Anwar-ul-Bayan - Faatir : 14
اِنْ تَدْعُوْهُمْ لَا یَسْمَعُوْا دُعَآءَكُمْ١ۚ وَ لَوْ سَمِعُوْا مَا اسْتَجَابُوْا لَكُمْ١ؕ وَ یَوْمَ الْقِیٰمَةِ یَكْفُرُوْنَ بِشِرْكِكُمْ١ؕ وَ لَا یُنَبِّئُكَ مِثْلُ خَبِیْرٍ۠   ۧ
اِنْ : اگر تَدْعُوْهُمْ : تم ان کو پکارو لَا يَسْمَعُوْا : وہ نہیں سنیں گے دُعَآءَكُمْ ۚ : تمہاری پکار (دعا) وَلَوْ : اور اگر سَمِعُوْا : وہ سن لیں مَا اسْتَجَابُوْا : وہ حاجت پوری نہ کرسکیں گے لَكُمْ ۭ : تمہاری وَيَوْمَ الْقِيٰمَةِ : اور روز قیامت يَكْفُرُوْنَ : وہ انکار کریں گے بِشِرْكِكُمْ ۭ : تمہارے شرک کرنے کا وَلَا يُنَبِّئُكَ : اور تجھ کو خبر نہ دے گا مِثْلُ : مانند خَبِيْرٍ : خبر دینے والا
اگر تم ان کو پکارو تو تمہاری پکار نہیں سنیں گے اور اگر وہ سن لیں تو تمہاری بات نہ مانیں گے اور قیامت کے دن وہ تمہارے شرک سے منکر ہوجائیں گے اور خبر رکھنے والے کے برابر تجھے کوئی نہیں بتاسکتا۔
(اِنْ تَدْعُوْھُمْ لَا یَسْمَعُوْا دُعَآءَ کُمْ ) (جن لوگوں کی اللہ تعالیٰ کے علاوہ تم عبادت کرتے ہو ان کی بےبسی اور عاجزی کا یہ حال ہے کہ اگر تم ان کو پکارو تو وہ تمہاری پکار سن بھی نہ سکیں گے) (وَلَوْ سَمِعُوْا مَا اسْتَجَابُوْا لَکُمْ ) (اور اگر بالفرض تمہاری بات سن بھی لیں تو تمہاری بات نہ مانیں) یعنی تمہاری پکار تمہارے کچھ بھی کام نہ آئی، نہ جواب میں ہاں کہیں نہ اسی وقت کوئی مدد کرسکیں نہ بعد میں (یہ تو رہی دنیا کی حالت اور) رہا آخرت کا معاملہ سو سمجھ لو کہ تم نے جو ان کی مدد کا خیال جما رکھا ہے یہ خیال غلط ہے، وہ تو وہاں تم سے بیزار ہوجائیں گے اور تم جو انہیں اللہ کا شریک بناتے ہو اس کے وہ منکر ہوجائیں گے۔ اسی کو یہاں فرمایا (وَیَوْمَ الْقِیٰمَۃِ یَکْفُرُوْنَ بِشِرْکِکُمْ ) (اور قیامت کے دن وہ تمہارے شرک سے منکر ہوجائیں گے۔ ) سورة النحل میں فرمایا ہے (وَاِذَا رَاَ الَّذِیْنَ اَشْرَکُوْا شُرَکَآءَ ھُمْ قَالُوْا رَبَّنَا ھآؤُلَآءِ شُرَکَآؤُنَا الَّذِیْنَ کُنَّا نَدْعُوْا مِنْ دُوْنِکَ فَاَلْقَوْا اِلَیْھِمُ الْقَوْلَ اِنَّکُمْ لَکٰذِبُوْنَ ) (اور جب مشرک لوگ اپنے شریکوں کو دیکھیں گے تو کہیں گے کہ اے ہمارے پروردگار ! یہ ہمارے شریک ہیں، آپ کو چھوڑ کر ہم ان کی پوجا کرتے ہیں سو وہ ان کی طرف کلام کو متوجہ کریں گے کہ تم جھوٹے ہو۔ ) (وَلَا یُنَبِّءُکَ مِثْلُ خَبِیْرٍ ) (اور اے مخاطب تجھے خبر رکھنے والے کے برابر کوئی نہیں بتائے گا) علیم وخبیر جل مجدہٗ نے تجھے بتایا ہے جسے سب کچھ علم ہے اس نے جو کچھ بتایا ہے اس کو مان لے اسی میں تیرا بھلا ہے۔
Top