Al-Quran-al-Kareem - Az-Zumar : 17
وَ الَّذِیْنَ اجْتَنَبُوا الطَّاغُوْتَ اَنْ یَّعْبُدُوْهَا وَ اَنَابُوْۤا اِلَى اللّٰهِ لَهُمُ الْبُشْرٰى١ۚ فَبَشِّرْ عِبَادِۙ
وَالَّذِيْنَ : اور جو لوگ اجْتَنَبُوا : بچتے رہے الطَّاغُوْتَ : سرکش (شیطان) اَنْ : کہ يَّعْبُدُوْهَا : اس کی پرستش کریں وَاَنَابُوْٓا : اور انہوں نے رجوع کیا اِلَى اللّٰهِ : اللہ کی طرف لَهُمُ : ان کے لیے الْبُشْرٰى ۚ : خوشخبری فَبَشِّرْ : سو خوشخبری دیں عِبَادِ : میرے بندوں
اور وہ لوگ جنھوں نے طا غوت سے اجتناب کیا کہ اس کی عبادت کریں اور اللہ کی طرف رجوع کیا انھی کے لیے خوشخبری ہے، سو میرے بندوں کو بشارت دے دے۔
وَالَّذِيْنَ اجْتَنَبُوا الطَّاغُوْتَ۔ :”الطَّاغُوْتَ“ کی لغوی تشریح کے لیے دیکھیے سورة بقرہ کی آیت (256)۔ استاذ محمد عبدہ لکھتے ہیں، اصل میں لفظ ”الطَّاغُوْتَ“ (بروزن فَعْلُوْتٌ لَا فَاعُوْلٌ أَصْلُہُ طَغْیُوْتٌ أَوْ طَغْوُوْتٌ) ”طُغْیَانٌ“ سے مشتق ہے، لہٰذا اس سے مراد شیطان بھی ہے اور بت بھی اور ہر وہ انسان بھی جو بندگی کی حد سے نکل کر اپنے آپ کو خدائی کے مقام پر رکھتا ہو۔ اس کی عبادت سے مراد محض اسے سجدہ کرنا نہیں بلکہ اسے مستقل بالذات آمر ومطاع سمجھتے ہوئے اس کے احکام کی بجاآوری بھی ہے۔ جوہری لکھتے ہیں : ”اَلطَّاغُوْتُ الْکَاھِنُ وَالشَّیْطَانُ وَ کُلُّ رَأْسٍ فِي الضَّلَالِ“ کہ اس سے مراد شیطان، کاہن اور ہر وہ چیز ہے جو گمراہی کا منبع بنے۔ امام راغب کہتے ہیں : ”ھُوَ عِبَارَۃٌ عَنْ کُلِّ مَعْبُوْدٍ مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ“ کہ وہ ہر اس چیز سے عبارت ہے جس کی اللہ کے سوا عبادت کی جائے۔ (روح) (اشرف الحواشی) 3 معلوم ہوا توحید کے لیے صرف اللہ کی عبادت کافی نہیں، بلکہ طاغوت سے کنارا کشی بھی لازم ہے، اس لیے کلمہ توحید ”لَا اِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ“ میں پہلے تمام الٰہوں کی نفی ہے، پھر ایک اللہ کی عبادت کا اثبات ہے۔ لَهُمُ الْبُشْرٰى : اس کی تفسیر کے لیے دیکھیے سورة یونس کی آیت (64)۔ لَهُمُ الْبُشْرٰى: ”عباد“ اصل میں ”عِبَادِيْ“ ہے، آیات کے فواصل کی مناسبت کے لیے یاء کو حذف کر کے دال پر کسرہ باقی رکھا گیا ہے اور ترجمہ ”میرے بندوں کو“ کیا گیا ہے۔
Top