تفہیم القرآن
Tafheem-ul-Quran · 112. Al-Ikhlaas · Ayah 2
Tafseerاَللّٰهُ الصَّمَدُۚ﴿2﴾
- اَللّٰهُاللہ
- الصَّمَدُبےنیاز
Translation · Tafheem-ul-Quran
اللہ سب سے بے نیاز ہے اور سب اس کے محتاج ہیں۔ 4
Tafseer · Tafheem-ul-Quran
سورة الاخلاص 4
اصل میں لفظ صَمَد استعمال کیا گیا ہے جس کا مادہ ص، م، د ہے۔ عربی زبان میں اس مادے سے جو الفاظ نکلے ہیں ان پر ایک نگاہ ڈالنے سے معلوم ہوجاتا ہے کہ اس کے معانی کی وسعت کس قدر ہے۔
اَلصَّمدُ۔ قصد کرنا، بلند مقام جو بڑی ضخامت رکھتا ہو، سطح مرتفع، وہ آدمی جسے جنگ میں بھوک پیاس نہ لگتی ہو، وہ سردار جس کی طرف حاجات میں رجوع کیا جاتا ہو۔
اَلصَّمَدُ۔ ہر چیز کا بلند حصہ، وہ شخص جس سے بالا تر کوئی دوسرا شخص نہ ہو، وہ سردار جس کی اطاعت کی جاتی ہو اور اس کے بغیر کسی معاملہ کا فیصلہ نہ کیا جاتا ہو، وہ سردار جس کی طرف حاجتمند لوگ رجوع کرتے ہوں، دائم، بلند مرتبہ، ٹھوس جس میں کوئی خول یا جھول نہ ہو، اور جس سے نہ کوئی چیز نکلتی ہو نہ اس میں داخل ہوسکتی ہو، وہ آدمی جسے جنگ میں بھوک پیاس نہ لگتی ہو۔
اَلمُصمَدُ۔ ٹھوس چیز جس کا کوئی جوف نہ ہو۔
اَلمُصَمَّدُ۔ مقصود جس کی طرف جانے کا قصد کیا جائے، سخت چیز جس میں کوئی کمزوری نہ ہو۔
بَیتٌ مُصَمَّدٌ۔ وہ گھر جس کی طرف حاجات میں رجوع کیا جاتا ہو۔
بِنَاءٌ مُّصمَدٌ۔ بلند عمارت۔
صَمَدَہٗ وَ صَمَدَ اِلَیہِ صَمدًا۔ اس شخص کی طرف جانے کا قصد کیا۔
اَصمَدَ اِلَیہ الاَمرَ۔ اس کے سپرد معاملہ کردیا، اس کے آگے معاملہ پیش کردیا، اس کے آگے معاملہ پیش کردیا، اس کے اوپر معاملہ میں اعتماد کیا۔ (صحاح، قاموس، لسان العرب)
ان لغوی معنوں کی بنا پر آیت اللّٰهُ الصَّمَدُ میں لفظ الصَّمَدُ کی جو تفسیریں صحابہ وتابعین اور بعد کے اہل علم سے منقول ہیں انہیں ہم ذیل میں درج کرتے ہیں
حضرت علی، عکرمہ اور کعب احبا صَمَد وہ ہے جس سے بالا تر کوئی نہ ہو۔
حضرت عبداللہ بن مسعود، حضرت عبداللہ بن عباس اور ابو وائل شقیق بن سلمہ " وہ سردار جس کی سیادت کامل ہو اور انتہا کو پہنچی ہوئی ہو "۔
ابن عباس کا دوسرا قول " صمد وہ ہے جس کی طرف لوگ کسی بلا یا مصیبت کے نازل ہونے پر مدد کے لیے رجوع کریں "۔ ان کا ایک اور قول " وہ سردار جو اپنی سیادت میں، اپنے شرف میں، اپنی عظمت میں، اپنے حلم اور بردباری میں، اپنے علم میں اور اپنی حکمت میں کامل ہو "
حضرت ابوہریرہ " وہ جس میں سے نہ کوئی چیز کبھی نکلی ہو نہ نکلتی ہو "۔ جو نہ کھاتا ہو نہ پیتا ہو "۔ اسی کے ہم معنی اقوال شعبی اور محمد بن کعب القرظی سے بھی منقول ہیں۔
سدی۔ " مطلوب چیزیں حاصل کرنے کے لیے لوگ جس کا قصد کریں اور مصائب میں مدد کے لیے جس کی طرف رجوع نہ کریں "۔
سعید بن جبیر " وہ جو اپنی تمام صفات اور اعمال میں کامل ہو "۔
ربیع بن انس " وہ جس پر کوئی آفت نہ آتی ہو "۔
مقاتل بن حیان " وہ جو بےعیب ہو "۔
ابن کیسان " وہ جس کی صفت سے کوئی دوسرا متصف نہ ہو "۔
حسن بصری اور قتادہ " جو باقی رہنے والا اور لازوال ہو " اسی سے ملتے جلتے اقوال مجاہد اور معمر اور مرۃ الہمدانی سے بھی منقول ہیں۔
