Al-Quran-al-Kareem - Ash-Shu'araa : 23
قَالَ فِرْعَوْنُ وَ مَا رَبُّ الْعٰلَمِیْنَؕ
قَالَ فِرْعَوْنُ : فرعون نے کہا وَمَا : اور کیا ہے رَبُّ : رب الْعٰلَمِيْنَ : سارے جہان
فرعون نے کہا اور رب العالمین کیا چیز ہے ؟
قَالَ فِرْعَوْنُ وَمَا رَبُّ الْعٰلَمِيْنَ : فرعون نے جب دیکھا کہ وہ موسیٰ ؑ کو خوف زدہ نہیں کرسکا اور وہ کسی صورت توحید کی دعوت سے اور بنی اسرائیل کی آزادی کے مطالبے سے باز آنے والے نہیں تو وہ مجادلے پر اتر آیا۔ عموماً مناظرے کا کامیاب اسلوب یہ سمجھا جاتا ہے کہ مدّ مقابل کو سوالات میں الجھا دیا جائے۔ تو اس کے مطابق اس نے کہا : (وَمَا رَبُّ الْعٰلَمِيْنَ) ”اور رب العالمین کیا ہے ؟“ واؤ عطف اس لیے ہے کہ اس سے پہلے وہ ایک سوال کرچکا تھا : (اَلَمْ نُرَبِّكَ فِيْنَا وَلِيْدًا) یہ اس پر عطف ہے۔ یہاں مفسرین عام طور پر لکھتے ہیں کہ ”مَا“ کے ساتھ کسی چیز کی حقیقت کے متعلق سوال ہوتا ہے، چونکہ مخلوق خالق کی حقیقت کا ادراک کر ہی نہیں سکتی، اس لیے موسیٰ ؑ نے اللہ تعالیٰ کی ربوبیت کے آثار کو اس کے تعارف کے لیے پیش فرمایا۔ ابن عاشور نے فرمایا، لفظ ”مَا“ کے ساتھ سوال ہو تو ”مَا“ کے بعد والی چیز کی وہ حقیقت معلوم کرنا مقصود ہوتی ہے جس سے وہ دوسری چیزوں سے الگ ہوجائے۔ اس لیے کسی کی قوم یا قبیلہ معلوم کرنا ہو تو ”مَا“ کے ساتھ سوال ہوتا ہے، جیسا کہ فارس کے ساتھ ایک جنگ میں کسریٰ کے جرنیل کی مغیرہ بن شعبہ ؓ سے گفتگو ہوئی تو اس نے پوچھا : (مَا أَنْتُمْ ؟) ”تم کیا ہو ؟“ تو انھوں نے فرمایا : (نَحْنُ أُنَاسٌ مِنَ الْعَرَبِ) [ بخاري، الجزیۃ، باب الجزیۃ والموادعۃ۔۔ : 3159 ] ”ہم عرب کے کچھ لوگ ہیں۔“ 3 قبطیوں کے ہاں کئی معبودوں کی پرستش ہوتی تھی، مشرکین کا علم الاصنام سراسر باطل ہونے کی وجہ سے نہایت پُر پیچ اور ناقابل فہم ہوتا ہے۔ فرعون کی سلطنت میں کئی معبودوں کی پرستش ہوتی تھی، فرعون بھی ان کی خدائی کو مانتا تھا۔ (دیکھیے اعراف : 127) اس کے باوجود وہ ان تمام معبودوں کا نمائندہ بن کر اپنے آپ کو رب اعلیٰ کہتا اور کہلواتا تھا، جیسا کہ فرمایا : (فَحَشَرَ فَنَادٰى فَقَالَ اَنَا رَبُّكُمُ الْاَعْلٰى) [ النازعات : 23، 24 ] ”پھر اس نے اکٹھا کیا، پس پکارا۔ پس اس نے کہا میں تمہارا سب سے اونچا رب ہوں۔“ کبھی یہ کہتا : (يٰٓاَيُّهَا الْمَلَاُ مَا عَلِمْتُ لَكُمْ مِّنْ اِلٰهٍ غَيْرِيْ) [ القصص : 38 ] ”اے سردارو ! میں نے اپنے سوا تمہارے لیے کوئی معبود نہیں جانا۔“ بظاہر اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ”رب العالمین“ کو نہیں جانتا تھا، اس لیے اس نے پوچھا : (وَمَا رَبُّ الْعٰلَمِيْنَ) مگر حقیقت یہ ہے کہ وہ ”رب العالمین“ کو اچھی طرح جانتا تھا، جیسا کہ موسیٰ ؑ نے اسے فرمایا تھا : (لَقَدْ عَلِمْتَ مَآ اَنْزَلَ هٰٓؤُلَاۗءِ اِلَّا رَبُّ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ بَصَاۗىِٕرَ ۚ) [ بني إسرائیل : 102 ] ”بلاشبہ یقیناً تو جان چکا ہے کہ انھیں آسمانوں اور زمین کے رب کے سوا کسی نے نہیں اتارا، اس حال میں کہ واضح دلائل ہیں۔“ اور اللہ تعالیٰ نے اس کے اور اس کی قوم کے متعلق شہادت دی ہے، فرمایا : (وَجَحَدُوْا بِهَا وَاسْتَيْقَنَتْهَآ اَنْفُسُهُمْ ظُلْمًا وَّعُلُوًّا) [ النمل : 14] ”اور انھوں نے ظلم اور تکبر کی وجہ سے ان کا انکار کردیا، حالانکہ ان کے دل ان کا اچھی طرح یقین کرچکے تھے۔“ معلوم ہوا اس کا سوال ”وَمَا رَبُّ الْعٰلَمِيْنَ“ تجاہل عارفانہ تھا، وہ جاننے کے باوجود ماننے کے لیے تیار نہیں تھا۔ سورة طٰہٰ میں اس کا سوال یہ نقل ہوا ہے : (فَمَنْ رَّبُّكُمَا يٰمُوْسٰى) [ طٰہٰ : 49 ] ”تو تم دونوں کا رب کون ہے اے موسیٰ ! ؟“
Top