Anwar-ul-Bayan - Al-An'aam : 162
قُلْ اِنَّ صَلَاتِیْ وَ نُسُكِیْ وَ مَحْیَایَ وَ مَمَاتِیْ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَۙ
قُلْ : آپ کہ دیں اِنَّ : بیشک صَلَاتِيْ : میری نماز وَنُسُكِيْ : میری قربانی وَمَحْيَايَ : اور میرا جینا وَمَمَاتِيْ : اور میرا مرنا لِلّٰهِ : اللہ کے لیے رَبِّ : رب الْعٰلَمِيْنَ : سارے جہان
آپ فرما دیجیے کہ بلاشبہ میری نماز اور میری سب عبادتیں اور میرا جینا اور میرا مرنا سب اللہ ہی کے لیے ہے
میری سب عبادتیں اور مرنا جینا سب اللہ ہی کے لیے ہے مشرکین کی تردید فرمانے کے بعد اللہ جل شانہٗ نے نبی اکرم ﷺ کو خطاب فرمایا کہ آپ اپنے بارے میں ان لوگوں کو بتادیں کہ میرے رب نے مجھے ہدایت دی ہے سیدھا راستہ بتادیا ہے اور مجھے اسی پر چلا دیا ہے۔ یہ سیدھا راستہ ہے مضبوط دین ہے مستحکم ملت ہے اور ایسی ملت پر ابراہیم (علیہ السلام) بھی تھے وہ تمام دینوں سے کٹ کر توحید ہی کو اختیار کیے ہوئے تھے اور توحید ہی کی دعوت دیتے تھے (اس میں مشرکین پر تعریض ہے کیونکہ وہ بھی ملت ابراہیم کے دعویدار تھے لیکن شرک میں غرق تھے۔ حالانکہ ابراہیم (علیہ السلام) موحد تھے۔ مشرک نہیں تھے) ۔ اس کے بعد اس ہدایت کی تفصیل بیان فرمائی جس سے اللہ تعالیٰ نے خاتم النّبیین ﷺ کو نوازا ہے اور فرمایا۔ (قُلْ اِنَّ صَلَاتِیْ وَ نُسُکِیْ وَ مَحْیَایَ وَ مَمَاتِیْ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ ۔ لَاشَرِیْکَ لَہٗ ) (کہ آپ یہ بھی فرما دیجیے کہ بلاشبہ میری نماز اور میری دوسری تمام عبادتیں اور میرا جینا اور میرا مرنا سب اللہ ہی کے لیے ہے جو رب العالمین ہے اس کا کوئی شریک نہیں۔ اس میں دو باتیں بتائی گئیں۔ اول یہ کہ ہر کام اللہ کی رضا کے لیے ہونا چاہیے دوم یہ کہ مومن کی زندگی بھی قیمتی ہے اور موت بھی قیمتی ہے۔ اللہ ہی کے لیے جئے اور اللہ ہی کے لیے مرے پوری زندگی اللہ کے احکام کی پابندی میں گزارے اور فرائض و واجبات کے علاوہ بھی انہیں کاموں میں لگائے جن سے اللہ کا قرب حاصل ہوتا ہے۔ اور جب مرنے لگے تو ایمان ہی پر مرے اس کی یہ موت قیمتی ہوجائے گی کیونکہ موت ہی اخروی نعمتوں کے درمیان حائل ہے۔ جب مومن بندہ موت کے پل سے پار ہوجائے اس کے لیے خیر ہی خیر ہے۔ اگر عام مومنانہ زندگی گزارتے ہوئے کسی جہاد شرعی میں شریک ہوگیا اور دشمنان دین کے ہاتھوں شہید ہوگیا تو شہادت کی وجہ سے اس کی موت اور زیادہ قیمتی ہوجائے گی۔ ہر مومن بندہ اپنی موت زندگی کو قیمتی اور سمجھے اپنے مقام کو پہچانے اور قیمتی زندگی کو ضائع نہ کرے۔ مومن اپنا سب کچھ جان اور مال اوقات حیات اور اپنی موت اللہ ہی کی رضا کے لیے خرچ کرے کیونکہ (اللہ رب العالمین ہے پروردگار ہے اس کا حق اس سے بہت زیادہ ہے کہ تھوڑی سی زندگی اس کی راہ میں خرچ ہوجائے۔ )
Top