Al-Quran-al-Kareem - Al-Muminoon : 10
اُولٰٓئِكَ هُمُ الْوٰرِثُوْنَۙ
اُولٰٓئِكَ : یہی لوگ هُمُ : وہ الْوٰرِثُوْنَ : وارث (جمع)
یہی لوگ ہیں جو وارث ہیں۔
اُولٰۗىِٕكَ هُمُ الْوٰرِثُوْنَ۔۔ : ان سات صفات کے مالک فردوس کے وارث ہوں گے۔ انھیں وارث کہنے کی تین وجہیں ہیں، ایک یہ کہ وراثت کسی چیز کے حق دار ہونے کا سب سے مضبوط سبب ہے، یعنی یہ لوگ جنت کے سب سے زیادہ مستحق ہیں۔ دوسری وجہ یہ کہ جنت ان کے والد مکرم آدم ؑ کی ملکیت تھی، جب وہ وہاں سے نکلے تو ان کی اولاد جو یہ اعمال کرے گی اپنے والد کی جائداد کی وارث ہوگی۔ تیسری وجہ حدیث میں آئی ہے، ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : (مَا مِنْکُمْ مِنْ أَحَدٍ إِلَّا لَہُ مَنْزِلَانِ ، مَنْزِلٌ فِي الْجَنَّۃِ ، وَ مَنْزِلٌ فِي النَّارِ ، فَإِذَا مَاتَ ، فَدَخَلَ النَّارَ ، وَرِثَ أَھْلُ الْجَنَّۃِ مَنْزِلَہُ ، فَذٰلِکَ قَوْلُہُ تَعَالٰی : (ۘاُولٰۗىِٕكَ هُمُ الْوٰرِثُوْنَ) [ ابن ماجہ، الزھد، باب صفۃ الجنۃ : 4341۔ صححہ الألباني في سلسلۃ الأحادیث الصحیحۃ : 2279 ] ”تم میں سے ہر ایک کے لیے دو گھر ہیں، ایک گھر جنت میں اور ایک گھر آگ میں۔ پھر اگر کوئی فوت ہوجائے اور آگ میں چلا جائے تو جنت والے اس کے گھر کے وارث بن جاتے ہیں، سو یہی مطلب ہے اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کا : (ۘاُولٰۗىِٕكَ هُمُ الْوٰرِثُوْنَ)۔“ ”الْفِرْدَوْسَ“ لغت میں وسیع باغ کو کہتے ہیں، جس میں کئی قسم کے باغات ہوں، جن میں ہر طرح کے پھل دار درخت خصوصاً انگور اور خوشبو دار پھول کثرت سے ہوں۔ قرآن میں مذکور فردوس کی تفسیر رسول اللہ ﷺ سے آئی ہے، ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : (فَإِذَا سَأَلْتُمُ اللّٰہَ فَاسْأَلُوْہُ الْفِرْدَوْسَ فَإِنَّہُ أَوْسَطُ الْجَنَّۃِ وَ أَعْلَی الْجَنَّۃِ ، أُرَاہُ قَالَ : وَ فَوْقَہُ عَرْشُ الرَّحْمٰنِ وَ مِنْہُ تَفَجَّرُ أَنْھَارُ الْجَنَّۃِ) [ بخاري، الجہاد والسیر، باب درجات المجاہدین۔۔ : 2790 ] ”جب تم اللہ سے مانگو تو فردوس مانگو، کیونکہ وہ جنت کا اوسط اور جنت کا اعلیٰ (سب سے بلند) حصہ ہے۔“ راوی حدیث کہتا ہے کہ میں سمجھتا ہوں پھر یوں فرمایا : ”اور اس کے اوپر رحمٰن کا عرش ہے اور اسی سے جنت کی نہریں نکلتی ہیں۔“ اوسط کا معنی افضل بھی ہے اور سب سے درمیان بھی۔ شاید درمیان سے مراد یہ ہو کہ وہ طول و عرض کے لحاظ سے جنت کے عین درمیان ہے اور بلندی کے لحاظ سے جنت کی سب سے بلند منزل ہے۔
Top