Ahsan-ut-Tafaseer - Maryam : 76
وَ یَزِیْدُ اللّٰهُ الَّذِیْنَ اهْتَدَوْا هُدًى١ؕ وَ الْبٰقِیٰتُ الصّٰلِحٰتُ خَیْرٌ عِنْدَ رَبِّكَ ثَوَابًا وَّ خَیْرٌ مَّرَدًّا
وَيَزِيْدُ : اور زیادہ دیتا ہے اللّٰهُ : اللہ الَّذِيْنَ اهْتَدَوْا : جن لوگوں نے ہدایت حاصل کی هُدًى : ہدایت وَالْبٰقِيٰتُ : اور باقی رہنے والی الصّٰلِحٰتُ : نیکیاں خَيْرٌ : بہتر عِنْدَ رَبِّكَ : تمہارے رب کے نزدیک ثَوَابًا : باعتبار ثواب وَّخَيْرٌ : اور بہتر مَّرَدًّا : باعتبار انجام
اور جو لوگ ہدایت یاب ہیں خدا ان کو زیادہ ہدایت دیتا ہے اور نیکیاں جو باقی رہنے والی ہیں وہ تمہارے پروردگار کے صلے کے لحاظ سے خوب اور انجام کے اعتبار سے بہتر ہیں
76:۔ اوپر ان لوگوں کا ذکر تھا جن کی گمراہی قرآن شریف کی آیتیں سن کر دن بدن اور بڑھتی جاتی تھی اس آیت میں ان لوگوں کا ذکر ہے جنہوں نے قرآن کی نصیحت سے دن بدن زیادہ نیک ہدایت پائی جیسے مثلا ہجرت سے پہلے مکہ میں فقط نماز فرض تھی تو اللہ تعالیٰ نے اس کو اچھی طرح ادا کرنے کی انہیں توفیق دی تھی ہجرت کے بعد جس زکوٰۃ روزوں اور حج کی آیتیں نازل ہوئیں تو ان لوگوں کے نیک عمل توفیق الٰہی کے سبب سے اور بڑھ گئے پھر فرمایا یہی نیک عمل ایسی چیز ہیں جن کا بدلہ بارگاہ الٰہی سے بڑھ جائیں گے اور عقبیٰ میں ایسے لوگوں کو بہت مذامت ہوگی اور بےوقت کی ندامت ان کے کچھ کام نہ آئے گی۔ معتبر سند سے مسند بزار میں ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے جس میں اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا مال اور اولاد دنیا میں چھوڑ جانے کی چیزیں ہیں ہاں جو عمل آدمی نے عمر بھر کیے ہیں وہ مرنے کے بعد اس کے ساتھ جانے کی چیز ہے 1 ؎۔ مسند امام احمد اور ابوداؤد میں براء بن عازب ؓ سے صحیح روایت ہے جس میں یہ ذکر ہے کہ نیک عمل اچھی صورت اور بد عمل بری صورت بن کر قبر میں ایک مردہ کے پاس آتے ہیں 2 ؎۔ مسند امام احمد میں محمد بن ابی عمرہ سے روایت ہے جس میں اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا جو لوگ دنیا میں عمر بھر نیک عمل کرتے رہیں گے وہ بھی قیامت کے دن یوں پچھتائیں گے کہ انہوں نے نیک عمل اور زیادہ کیوں نہیں کیے جو آج کے روز زیادہ اجر ملتا اس حدیث سے لوگوں کے پچھتانے کا حال جو عمر بھر برے کاموں میں لگے رہے اور اوپر کی حدیثوں سے مال واولاد کا دنیا میں چھوڑ جانے اور نیک عمل کا مرنے کے بعد کام آنے کا حال اچھی طرح سمجھ میں آجاتا ہے۔ 1 ؎ الترغیب دالترہیب ص 237 ج 2 باب الزہدالخ۔ 2 ؎ مشکوٰۃ ص 142 باب مایقال عند من حضرہ الموت فصل ثالث۔
Top