Anwar-ul-Bayan - Faatir : 3
یٰۤاَیُّهَا النَّاسُ اذْكُرُوْا نِعْمَتَ اللّٰهِ عَلَیْكُمْ١ؕ هَلْ مِنْ خَالِقٍ غَیْرُ اللّٰهِ یَرْزُقُكُمْ مِّنَ السَّمَآءِ وَ الْاَرْضِ١ؕ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ١ۖ٘ فَاَنّٰى تُؤْفَكُوْنَ
يٰٓاَيُّهَا النَّاسُ : اے لوگو اذْكُرُوْا : تم یاد کرو نِعْمَتَ اللّٰهِ : اللہ کی نعمت عَلَيْكُمْ ۭ : اپنے اوپر هَلْ : کیا مِنْ خَالِقٍ : کوئی پیدا کرنے والا غَيْرُ اللّٰهِ : اللہ کے سوا يَرْزُقُكُمْ : وہ تمہیں رزق دیتا ہے مِّنَ السَّمَآءِ : آسمان سے وَالْاَرْضِ ۭ : اور زمین لَآ : نہیں اِلٰهَ : کوئی معبود اِلَّا هُوَ ڮ : اس کے سوا فَاَنّٰى : تو کہاں تُؤْفَكُوْنَ : الٹے پھرے جاتے ہو تم
اے لوگو ! اللہ کی نعمت کو یاد کرو جو تم پر ہے، کیا اللہ کے سوا کوئی پیدا کرنے والا ہے جو تمہیں آسمان و زمین سے رزق عطا فرماتا ہے، اس کے علاوہ کوئی معبود نہیں، سو تم کہاں الٹے جا رہے ہو۔
پھر فرمایا کہ اے لوگو ! اللہ تعالیٰ نے تم پر جو انعام فرمایا ہے اور جو نعمتیں دی ہیں ان کو یاد کرو، نعمتوں کو یاد کرنے میں ان کا شکر ادا کرنا بھی شامل ہے، جب نعمتوں کو یاد کریں گے اور غور کریں گے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں فلاں فلاں نعمتیں دی ہیں، جان بھی دی اولاد بھی عنایت فرمائی، مال بھی دیا اور حسن و جمال بھی، علمی و عملی کمال بھی، اور جاہ و اقتدار بھی، تو اللہ تعالیٰ کی شکر گزاری کی طرف طبیعت چلے گی اور اللہ تعالیٰ کی عبادت کی طرف ذہن، دل اور دماغ متوجہ ہوگا۔ یہ بھی فرمایا کہ تم غور کرلو کیا اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی اور پیدا کرنے والا ہے جو تمہیں آسمان و زمین سے رزق دیتا ہو، غور کرو گے تو سمجھ میں آجائے گا اور یقینی طور پر یہ بات دل میں بیٹھ جائے گی اور اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی بھی پیدا کرنے والا نہیں ہے اور اس کے علاوہ کوئی بھی نہیں ہے جو تمہیں آسمان اور زمین سے رزق دیتا ہو، اللہ تعالیٰ ہی آسمان سے بارش برساتا ہے۔ اور زمین میں اس نے غلے میوے اور کھانے پینے کی بہت سی چیزیں پیدا فرمائی ہیں، یہ سب چیزیں اس بات کو ظاہر کرتی ہیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے، جب اس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے تو کہاں الٹے پھرے جا رہے ہو کہ اللہ کو چھوڑ کر دوسروں کو معبود بنا رکھا ہے۔ اثبات توحید کے بعد رسول اللہ ﷺ کو تسلی دی کہ آپ کے مخالفین آپ کو جھٹلاتے ہیں تو آپ رنجیدہ نہ ہوں، آپ نے اپنا کام پورا کرلیا حجت تمام کردی، آپ سے پہلے بھی انبیاء کرام (علیہ السلام) کو جھٹلایا گیا انہوں نے صبر کیا آپ بھی صبر کیجیے سب امور اللہ تعالیٰ کی طرف راجع ہوں گے اور کافرین و منکرین کو عذاب دے گا۔
Top