Anwar-ul-Bayan - Aal-i-Imraan : 47
قَالَتْ رَبِّ اَنّٰى یَكُوْنُ لِیْ وَلَدٌ وَّ لَمْ یَمْسَسْنِیْ بَشَرٌ١ؕ قَالَ كَذٰلِكِ اللّٰهُ یَخْلُقُ مَا یَشَآءُ١ؕ اِذَا قَضٰۤى اَمْرًا فَاِنَّمَا یَقُوْلُ لَهٗ كُنْ فَیَكُوْنُ
قَالَتْ : وہ بولی رَبِّ : اے میرے رب اَنّٰى : کیسے يَكُوْنُ لِيْ : ہوگا میرے ہاں وَلَدٌ : بیٹا وَّلَمْ : اور نہیں يَمْسَسْنِىْ : ہاتھ لگایا مجھے بَشَرٌ : کوئی مرد قَالَ : اس نے کہا كَذٰلِكِ : اسی طرح اللّٰهُ : اللہ يَخْلُقُ : پیدا کرتا ہے مَا يَشَآءُ : جو وہ چاہتا ہے اِذَا : جب قَضٰٓى : وہ ارادہ کرتا ہے اَمْرًا : کوئی کام فَاِنَّمَا : تو يَقُوْلُ : وہ کہتا ہے لَهٗ : اس کو كُنْ : ہوجا فَيَكُوْنُ : سو وہ ہوجاتا ہے
وہ کہنے لگیں کہ اے میرے رب میرے لڑکا کس طرح ہوگا حالانکہ مجھے کسی بشر نے ہاتھ نہیں لگایا فرمایا اللہ اسی طرح پیدا فرماتا ہے جو چاہتا ہے۔ جب وہ کسی امر کا فیصلہ فرما دے تو فرما دیتا ہے کہ ہوجا سو وہ ہوجاتا ہے۔
بغیر باپ کے حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کی پیدائش : حضرت مریم [ کو جو فرشتوں نے بشارت دی اس بشارت کو سن کر انہیں تعجب ہوا اور کہنے لگیں (رَبِّ اَنّٰی یَکُوْنُ لِیْ وَلَدٌ وَّ لَمْ یَمْسَسْنِیْ بَشَرٌ) (مریم عرض کرنے لگیں کہ اے میرے رب ! میرے لڑکا کہاں سے ہوگا حال یہ ہے کہ مجھے کسی بھی بشرنے چھوا تک نہیں) سورة مریم میں یہ بھی ہے کہ حضرت مریم نے عرض کیا (وَ لَمْ اَکُ بَغِیًّا) اور نہ میں بدکار ہوں۔ اللہ تعالیٰ شانہٗ نے فرمایا (کَذٰلِکَ اللّٰہُ یَخْلُقُ مَا یَشَآءُ ) اللہ تعالیٰ اسی طرح پیدا فرماتا ہے جو کچھ چاہتا ہے۔ خلاصہ یہ ہے کہ حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) بغیر باپ کے پیدا ہوئے انسانوں کی پیدائش عادۃً جس طرح ہوتی ہے چونکہ ان کی پیدائش اس کے خلاف تھی اس لیے لوگوں کو تعجب ہوا حالانکہ اللہ تعالیٰ کے لیے کوئی بھی مشکل نہیں ہے کہ بغیر باپ کے پیدا فرما دے (اِذَا قَضآی اَمْرًا فَاِنَّمَایَقُوْلُ لَہٗ کُنْ فَیَکُوْن) وہ جب کسی چیز کے وجود میں لانے کا فیصلہ فرمائے تو کن (ہو جا) فرما دیتا ہے۔ پس وہ چیز وجود میں آجاتی ہے۔ قادر مطلق جل مجدہٗ نے بغیر باپ کے حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کو پیدا فرما دیا اور اپنی کتاب قرآن حکیم میں بتادیا لیکن یہود و نصاریٰ کی تقلید میں بعض لوگ قرآن کو جھٹلاتے ہیں اور حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کے لیے یوسف نجار کو باپ تجویز کرتے ہیں اور ان کو اپنے کفر یہ عقیدہ پر اصرار ہے۔ (اَعَاذَنَا اللّٰہُ مِنْھُمْ )
Top