Urwatul-Wusqaa - Yaseen : 18
قَالُوْۤا اِنَّا تَطَیَّرْنَا بِكُمْ١ۚ لَئِنْ لَّمْ تَنْتَهُوْا لَنَرْجُمَنَّكُمْ وَ لَیَمَسَّنَّكُمْ مِّنَّا عَذَابٌ اَلِیْمٌ
قَالُوْٓا : وہ کہنے لگے اِنَّا تَطَيَّرْنَا : ہم نے منحوس پایا بِكُمْ ۚ : تمہیں لَئِنْ : اگر لَّمْ تَنْتَهُوْا : تم باز نہ آئے لَنَرْجُمَنَّكُمْ : ضرور ہم سنگسار کردیں گے تمہیں وَلَيَمَسَّنَّكُمْ : اور ضرور پہنچے گا تمہیں مِّنَّا : ہم سے عَذَابٌ : عذاب اَلِيْمٌ : دردناک
وہ (قوم کے لوگ) کہنے لگے کہ ہم نے تم کو منحوس پایا ہے (کہ تمہارے آنے سے قوم میں پھوٹ پڑگئی) اگر تم (اس تبلیغ سے) باز نہ آئے تو ہم تم کو سنگسار کردیں گے اور ہمارے ہاتھوں تم کو دردناک عذاب پہنچے گا
بستی والوں نے ان کو جواب دیا کہ ہم تو تم کو منحوس آدمی خیال کرتے ہیں : 18۔ بستی والوں نے ان کو فورا جواب دیا کہ ہم تو تم لوگوں کو منحوس خیال کرتے ہیں کہ تم نے خواہ مخواہ ہمارے یہاں آکر گڑ بڑ شروع کردی ہے اور اگر تم اس سے باز نہ آئے تو ہم تم تینوں ہی کو مار ڈالیں گے ۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ تم کتنے منحوس اور نحس ہو کہ جب سے تم آئے ہو ہم کو امن ہی نہیں اور ہماری قوم بکھر کر تتر بتر ہوگئی ۔ تم سے ہماری گزارش یہی ہے کہ تم مہربانی فرما کر اس سے باز آجاؤ ہم پر بھی رحم کرو اور اپنی جانوں پر بھی اور یاد رکھو کہ اگر تم نے ہمارے بزرگوں کے خلاف پروپیگنڈہ اسی طرح جاری رکھا تو تمہارا انجام اچھا نہیں ہوگا بلکہ نہایت سختی کے ساتھ انہوں نے جھڑک دیا کہ بس ہمارے علاقے اور بستی میں صرف تم تین ہی ایسے ہو جن کو اللہ نے ہم کلام ہونے اور ہماری ہدایت کے لئے چن لیا ہے ۔ اگر تم نے یہی روش اختیار رکھی تو تم کو چورا ہے میں کھڑا کر کے سنگسار کردیا جائے گا اور پھر کوئی نہیں جو ہم کو تمہارے بارے میں ایسا کرنے سے پوچھ بھی سکے اس لئے ہم بھی تم کو آخری وارننگ دے رہے ہیں کہ تم ہماری گرفت سے بچ جاؤ ورنہ سخت سزا پانے کے لئے تیار رہو اس لیے کہ اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے ۔
Top