مرۃ الہمدانی کا ایک اور قول یہ ہے کہ " وہ جو اپنی مرضی کے مطابق جو چاہے فیصلہ کرے اور جو کام چاہے کرے، اس کے حکم اور فیصلے پر نظر ثانی کرنے والا کوئی نہ ہو "۔
ابراہیم نخعی " وہ جس کی طرف لوگ اپنی حاجتوں کے لیے رجوع کریں "۔
ابوبکر الانباری " اہل لغت کے درمیان اس میں کوئی اختلاف نہیں ہے کہ صَمَد اس سردار کو کہتے ہیں جس سے بالا تر کوئی اور سردار نہ ہو، اور جس کی طرف لوگ اپنی حاجات اور اپنے معاملات میں رجوع کریں "۔ اسی کے قریب الزجاج کا قول ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ " صَمَد وہ ہے جس پر سرداری ختم ہوگئی ہو اور ہر ایک اپنی حاجات کے لیے جس کی طرف رجوع کرے "۔
اب غور کیجیے کہ پہلے فقرے میں اللّٰهُ اَحَدٌ کیوں کہا گیا، اور اس فقرے میں اللّٰهُ الصَّمَدُ کہنے کی کیا وجہ ہے۔ لفظ اَحَدٌ کے متعلق ہم بیان کرچکے ہیں کہ وہ صرف اللہ تعالیٰ کے لیے مخصوص ہے، کسی اور کے لیے سرے سے مستعمل ہی نہیں ہے، اس لیے اسے اَحَدٌ، یعنی نکرہ کی صورت میں استعمال کیا گیا ہے، لیکن صَمَد کا لفظ چونکہ مخلوقات کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے، اس لیے اللہ صمد کہنے کے بجائے اَللّٰهُ الصَّمَدُ کہا گیا، جس کے معنی یہ ہیں کہ اصلی اور حقیقی صَمَد اللہ تعالیٰ ہی ہے۔ مخلوق اگر کسی حیثیت سے صمد ہو بھی تو کسی دوسری حیثیت سے وہ صمد نہیں ہے، کیونکہ وہ فانی ہے، لازوال نہیں ہے، قابل تجزیہ و تقسیم ہے، مرکب ہے، کسی وقت اس کے اجزاء بکھر سکتے ہیں، بعض مخلوقات اس کی محتاج ہیں تو بعض کا وہ خود محتاج ہے، اس کی سیادت اضافی ہے نہ کہ مطلق، کسی کے مقابلے میں وہ برتر ہے تو اس کے مقابلے میں کوئی اور برتر ہے، بعض مخلوقات کی بعض حاجات کو وہ پورا کرسکتا ہے، مگر سب کی تمام حاجات کو پورا کرنا کسی مخلوق کے بس میں نہیں ہے۔ بخلاف اس کے اللہ تعالیٰ کی صمدیت ہر حیثیت سے کامل ہے۔ ساری دنیا اس کی محتاج ہے اور وہ کسی کا محتاج نہیں۔ دنیا کی ہر اچیز اپنے وجود بقا اور اپنی حاجات و ضروریات کے لیے شعوری طور پر یا غیر شعوری طور پر اسی کی طرف رجوع کرتی ہے اور سب کی تمام حاجات پوری کرنے والا وہی ہے۔ وہ غیر فانی اور لازوال ہے۔ رزق دیتا ہے، لیتا نہیں ہے، مفرد ہے، مرکب نہیں ہے کہ قابل تجزیہ و تقسیم ہو۔ ساری کائنات پر اس کی سیادت قائم ہے اور وہ سب سے برتر ہے۔ اس لیے وہ محض صَمَد نہیں، بلکہ الصمد ہے، یعنی ایک ہی ایسی ہستی جو حقیقت میں صمدیت سے بتمام و کمال متصف ہے۔
پھر چونکہ وہ الصمد ہے اس لیے لازم آتا ہے کہ وہ یکتا اور یگانہ ہو، کیونکہ ایسی ہستی ایک ہی ہوسکتی ہے جو کسی کی حاجتمند نہ ہو اور سب جس کے محتاج ہوں۔ دو یا زائد ہستیاں سب سے بےنیاز اور سب کی حاجت روا نہیں ہوسکتیں۔ نیز اس کے الصمد ہونے سے یہ بھی لازم آتا ہے کہ وہی ایک معبود ہو، کیونکہ انسان عبادت اسی کی کرتا ہے جس کا وہ محتاج ہو۔ اور اس سے یہ بھی لازم آتا ہے کہ اس کے سوا کوئی معبود نہ ہو، کیونکہ جو حاجت روائی کی طاقت اور اختیارات ہی نہ رکھتا ہو اس کی بندگی و عبادت کوئی ہوشمند آدمی نہیں کرسکتا۔