باب: نبی کریم ﷺ کا یہ فرمانا کہ میت پر اس کے گھر والوں کے رونے سے عذاب ہوتا ہے یعنی جب رونا ماتم کرنا میت کے خاندان کی رسم ہو۔
ابن عباس ؓ نے فرمایا کہ جب عمر ؓ کا انتقال ہو گیا تو میں نے اس حدیث کا ذکر عائشہ ؓ سے کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ رحمت عمر ؓ پر ہو۔ بخدا رسول اللہ ﷺ نے یہ نہیں فرمایا ہے کہ اللہ مومن پر اس کے گھر والوں کے رونے کی وجہ سے عذاب کرے گا بلکہ نبی کریم ﷺ نے یوں فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کافر کا عذاب اس کے گھر والوں کے رونے کی وجہ سے اور زیادہ کر دیتا ہے۔ اس کے بعد کہنے لگیں کہ قرآن کی یہ آیت تم کو بس کرتی ہے کہ "کوئی کسی کے گناہ کا ذمہ دار اور اس کا بوجھ اٹھانے والا نہیں۔" اس پر ابن عباس ؓ نے اس وقت (یعنی ام ابان کے جنازے میں) سورۃ النجم کی یہ آیت پڑھی "اور اللہ ہی ہنساتا ہے اور وہی رلاتا ہے۔" ابن ابی ملیکہ نے کہا کہ اللہ کی قسم! ابن عباس ؓ کی یہ تقریر سن کر ابن عمر ؓ نے کچھ جواب نہیں دیا۔