Tafseer-e-Usmani - An-Noor : 30
قُلْ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ یَغُضُّوْا مِنْ اَبْصَارِهِمْ وَ یَحْفَظُوْا فُرُوْجَهُمْ١ؕ ذٰلِكَ اَزْكٰى لَهُمْ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ خَبِیْرٌۢ بِمَا یَصْنَعُوْنَ
قُلْ : آپ فرما دیں لِّلْمُؤْمِنِيْنَ : مومون مردوں کو يَغُضُّوْا : وہ نیچی رکھیں مِنْ : سے اَبْصَارِهِمْ : اپنی نگاہیں وَيَحْفَظُوْا : اور وہ حفاظت کریں فُرُوْجَهُمْ : اپنی شرمگاہیں ذٰلِكَ : یہ اَزْكٰى : زیادہ ستھرا لَهُمْ : ان کے لیے اِنَّ اللّٰهَ : بیشک اللہ خَبِيْرٌ : باخبر ہے بِمَا : اس سے جو يَصْنَعُوْنَ : وہ کرتے ہیں
کہہ دے ایمان والوں کو نیچی رکھیں ذرا اپنی آنکھیں8 اور تھامتے رہیں اپنے ستر کو9 اس میں خوب ستھرائی ہے ان کے لیے بیشک اللہ کو خبر ہے جو کچھ کرتے ہیں10
8 بدنظری عموماً زنا کی پہلی سیڑھی ہے۔ اسی سے بڑے بڑے فواحش کا دروازہ کھلتا ہے۔ قرآن کریم نے بدکاری اور بےحیائی کا انسداد کرنے کے لیے اول اسی سوراخ کو بند کرنا چاہا۔ یعنی مسلمان مرد و عورت کو حکم دیا کہ بدنظری سے بچیں اور اپنی شہوات کو قابو میں رکھیں۔ اگر ایک مرتبہ بےساختہ مرد کی کسی اجنبی عورت پر یا عورت کی کسی اجنبی مرد پر نظر پڑجائے تو دوبارہ ارادہ سے اس طرف نظر نہ کرے۔ کیونکہ یہ دوبارہ دیکھنا اس کے اختیار سے ہوگا، جس میں وہ معذور نہیں سمجھا جاسکتا۔ اگر آدمی نگاہ نیچی رکھنے کی عادت ڈال لے اور اختیار و ارادہ سے ناجائز امور کی طرف نظر اٹھا کر نہ دیکھا کرے تو بہت جلد اس کے نفس کا تزکیہ ہوسکتا ہے چونکہ پہلی مرتبہ دفعتاً جو بیساختہ نظر پڑتی ہے ازراہ شہوت و نفسانیت نہیں ہوتی۔ اس لیے حدیث میں اس کو معاف رکھا گیا ہے۔ شاید یہاں بھی من ابصارہم میں من کو تبعیضیہ لے کر اسی طرف اشارہ ہو۔ 9 یعنی حرام کاری سے بچیں اور ستر کسی کے سامنے نہ کھولیں۔ اِلَّاعِنْدَ مَنْ اَبَاحَہ، الشَّارِعُ مِنَ الْاَزْوَاجِ وَمَامَلَکَتْ اَیْمَانَہُمْ ۔ 10 یعنی آنکھ کی چوری اور دلوں کے بھید اور نیتوں کا حال اس کو سب معلوم ہے لہذا اس کا خیال کر کے بدنگاہی اور ہر قسم کی بدکاری سے بچو۔ ورنہ وہ اپنے علم کے موافق تم کو سزا دے گا۔ (يَعْلَمُ خَاۗىِٕنَةَ الْاَعْيُنِ وَمَا تُخْفِي الصُّدُوْرُ ) 40 ۔ غافر :19) حضرت شاہ صاحب نے " مایصنعون " سے مراد غالباً جاہلیت کی بےاعتدالیاں لی ہیں۔ یعنی جو بےاعتدالیاں پہلے سے کرتے آرہے ہو اللہ کو سب معلوم ہے اسی لیے اب اس نے اپنے پیغمبر کے ذریعہ سے یہ احکام جاری کیے تاکہ تمہارا تزکیہ ہو سکے۔
Top