Anwar-ul-Bayan - Al-Hajj : 77
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا ارْكَعُوْا وَ اسْجُدُوْا وَ اعْبُدُوْا رَبَّكُمْ وَ افْعَلُوا الْخَیْرَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَۚ۩  ۞
يٰٓاَيُّهَا : اے الَّذِيْنَ اٰمَنُوا : وہ لوگ جو ایمان لائے ارْكَعُوْا : تم رکوع کرو وَاسْجُدُوْا : اور سجدہ کرو وَاعْبُدُوْا : اور عبادت کرو رَبَّكُمْ : اپنا رب وَافْعَلُوا : اور کرو الْخَيْرَ : اچھے کام لَعَلَّكُمْ : تاکہ تم تُفْلِحُوْنَ : فلاح (دوجہان میں کامیابی) پاؤ
اے ایمان والو رکوع کرو اور سجدہ کرو اور اپنے رب کی عبادت کرو اور خیر کے کام کرو تاکہ تم کامیاب ہوجاؤ۔
(یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا ارْکَعُوْا وَ اسْجُدُوْا) (اے ایمان والو رکوع کرو اور سجدہ کرو) یعنی نماز پڑھو نماز میں کیونکہ رکوع سجدہ دو بڑے رکن ہے اس لیے ان کا خصوصی حکم دیا جس میں پوری نماز پڑھنے کا حکم آگیا (وَ اعْبُدُوْا رَبَّکُمْ ) (اور اپنے رب کی عبادت کرو) نماز کے علاوہ جو دیگر عبادات ہیں یہ حکم ان سب عبادات کو شامل ہوگیا (وَ افْعَلُوا الْخَیْرَ ) (اور خیر کے کام کرو) اس کا عموم تمام نیک اعمال کو شامل ہے اور جانی عبادات اور فرائض واجبات، مکارم اخلاق، محاسن افعال، محاسن آداب، انفرادی اور اجتماعی زندگی کے احکام سب کو حکم شامل ہے (لَعَلَّکُمْ تُفْلِحُوْنَ ) (تاکہ تم کامیاب ہوجاؤ) یعنی تمام مامورات پر عمل کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے کامیابی کی امید رکھو۔ حضرت امام شافعی (رح) کے نزدیک یہ سجدہ کی آیت ہے اور امام ابوحنیفہ و امام مالک ; کے نزدیک اس آیت پر سجدہ تلاوت نہیں ہے فریقین کے دلائل شروح حدیث و شروح فقہ میں مذکور ہیں۔
Top