Anwar-ul-Bayan - Al-Hijr : 22
وَ اَرْسَلْنَا الرِّیٰحَ لَوَاقِحَ فَاَنْزَلْنَا مِنَ السَّمَآءِ مَآءً فَاَسْقَیْنٰكُمُوْهُ١ۚ وَ مَاۤ اَنْتُمْ لَهٗ بِخٰزِنِیْنَ
وَاَرْسَلْنَا : اور ہم نے بھیجیں الرِّيٰحَ : ہوائیں لَوَاقِحَ : بھری ہوئی فَاَنْزَلْنَا : پھر ہم نے اتارا مِنَ : سے السَّمَآءِ : آسمان مَآءً : پانی فَاَسْقَيْنٰكُمُوْهُ : پھر ہم نے وہ تمہیں پلایا وَمَآ : اور نہیں اَنْتُمْ : تم لَهٗ : اس کے بِخٰزِنِيْنَ : خزانہ کرنے والے
اور ہم نے ہواؤں کو بھیج دیا جو بادلوں کو پانی سے بھر دیتی ہیں پھر ہم نے آسمان سے پانی اتارا پھر ہم نے تمہیں وہ پانی پلایا تم اتنا پانی جمع کرنے والے نہیں ہو
ہوائیں بادلوں کو پانی سے بھر دیتی ہیں پھر فرمایا (وَ اَرْسَلْنَا الرِّیٰحَ لَوَاقِحَ ) (اور ہم نے ہواؤں کو بھیج دیا جو بادل کو پانی سے بھرنے والی ہیں) (فَاَنْزَلْنَا مِنَ السَّمَآءِ مَآءً ) (پھر ہم نے آسمانوں سے پانی اتارا) (فَاَسْقَیْنٰکُمُوْہُ ) (پھر ہم نے وہ پانی تمہیں پلا دیا) اس میں بارش برسانے کا انعام بتایا ہے، ہوائیں چلتی ہیں پانی سے بھرے ہوئے بادلوں کو لے آتی ہیں پھر جہاں اللہ تعالیٰ کی مشیت ہوتی ہے وہاں بادل پانی برسا دیتا ہے اس سے انسان مویشی باغ اور کھیت سیراب ہوتے ہیں (وَ مَآ اَنْتُمْ لَہٗ بِخٰزِنِیْنَ ) (اور تم اس پانی کو جمع کرنے والے نہیں ہو) تمہیں کوئی قدرت نہیں کہ پانی کو پیدا کرو یا ہواؤں سے کام لو یا بادل پر قابو کرو پانی پیدا فرمانا ہواؤں کے ذریعے بادلوں کو بھیجنا پھر بادلوں کا برسانا یہ سب اللہ تعالیٰ کی قدرت اور مشیت اور حکمت سے ہے اس نے اپنے خزانوں میں سے پانی بھیجا اور بار بار بھیجتا ہے اور اس کے برسائے ہوئے پانی میں سے اگر جمع کرلو تو بقدر ضرورت جمع نہیں کرسکتے اگر جمع کر بھی لیا تو وہ تھوڑے ہی دن چلے گا پھر اسی سے مانگو گے اور دعاؤں کے لیے ہاتھ پھیلاؤ گے۔
Top