Urwatul-Wusqaa - Al-Baqara : 236
لَا جُنَاحَ عَلَیْكُمْ اِنْ طَلَّقْتُمُ النِّسَآءَ مَا لَمْ تَمَسُّوْهُنَّ اَوْ تَفْرِضُوْا لَهُنَّ فَرِیْضَةً١ۖۚ وَّ مَتِّعُوْهُنَّ١ۚ عَلَى الْمُوْسِعِ قَدَرُهٗ وَ عَلَى الْمُقْتِرِ قَدَرُهٗ١ۚ مَتَاعًۢا بِالْمَعْرُوْفِ١ۚ حَقًّا عَلَى الْمُحْسِنِیْنَ
لَاجُنَاحَ : نہیں گناہ عَلَيْكُمْ : تم پر اِنْ : اگر طَلَّقْتُمُ : تم طلاق دو النِّسَآءَ : عورتیں مَالَمْ : جو نہ تَمَسُّوْھُنَّ : تم نے انہیں ہاتھ لگایا اَوْ : یا تَفْرِضُوْا : مقرر کیا لَھُنَّ : ان کے لیے فَرِيْضَةً : مہر وَّمَتِّعُوْھُنَّ : اور انہیں خرچ دو عَلَي : پر الْمُوْسِعِ : خوش حال قَدَرُهٗ : اس کی حیثیت وَعَلَي : اور پر الْمُقْتِرِ : تنگدست قَدَرُهٗ : اس کی حیثیت مَتَاعًۢا : خرچ بِالْمَعْرُوْفِ : دستور کے مطابق حَقًّا : لازم عَلَي : پر الْمُحْسِنِيْنَ : نیکو کار
اور اگر بغیر اس کے کہ تم نے بیوی کو ہاتھ لگایا ہو اور اس کے لیے جو کچھ مقرر کرنا تھا مقرر کیا ہو ، طلاق دے دو تو اس پر بھی تم پر کوئی گناہ نہیں البتہ ایسی صورت میں بھی اسے فائدہ پہنچاؤ ایسا فائدہ جو دستور کے مطابق پہنچایا جائے ، مقدور والا اپنی حیثیت کے مطابق دے ، تنگ دست اپنی حالت کے مطابق ، نیک کردار آدمیوں کیلئے ضروری ہے کہ ایسا کریں
نکاح کیا لیکن مہر مقرر نہیں کیا پھر خلوت صحیحہ بھی نہ ہوئی کہ طلاق کی نوبت آگئی ؟ 401: نکاح کے وقت مہر مقرر نہ ہوا ہو تو بھی نکاح صحیح ہے لیکن ایسی عورت کو اگر صحبت اور خلوت صحیحہ سے قبل ہی طلاق دے دی تو مہر کیا ہوگا ؟ مہر کچھ بھی ادا نہیں کرنا ہوگا۔ لیکن یہ تو ایک قانونی صورت ہوئی کہ کچھ ادا نہ کرنا پڑا۔ اخلاق بھی تو آخر کوئی چیز ہے ؟ اخلاقی لحاظ سے ضروری ہے کہ مرد جس نے نکاح کیا تھا اپنی حیثیت کے مطابق عورت سے نیک سلوک کرے اور کچھ نہ کچھ اس کو دے دے اور نہیں تو کپڑوں کو جوڑا ہی سہی۔ اپنی طاقت اور وسعت کے مطابق جو کچھ زیادہ سے زیادہ کرو گے وہ تمہارے حق میں نیکی لکھی جائے گی اور تمہارے کردار کی بلندی معلوم ہوجائے گی کہ تم کتنے بلند کر دار ہو۔
Top