزَآئِنُ اللّٰهِاللہ کے خزانے
- وَاور
- لَآ اَعْلَمُمیں نہیں جانتا
- الْغَيْبَغیب
- وَاور
- لَآ اَقُوْلُمیں نہیں کہتا
- اِنِّىْکہ میں
- مَلَكٌفرشتہ
- وَّاور
- لَآ اَقُوْلُمیں نہیں کہتا
- لِلَّذِيْنَان لوگوں کو جنہیں
- تَزْدَرِيْٓحقیر سمجھتی ہیں
- اَعْيُنُكُمْتمہاری آنکھیں
- لَنْ يُّؤْتِيَهُمُہرگز نہ دے گا انہیں
- اللّٰهُاللہ
- خَيْرًاکوئی بھلائی
- اَللّٰهُاللہ
- اَعْلَمُخوب جانتا ہے
- بِمَاجو کچھ
- فِيْٓ اَنْفُسِهِمْان کے دلوں میں
- اِنِّىْٓبیشک میں
- اِذًااس وقت
- لَّمِنَ الظّٰلِمِيْنَالبتہ ظالموں سے
Translation · Tafheem-ul-Quran
اور میں تم سے نہیں کہتا کہ میرے پاس اللہ کے خزانے ہیں ، نہ یہ کہتا ہوں کہ میں غیب کا علم رکھتا ہوں، نہ یہ میرا دعوٰی ہے کہ میں فرشتہ ہوں۔37 اور یہ بھی میں نہیں کہہ سکتا کہ جن لوگوں کو تمہاری آنکھیں حقارت سے دیکھتی ہیں انہیں اللہ نے کوئی بھلائی نہیں دی۔ ان کے نفس کا حال اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔ اگر میں ایسا کہوں تو ظالم ہوں گا۔“
Tafseer · Tafheem-ul-Quran
سورة هُوْد 37
یہ اس بات کا جواب ہے کہ جو مخالفین نے کہی تھی کہ ہمیں تو تم بس اپنے ہی جیسے ایک انسان نظر آتے ہو۔ اس پر حضرت نوح ؑ فرماتے ہیں کہ واقعی میں ایک انسان ہی ہوں، میں نے انسان کے سوا کچھ اور ہونے کا دعویٰ کب کیا تھا کہ تم مجھ پر یہ اعتراض کرتے ہو۔ میرا دعویٰ جو کچھ ہے وہ تو صرف یہ ہے کہ خدا نے مجھے علم و عمل کا سیدھا راستہ دکھایا ہے۔ اس کی آزمائش تم جس طرح چاہو کرلو۔ مگر اس دعوے کی آزمائش کا آخر یہ کونسا طریقہ ہے کہ کبھی تم مجھ سے غیب کی خبریں پوچھتے ہو، اور کبھی ایسے ایسے عجیب مطالبے کرتے ہو گویا خدا کے خزانوں کی ساری کنجیاں میرے پاس ہیں، اور کبھی اس بات پر اعتراض کرتے ہو کہ میں انسانوں کی طرح کھاتا پیتا اور چلتا پھرتا ہوں، گویا میں نے فرشتہ ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ جس آدمی نے عقائد، اخلاق اور تمدن میں صحیح رہبری کا دعویٰ کیا ہے اس سے ان چیزوں کے متعلق جو چاہو پوچھو، مگر تم عجیب لوگ ہو جو اس سے پوچھتے ہو کہ فلاں شخص کی بھینس کٹڑا جنے گی یا پڑیا۔ گویا انسانی زندگی کے لیے صحیح اصول اخلاق و تمدن بتانے کا کوئی تعلق بھینس کے حمل سے بھی ہے ! (ملاحظہ ہو سورة انعام، 31، 32)